متفرق شعراء

الفضل منادی ہے دنیا میں محبت کا

الفضل منادی ہے دنیا میں محبت کا

بے مثل حوالہ ہے آدابِ صحافت کا

اُسلوبِ بیاں دل کش، انداز نرالا ہے

ہے ایک کرشمہ سا لفظوں کی کرامت کا

بھر پور معانی ہیں ہر لفظ کے پیکر میں

گویا کہ سمندر ہے افکار کی نُدرت کا

الفاظ کے پردے میں تصویر سی بنتی ہے

کیا خوب دکھاتا ہے یہ عکس حقیقت کا

روداد نویسی میں تفصیل قرینہ ہے

اجمال میں کھلتا ہے ہر بھید علامت کا

تحقیق بھی ہے اس میں تخلیق کا جوہر بھی

تدوین سے ہے شستہ ہر متن عبارت کا

تاریخ کے خوابیدہ گوشے بھی نمایاں ہیں

اک شاہدِ ناطق ہے ہر دور کی عظمت کا

اذکارِ نبوت سے ہر سطر فروزاں ہے

تائید کنندہ ہے انوارِ خلافت کا

اس کے ہی وسیلے سے مضبوط تعلق ہے

دربارِ خلافت سے افرادِ جماعت کا

سو سال سے ہے جاری اِک خاص تواتر سے

ارقام ہوا اس میں ہر حرف صداقت کا

جنبش میں قلم اس کا حکمت سے ذہانت سے

رُخ پھیر کے رکھتا ہے جذبات کی شدت کا

تحریر ہے تابندہ مضمون ہے رخشندہ

ہر سطر میں ہے زندہ عرفان حقیقت کا

ہر روز درِ دل پر دستک سی یہ دیتا ہے

اک جوش دلاتا ہے پیغام امامت کا

خطبات بھی دیتا ہے، عرفاں کی مجالس بھی

محفوظ ہوا اس میں ہر لفظ خلافت کا

(ڈاکٹر ع۔ ک۔ خالد)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button