حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام پر بطور نگران وزیرِ اعظم اتفاق کرلیا گیا جس کے بعد صدرِ پاکستان نے ان کی بطور نگران وزیرِ اعظم تقرری کی سمری پر دستخط کردیے۔ ایوانِ صدر کی طرف سے جاری ہونے والے پریس ونگ کے مطابق صدرِ مملکت عارف علوی نے انوار الحق کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 224 ون اے کے تحت دی۔ترجمان وزیرِ اعظم آفس کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف اور قائدِ حزب اختلاف راجا ریاض نے مشترکہ طور پر دستخط کر کے ایڈوائس صدر کو بھجوائی تھی۔انوار الحق کاکڑ بلوچستان سے ۲۰۱۸ء میں سینیٹر منتخب ہوئے اور ان کا تعلق بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائےسمندر پار پاکستانی کے چیئرمین بھی ہیں۔ انوار الحق کاکڑ نے ۲۰۰۸ء میں ق لیگ کے ٹکٹ پر کوئٹہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا اور وہ ۲۰۱۳ء میں بلوچستان حکومت کے ترجمان رہے۔انوار الحق کاکڑ نے یونیورسٹی آف بلوچستان سے پولیٹیکل سائنس، سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا ہے۔

٭…امریکہ کی ریاست ہوائی میں آگ سے اموات کی تعداد ۹۳؍ ہوگئی ہے۔ گورنر کے مطابق جلے ہوئے گھروں میں اب بھی کئی افراد کی لاشیں موجود ہوسکتی ہیں۔آگ سے سینکڑوں مکانات اور عمارتیں مکمل طور پر جل گئیں، جبکہ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔جنگلات میں لگی آگ سے تاریخی سیاحتی مقام Lahainaبھی جل کر تباہ ہوگیا۔ امریکی صدر بائیڈن نے ہوائی کے جنگلات میں آگ کو بڑا سانحہ قرار دے دیا۔

٭…بم کی اطلاع پر پیرس کے ایفل ٹاور کو خالی کرا لیا گیا، تاہم تلاشی کے بعد اطلاع جھوٹ نکلی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع جھوٹی ہے، تلاشی کے بعد لوگوں کو ایفل ٹاور پر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ ایفل ٹاور کو بم کی اطلاع پر خالی کراکر دو گھنٹے تک بند رکھا گیا۔بم کی اطلاع پر پولیس نے ایفل ٹاور کو عارضی طور پر بند کرکے تلاشی لی۔ایفل ٹاور کی تینوں منزلوں اور اس کے نیچے واقع چوک کو سیاحوں سے خالی کروا لیا گیا تھا۔

٭… سعودی عرب نے پہلی بار فلسطین کےلیے اپنا سفیر مقرر کیا ہے۔نائف السدیری فلسطین میں غیر اقامت پذیر (نان ریذڈنٹ) سفیر کے فرائض سرانجام دیں گے۔ صدر محمود عباس کے مشیر برائے سفارتی امور ماجدی الخالدی نے سعودی سفیر نائف السدیری کی اسناد وصول کیں۔فلسطین کے صدارتی مشیر نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے فلسطین میں نان ریذیڈنٹ سفیر کا تعینات کیا جانا دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات اور اقوام کو مزید مضبوط کرے گا۔انہوں نے فلسطینی عوام اور قیادت کی طرف سے سعودی عرب کے اقدامات کو سراہا۔

٭…فرانس کے ساحلی علاقے سے گزرنے والی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے چھ افراد ہلاک ہوگئے، پچپن مسافروں کو بچا لیا گیا جبکہ لاپتا مسافروں کی تلاش جاری ہے۔ریسکیو کیے گئے مسافروں میں سے چھ کی حالت نازک ہے۔تارکین وطن کی کشتی اُلٹنے کا حادثہ برطانیہ اور فرانس کے درمیان فرانسیسی چینل میں ہوا۔بچ جانے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے، کشتی میں سوار پانچ سے دس افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کےلیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔دو برطانوی جہاز اور کئی فرانسیسی کشتیاں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

٭…ایران کے شہر مشہد میں سعودی قونصلیٹ کی عمارت پر سعودی عرب کا پرچم لگا  دیا گیا۔ دارالحکومت تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے ایران اور مملکت کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔یاد رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کئی سال کے سفارتی تعطل کے بعد رواں سال چین کی ثالثی سے سفارتی تعلقات بحال ہوئے تھے۔

٭…یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے ملک کے تمام فوجی علاقائی بھرتی مراکز کے سربراہان کو برطرف کردیا۔صدر زیلنسکی نے کہا کہ چند بھرتی مراکز کے جائزے میں پیشہ ورانہ بددیانتی کے انکشافات ہوئے ہیں۔فوج میں بھرتی کےلیے اہل افراد کو سرحد پار کروانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جنگ کی وجہ سے فوج میں سروس کےلیے اہل افراد کے باہر جانے پر پابندی ہے۔ یہ نظام ان لوگوں کے ہاتھ میں ہونا چاہیے جنہیں معلوم ہو کہ جنگ کیا ہوتی ہے اور دورانِ جنگ رشوت لینا غداری کیوں ہے۔ اب فوج میں بھرتی کےلیے امیدواروں کی جانچ اندرونی سیکیورٹی سروس ’ایس بی یو‘ کرے گی۔ بھرتی مراکز کے سربراہان کو فارغ کرنے کے فیصلے پر جنرل ویلری زالوزنی عمل درآمد کروائیں گے۔

٭…پوپ فرانسس نے مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات سے خبردار کرتے ہوئے اس حوالے سے عالمی سطح پر غور و فکر کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال میں چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی کے استعمال میں تشدد اور امتیازی سلوک کو جڑ نہیں پکڑنی چاہیے۔ مصنوعی ذہانت کا استعمال اخلاقی عکاسی، تعلیم اور قانون کے دائرے تک بڑھایا جانا چاہیے۔

٭…فضائی آلودگی چیک کرنے والی سوئٹزرلینڈ کی کمپنی ’آئی کیو ایئر‘ کے مطابق مئی سے اب تک عالمی طور پر انڈونیشیا کا دارالحکومت جکارتا سب سے آلودہ شہر ہے۔ جکارتہ ی آبادی ایک کروڑ سے زائد ہے، وہاں روزانہ ہی فضائی آلودگی مضر صحت حد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔شہریوں کو طویل عرصے سے بےہنگم ٹریفک کے دھوئیں، صنعتی اور کوئلے سے چلنے والے پلانٹس کے دھوئیں کی شکایت ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button