جلسہ سالانہ

تیسویں جلسہ سالانہ فرانس ۲۰۲۳ء کا کامیاب و بابرکت انعقاد

٭…نمازِ تہجد، عبادات نیز تربیتی، اخلاقی اور علمی موضوعات سے مزین تقاریر سے بھرپور روحانی ماحول

٭…ایک ہزار سے زائد احباب و خواتین کی شرکت

٭…دورانِ جلسہ تین سعید روحوں کی جماعت احمدیہ میں شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرانس کواپنا تیسواں جلسہ سالانہ مؤرخہ ۱۶،۱۵،۱۴ جولائی ۲۰۲۳ء کو اپنی جلسہ گاہ بمقام بیت العطاء میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ علیٰ ذلک۔

پہلا دن ۱۴؍جولائی ۲۰۲۳ء

ڈیڑھ بجے جمعہ اور نماز عصرکی ادا ئیگی کے بعد حضورانور کا خطبہ جمعہ سنا گیا۔چار بجے جلسہ سالانہ کی inspection ہوئی۔ جس کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ مکرم مشنری انچارج صاحب نے لوائے احمدیت جبکہ مکرم امیر صاحب جماعت فرانس نے فرانس کا جھنڈا لہرایا اور دعا کروائی۔

ساڑھے چار بجے افتتاحی اجلاس کا آغاز بصدارت مکرم امیر صاحب فرانس ہوا۔تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعدمکرم امیر صاحب نے ’’برکات خلافت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور خلفاء کے اقتباسات کی روشنی میں بتایا کہ ہم کیا اعمال کریں کہ ہمیں خدا تعالیٰ خلافت کی برکات عطا فرماتا چلا جائے۔پھر ’’خدمت دین کو اک فضل الٰہی جانو‘‘ کے موضوع پر مکرم اسامہ احمدصاحب مربی سلسلہ فرانس اور ’’جہاد اکبر (مجاہدہ ٔنفس)‘‘ پر مکرم شیخ اسلم محمد جھمن صاحب نے تقریر کی۔آپ کی یہ تقریر بزبان فرنچ تھی۔ جلسہ سالانہ فرانس کی روایت ہے کہ کسی نو مبائع کو مدعو کیا جاتا ہے کہ وہ اپنا قبول احمدیت کا واقعہ بتائےتاکہ اس سے پرانے احمدیوں کے بھی ایمان تازہ ہوں۔اس سیشن میں درج ذیل تین نومبائعین نے مختصر تقاریر کیں۔ Host Selim، Host Rayan اورCoulibaly Mamadou۔

کھانے کے بعداردو کی دلچسپ سوال و جواب کی نشست ہوئی جس کے بعد نماز مغرب و عشاء جمع کر کے ادا کی گئیں۔

دوسرا دن ۱۵؍جولائی ۲۰۲۳ء

دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد،نماز فجر اور درس سے ہوا۔جس کے بعد احباب نے تلاوت کی۔

دوسرے روز کا پہلا اجلاس صبح ساڑھے دس بجےپرشروع ہوا۔اس اجلاس کی صدارت مکرم منصور احمد وینس صاحب نائب امیر و نیشنل سیکرٹری تربیت نے کی۔تلاوت اور نظم کے بعد مکرم سعید ہدوی صاحب نیشنل سیکرٹری نومبائعین نے مساجد کے آداب پر بزبان فرنچ، مکرم سعید چیمہ صاحب نیشنل سیکرٹری وصایا نے نظام وصیت اور موصیان کی ذمہ داری اور آخری تقریر خاکسا ر نے منافقین کے انجام کے موضوع پر کی۔ اس سیشن میں درج ذیل دو نومبائعین نے مختصر تقاریر کیں۔ Tawheddine Saïd اور Host Dorian

اس اجلاس کے آخر پر مکرم امیر صاحب کی صدارت میں ایک وصیت سیمینار ہوا۔تلاوت کے بعدمکرم نیشنل سیکرٹری وصایا نے اس سیمینار کی اغراض بتائیں جس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے بھی موصیان کو نصائح کیں۔آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی کلمات کہے اور دعا کروائی۔اس کے بعدنمازوں اور کھانے کا وقفہ ہوا۔اس سیمینار کے بعددس شاملین جلسہ نے اس بابرکت تحریک میں شامل ہونے کی توفیق پائی اور چھ شاملین نے رسالہ الوصیت کے مطالعہ کے بعد وصیت کرنے کا وعدہ کیا ہے۔الحمد للہ علیٰ ذالک۔

جلسہ سالانہ کے تیسرے اجلاس کا آغازساڑھے چار بجے ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم اسلم دوبوری صاحب نائب امیر و نیشنل سیکرٹری جائیداد نے کی۔اس سیشن میں تمام تقاریر فرنچ زبان میں تھیں۔تلاوت و نظم کے بعد مکرم عرفان ٹھاکر صاحب مربی سلسلہ نے تعلق باللہ کے طریق، مکرم Azouaou El Islamصاحب نے صداقت حضرت مسیح موعود ؑاور مکرم اطہر کاہلوں صاحب صدر جماعت سٹراسبرگ نے جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد پرتقریر کی۔اس اجلاس میں مکرم Ichou Brahimنے اپنی قبولیت احمدیت کےبارےمیں احباب کو بتایا۔موصوف اپنی اہلیہ کے ساتھ احمدی ہوئے تھے۔

تیسرا دن ۱۶؍ جولائی ۲۰۲۳ء

جلسہ کے تیسرے دن کاآغاز بھی نما ز تہجد،نماز فجر و درس کے بعد تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔اختتامی اجلاس کا آغاز ساڑھے دس بجےپر امیر صاحب جماعت فرانس مکرم و محترم فہیم احمد نیاز صاحب کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت ونظم کے بعد ایک نو مبائع Ndong Heviane Akoma نے اپنا سفر احمدیت بیان کیا۔ مکرم عطاء العلیم صاحب صدر جماعت لیوں نے بزبان فرنچ ’اسلامی پردہ عورت کا حسن‘اور مکرم بلال اکبرصاحب مربی سلسلہ نے ’اپنی اولاد کو جماعت سے وابستہ کرنے کی ضرورت‘ کے موضوع پر تقریریںکیں۔ایک نظم کے بعد اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم نصیر احمد صاحب شاہد مشنری انچارج و نائب امیرجماعت فرانس نے آنحضرتﷺ بحیثیت پیغامبر امن کے موضوع پر کی۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی کلمات کہہ کر دعا کروائی۔دعا کے بعد اطفال، واقفین نو،خدام الاحمدیہ اور افریقن بھائیوں نے ترانے پیش کیے۔

کارروائی جلسہ گاہ مستورات

ہفتہ ۱۵؍جولائی کو لجنہ اماء اللہ کے اجلاس کی کارروائی کا آغاز صبح ساڑھے دس بجےتلاوت قرآن کریم و نظم مع اردو، فرنچ ترجمہ سے ہوا اس اجلاس میں درج ذیل تین تقاریر ہوئیں۔

۱۔’’بدظنی بہت ہی بری بلاہے”(اردو) مکرمہ سمیرہ مدثر صاحبہ صدر حلقہ 95B

۲۔’’لجنہ اماء اللہ۔ ترقیات کی ایک صدی”(فرنچ) مکرمہ امیناتا طورے صاحبہ سیکرٹری تبلیغ

۳۔عائلی زندگی میں ہمارے فرائض (اردو)مکرمہ فرحت فہیم صاحبہ نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ فرانس

تمام حاضرین نے نہایت توجہ سے تقاریر سنیں ان تقاریر کے دوران درثمین اور کلام محمود سے نظمیں بھی پیش کی گئیں۔ پروگرام کا اختتام ناصر ات و لجنہ کے پُرجوش ترانوں سے ہوا۔

شعبہ خدمت خلق کے تحت مختلف سٹالز لگائے گئے جن سےحاصل شدہ آمدنی افریقہ میں لجنہ اماء اللہ فرانس کی طرف سے تعمیر ہونے والے کنویں کےلیے پیش کی جائے گی۔انشاء اللہ۔ شعبہ اشاعت کے تحت ایک قرآن نمائش کا انتظام کیا گیا اس میں ۱۷؍زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم کی نمائش کی گئی نیز شعبہ تبلیغ کے تحت “اسلام میں عورت کا مقام”، “حجاب ٹیوٹوریل”اور“عربی کیلیگرافی” وغیرہ کا بھی نمائشی سٹال لگایا گیا۔ مہمان خواتین نے اس میںشوق سے حصہ لیا اور اس کو سراہا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے دو خواتین کو بیعت کرکے جماعت میں داخل ہونے کی سعادت ملی۔ الحمدللہ۔ شعبہ صنعت و دستکاری کے تحت اشیائے خور ونوش کے مختلف اسٹال لگائے گئے۔ان سٹالز کی آمدنی لجنہ اماء اللہ مسجد فنڈ میں ادا کرے گی۔

جلسہ سالانہ فرانس کی حاضری

امسال جلسہ سالانہ فرانس کی کل حاضری ۱۰۶۲ افرادتھی جو گذشتہ سال سے ۲۷۶ افرادزیادہ رہی۔ جن میں مرد ۶۳۳ اور خواتین ۴۲۹ شامل ہیں۔ سات ممالک سے ۵۴ مہمان شامل ہوئے۔ اور تین بیعتیں عطا ہوئیں۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

جلسہ کی تمام کارروائی MTA Français نے اپنے youtube channel پر دکھائی۔اس کے لیے دو links بنائے گئےتھے، ایک اردو بولنے والوں کے لیے اور ایک فرنچ بولنے والوں کے لیے۔ان کے مطابق ۲۲۷۴؍ اردو viewsجبکہ فرنچviewsکی تعداد ۲۲۴۷؍رہی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جماعت فرانس کو مزید ترقیات سے نوازتا چلا جائے اور تمام شرکاء جلسہ کو جلسہ سے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے۔آمین

(مستورات رپورٹ: مکرمہ نزہت عارف صاحبہ نائب ناظمہ اعلیٰ)

(رپورٹ :منصور احمد مبشر ناظم سٹیج و پروگرام جلسہ سالانہ فرانس ۲۰۲۳ء)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button