حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…محرم الحرام کا چاند نظر آگیا ہے جس کے ساتھ ہی نئے اسلامی سال ۱۴۴۵ ہجری کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔ برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک میں ۱۸؍جولائی کی شام کو نئے سال کا اغاز ہوا جبکہ سعودی عرب سمیت متعدد ممالک میں ۱۹؍جولائی کو نئے سال کا آغاز ہوا۔

٭…اسرائیل میں ڈاکٹرز نے مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کے رہائشی بارہ سالہ فلسطینی لڑکے سلیمان حسن کا سر دوبارہ سپائنل کورڈ سے جوڑ کر اس کی جان بچالی۔ سلیمان کا سر اس وقت سپائنل کورڈ سے جدا ہو گیا تھا جب وہ اپنی موٹر سائیکل پر سفر کرر ہا تھا کہ ایک کار نے اسے ٹکر مار دی۔ سلیمان کو ایئر لفٹ کرتے ہوئے ہادثا این کیریم ٹراما یونٹ یروشلم پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم نے فوری طور پر اس کی سرجری شروع کی تھی۔

٭…سویڈن میں شامی نژاد سویڈش شہری احمد الوش نے توریت اور بائبل نذرِ آتش کرکے احتجاج کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔ احمد الوش کا کہنا ہے کہ احتجاج کا مقصد قرآن پاک کی بےحرمتی کرنے والوں کو پیغام دینا تھا کہ آزادیٔ اظہار کی حدود ہوتی ہیں۔ احتجاج کا مقصد قرآن پاک کی بےحرمتی کرنے کے خلاف آواز اٹھانا تھا اور قرآن پاک کی بےحرمتی کرنے والوں کو بتانا تھا کہ ایک معاشرے میں رہنے والوں کو ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنا چاہیے۔ سویڈن نے مسلم نوجوان کو اسرائیلی سفارت خانے کےسامنے توریت اور انجیل نذر آتش کرنے کی اجازت دی تھی جس کی اسرائیل نے مذمت کی تھی۔ یاد رہے کہ ۲۸؍جون کو سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم کی مسجد کے باہر قرآن پاک کی بےحرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

٭…سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے مذمت کی ہے اور بیان میں کہا ہے کہ اس ’ذلت آمیز فعل‘ کی مکمل مذمت کرتا ہوں، کسی بھی سانحے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ سویڈن میں اس ذلت آمیز حرکت کے سامنے خاموش نہیں رہ سکتے، مذہبی کتابوں کو نذرِ آتش کرنا اور مقدس مقامات کو نشانہ بنانا سنگین ہے۔ عالمی برادری ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری توجہ اور مشترکہ کوششیں کرے۔ مذہبی رواداری، نفرت اور پُر تشدد کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

٭…کویت نے سویڈش زبان میں قرآن کریم کے ترجمے والے ایک لاکھ نسخوں کی اشاعت کا اعلان کردیا۔ کویتی وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح نے متعلقہ اتھارٹی کو نسخوں کی اشاعت کی ہدایت دے دی ہے۔ کویتی وزیر اعظم کا یہ فیصلہ اسلام کی رواداری اور تمام لوگوں کے درمیان اسلامی اقدار اور بقائے باہمی کو پھیلانے کے مقصد کے تحت کیا گیا ہے۔

٭…امریکہ کے کئی علاقوں میں گرمی خطرناک حد تک پہنچ جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ فلوریڈا سے لے کر کیلی فورنیا اور واشنگٹن تک، امریکہ کی تقریباً ایک تہائی آبادی کو شدید گرمی کی وارننگ جاری ہو چکی ہے۔ دنیا کے گرم ترین علاقوں میں سے ایک کیلی فورنیا کی موت کی وادی میں درجہ حرارت ۵۴؍ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

٭…جیمز ویب سپیس ٹیلیسکوپ نے سُپر سائز کا انتہائی قدیم بلیک ہول دریافت کر لیا۔ امریکی خلائی ادارے ناسا کے ماہرین کا خیال ہے کہ یہ بلیک ہول آج سے تیرہ ارب سال پہلے وجود میں آیا، یہ بلیک ہول ایک انتہائی عمر رسیدہ کہکشاں میں واقع ہے۔ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ کہکشاں بِگ بینگ کے ۵۷۰؍ملین سال بعد وجود میں آئی تھی۔ ناسا کے مطابق اس سُپر سائز بلیک ہول کا حجم ہمارے سورج سے نوّے لاکھ گنا زیادہ بڑا ہے۔

٭…سمندری طوفان تالم چین کے جنوبی علاقوں سے ٹکرا گیا۔ بیجنگ سے چینی میڈیا کے مطابق گوانگ ڈونگ صوبے کے ساحلی علاقوں میں ۱۳۶.۸؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں۔ صوبے گوانگ ڈونگ اور ہینان میں درجنوں پروازیں اور ٹرینیں منسوخ اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔

٭…امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں عسکری قوت مزید مضبوط کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں اضافی ایف 16 اور ایف 35 طیارے بھیجے جائیں گے۔ پینٹاگون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اضافی لڑاکا طیارے بحری جنگی جہاز کے ساتھ بھیجے جائیں گے۔ امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈکوارٹر کے مطابق امریکی عسکری قوت میں اضافہ آبنائے ہرمز اور اطراف کے علاقوں کی نگرانی کے لیے کیا جارہا ہے۔

٭…امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں تین سالہ بچے سے حادثاتی طور پر چلنے والی گولی اس کی ایک سالہ بہن کے سر پر لگ گئی۔ گھر پر غیر محفوظ جگہ پر موجود بندوق بچے کے ہاتھ لگ گئی تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی جس کے بعد بچی کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی موت کی تصدیق کردی گئی۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button