افریقہ (رپورٹس)

جامعۃ المبشرین گھانا میں سالانہ ورزشی مقابلہ جات اور تفریحی پروگرام

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۰ تا ۲۲؍ جون۲۰۲۳ ء جامعۃ المبشرین گھانا میں ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ امسال ورزشی مقابلہ جات کی افتتاحی تقریب کی صدارت محترم رضوان کوثر صاحب استاد جامعۃ المبشرین گھانا نے کی۔ افتتاحی تقریب کا آغاز مورخہ ۲۰؍ جون کو صبح آٹھ بجے فٹ بال گراؤنڈ جامعۃ المبشرین میں ہوا۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو کہ عزیزم واتارا آمون صاحب نے کی۔ اس کے بعدمعلم عبدالمجید علی صاحب استاد جامعہ نے عمومی ہدایات طلبہ کو دیں۔ بعد ازاں گھانا سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے لوکل زبان میں ترانہ نہایت خوش الحانی سے پڑھا۔پھر مہمان خصوصی نے چند نصائح کیں۔بعد ازاں طلبہ نے اپنے اپنے گروپ انچارج کے ہمراہ روٹ مارچ کیا۔ افتتاحی تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔

طلبہ کے ورزشی مقابلہ جات میں ۱۴ انفرادی اور آٹھ اجتماعی مقابلہ جات کروائے گئے۔انفرادی مقابلہ جات میں سو میٹر دوڑ،سو میٹر بوری دوڑ، ڈسکس تھرو،لمبی چھلانگ، اونچی چھلانگ، ڈرافٹ، اوواری، مشاہدہ معائنہ، ۱۵۰۰ میٹر دوڑ، کلائی پکڑنا، پنجہ آزمائی،ثابت قدمی، گولہ پھینکنا اور کک ٹو سکور شامل تھے۔ اجتماعی مقابلہ جات میں فٹبال،والی بال، باسکٹ بال،میروڈبہ، باڑی، رسہ کشی، تین ٹانگ دوڑ اور ریلے ریس کے مقابلے شامل تھے۔ اساتذہ جامعہ کاایک اجتماعی مقابلہ (والی بال )اور ایک انفرادی مقابلہ(کک ٹو سکور) کروایا گیا۔اسی طرح کارکنانِ جامعہ کے دو انفرادی (کک ٹو سکور اور ۱۰۰ میٹر دوڑ)اور ایک اجتماعی مقابلہ( والی بال) کروایا گیا۔امسال مجموعی طور پرطلبہ کے چار گروپس میں سےدیانت گروپ پہلے نمبر پر رہا۔ ان مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشنز لینے والے طلبہ اور گروپس کو مورخہ ۲۴؍جون ۲۰۲۳ء کو جامعہ کی پکنک کے دوران انعامات سے نوازا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المبشرین گھانا کو مورخہ ۲۴؍جون ۲۰۲۳ء کو سالٹ پانڈ کے ساحل سمندر پر پکنک کرنے کا موقع ملا۔۲۰۱۹ء کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ جملہ طلبہ، اساتذہ اور جامعہ کے کارکنان ایک ساتھ اس نوعیت کے پروگرام میں اکٹھے شامل ہوئے ہوں۔ شاید یہی وجہ تھی کہ پکنک کے تمام شاملین بہت خوش تھے اور اس پروگرام سے انہوں نے خوب لطف اٹھایا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت کے مطابق طلبہ کو سمندر میں نہانے سے روکا گیا تھا اور اللہ کے فضل سے تمام طلبہ نے خوش دلی سے اس پر عمل کیا اور کوئی ایک بھی طالب علم ایسا نہ تھا کہ پکنک کے موقع پر اس کو دوبارہ اس بات کی یاددہانی بھی کروانی پڑی ہو۔اس تمام پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے طلبہ اور اساتذہ کو مختلف شعبہ جات کے تحت ڈیوٹیاں بخوبی سرانجام دینے کی توفیق ملی۔ ان شعبہ جات میں شعبہ طعام و ریفریشمنٹ، ٹرانسپورٹ، آب رسانی، سیکیورٹی و ڈسپلن، انعامات، فوٹو گرافی، کھیل، وقارعمل و وائنڈ اپ اور ابتدائی طبی امداد کے شعبہ جات شامل ہیں۔ طلبہ اور کارکنان نے ساحل سمندر پر کافی دیر فٹ بال کھیلا اوردوڑ کے مقابلے کیےاورکچھ طلبہ نے والی بال کھیلا۔پھر تمام شاملین کو تازہ ناریل ریفریشمنٹ کے طور پر دیے گئے اور پھر اس کے کچھ دیر بعد دوپہر کا کھانا سب میں تقسیم کیا گیا۔

اس پکنک کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ جامعہ کی سالانہ کھیلوں کی تقریب تقسیم انعامات بھی اسی موقع پر منعقد کی گئی۔ اس تقریب کی صدارت مکرم مبشر حسین شاہد صاحب وائس پرنسپل جامعۃ المبشرین نے کی۔ طلبہ کے مابین کچھ نمائشی ورزشی مقابلہ جات بھی ساحل سمندر پر کروائے گئے۔ بعد ازاں سب ریفریشمنٹ سے لطف اندوزہوئے۔ تمام شاملین نمائشی مقابلوں سےبہت محظوظ ہوئے۔بعد ازاں نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ نماز مغرب سے قبل اللہ کے فضل سے تمام شاملین بخیروعافیت واپس جامعہ پہنچے۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: رانا بلال احمد قمر۔ استاذ جامعة المبشرین)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button