حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…نوبیل فاؤنڈیشن نے نوبیل ایوارڈز کی تقریب میں روس، ایران اور بیلاروس کے سفیروں کو مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تینوں ممالک کو مدعو کرنے کا فیصلہ سویڈن کے احتجاج پر تبدیل کیا گیا، نوبیل فاؤنڈیشن نے گذشتہ روز تینوں ملکوں کو مدعو کرنے کا اعلان کیا تھا۔سویڈش سیاسی جماعتوں نے تقریب کے بائیکاٹ کا کہا تھا۔نوبیل ایوارڈز ۲۰۲۳ء کی تقریب ۱۰؍دسمبر کو ہوگی جبکہ مختلف شعبوں میں نوبیل انعام پانے والوں کے ناموں کا اعلان اکتوبر میں کیا جائے گا۔

٭…امریکہ نے روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو ڈیپلیٹڈ یورینیم پر مبنی متنازعہ ٹینک شکن (armour-piercing) گولہ بارود فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے روسی ٹینکوں کو تباہ کرنے کےلیے یوکرین کو ٹینک شکن ڈیپلیٹڈ یورینیم گولہ بارود فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل برطانیہ کی جانب سے یوکرین کو ڈیپلیٹڈ یورینیم گولہ بارود فراہم کیا گیا تھا تاہم امریکہ کی جانب سے پہلی مرتبہ یہ اسلحہ یوکرین بھیجا جائے گا۔ یاد رہے کہ ڈیپلیٹڈ یورینیم اسلحہ پر تحفظات کے باعث ہمیشہ سے متنازع رہا ہے، عالمی اتحاد اس کے استعمال کو کالعدم قرار دے چکے ہیں کیونکہ یہ ریڈیو ایکٹو ہوتا ہے اور سانس کے ذریعے اس کی خاک انسان کے جسم میں داخل ہونے سے یہ کینسر اور پیدائش میں نقص جیسے امراض کا سبب بن سکتا ہے۔

٭…روس نے کہا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کےلیے یوکرینی صدر زیلنسکی کے امن فارمولے پر اقوام متحدہ کی آن لائن ملاقاتوں کو تسلیم نہیں کرتا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کےلیے کسی یک طرفہ فیصلے کو قبول نہیں کرے گا۔خیال رہے کہ یوکرینی صدر نے فروری ۲۰۲۲ء سے جاری طویل جنگ کو ختم کرنے کےلیے دس نکاتی امن فارمولا پیش کیا ہے جس میں تمام روسی فوجیوں کا انخلا اور یوکرین کے تمام علاقوں کو اس کے کنٹرول میں واپس کرنا شامل ہے۔

٭…رواں برس کینیڈا نے امریکہ سے داخل ہونے والے پناہ گزینوں کے بہاؤ کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم پانچ ماہ گزرنے کے بعد پناہ کے متلاشی افراد کی مجموعی تعداد میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا۔اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ ملکوں کی جانب سے لوگوں کے لیے دروازے بند کرنا کتنا مشکل ہے اور پناہ گزینوں کی آمد حکام کے لیے ایک چیلنج سے کم نہیں۔یونیورسٹی آف ونی پیگ میں ہیومن رائٹس پروگرام کے ایکٹنگ ڈائریکٹر اور ایسوسی ایٹ پروفیسر نے کہا ہے کہ سرحد کو بند کرنا مسئلے کا حل نہیں ، اس سے صرف مایوسی میں اضافہ ہو گا۔ واضح رہے کہ کینیڈا فخر سے پناہ گزینوں کو خوش آمدید کہتا ہے اور ۲۰۲۵ء تک نصف ملین پناہ گزینوں کو لانے کا خواہاں ہے تاکہ ملازمین کی کمی کو دور کیا جا سکے، تاہم ایسے لوگوں کی حوصلہ شکنی کر رہا ہے جو امریکی سرحد سے کینیڈا آتے ہیں اور پناہ کی درخواست دیتے ہیں۔

٭…پاکستان کے نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ ہمیں کچھ خارجی چیلنجز کا بھی سامنا ہے، ہمیں آئے کچھ ہی دن ہوئے تھے کہ ۱۶؍اگست کو جڑانوالہ کا واقعہ ہو جاتا ہے، کچھ لوگ پاکستان کا خوبصورت چہرہ تباہ کرنا چاہتے ہیں۔علمائے کرام دنیا کو بتائیں کہ ہم پُرامن ملک ہیں، دہشت گردی سے نفرت کرتے ہیں۔

٭…بہاولنگر میں ۱۵۰؍کلو میٹر کے دریائی بیلٹ میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی جس سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار ایکڑ سے زائد اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔اعداد و شمار کے مطابق سیلاب سے ایک لاکھ ۶۶؍ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو کر نقل مکانی کر چکے ہیں اور ایک لاکھ ساٹھ ہزار ایکڑ سے زائد اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔سیلاب سے ۱۵۷؍ دیہات سیلابی پانی سے متاثرہوئے، سترہ ہزار ۵۴۹؍گھروں کو مکمل یا جزوی طور پر نقصان پہنچا، متعدد عارضی حفاظتی بند ٹوٹ گئے اور رابطہ سڑکیں پانی میں بہ گئیں جس کے باعث ایک سو سے زائد آبادیوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

٭…پاکستان کرکٹ ٹیم دوسری بار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔قومی ٹیم افغانستان کے خلاف سری لنکا میں سیریز ۰-۳ کی فتح کے ساتھ ہی ایک روزہ کرکٹ میں عالمی نمبر ون ٹیم بنی ہے۔ گرین شرٹس کے ۱۱۹؍پوائنٹس ہوچکے ہیں جبکہ آسٹریلیا ۱۱۸؍پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔بھارت ۱۱۳؍پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، نیوزی لینڈ ۱۰۴؍پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور انگلینڈ ۱۰۱؍پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

٭…سری لنکا کے شہر کینڈی میں مسلسل بارش کے باعث ایشیا کپ میں گروپ اے کے پاکستان و بھارت کے ہائی وولٹیج مقابلے کوبارش کے سبب ختم کردیا گیا۔ میچ ختم کیے جانے کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا جس کے ساتھ ہی پاکستان نے سپر فور مرحلے کےلیے کوالیفائی کرلیا۔ بھارت نے و ووکٹوں کے نقصان پر ۴۹ویں اوور میں ۲۶۶؍ر نز بنائے تاہم بارش کے باعث پاکستان کو کھیلنے کا موقع نہ مل سکا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button