یورپ (رپورٹس)

میون، ڈنمارک کے عوامی میلہ میں مجلس انصار اللہ ڈنمارک کا تبلیغی سٹال

(محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ڈنمارک)

میون جزیرہ ڈنمارک کے دار الحکومت کوپن ہیگن سے ۱۲۰؍ کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے اور اس کی کل آبادی ۹۳۸۵؍ افراد پر مشتمل ہے۔ ۲۰۱۴ء میں اس جزیرہ پر پہلی دفعہ اس عوامی میلہ کا آغاز کیا گیا جو کہ وقت کے ساتھ ساتھ ہر سال ترقی کرتا گیا ۔ الحمد للہ گذشتہ چار سالوں سے مجلس انصار اللہ ڈنمارک کو بھی اس میلہ میں شرکت کی توفیق مل رہی ہے۔

اس میلہ کا مقصد مقامی، علاقائی اور قومی تنظیموں کوایک جگہ اکٹھا کرنا اور ایک ایسا پلیٹ فارم دینا ہے جہاں وہ عوام کے ساتھ براہ راست بات چیت کرسکیں۔ اس میلہ میں سیاسی، سماجی اور دیگر تنظیمیں اپنا سٹینڈ لگاتی ہیں۔ یہاں پر آپ باآسانی مختلف سیاسی راہنماوٴں سے مل سکتے اور بات چیت کرسکتے ہیں۔

اس دوروزہ میلہ میں امسال بھی مجلس انصار اللہ ڈنمارک کو اپنا سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ اس میلہ کی انتظامیہ نے پہلے دن مختلف سکولوں اور کالجز کو مدعو کیا جو کہ پورے ریجن سے بسوں کے ذریعہ اس جگہ پہنچے اور اپنے سکول کا ایک دن اس میلہ میں گزارا اور مختلف سٹالز سے معلومات حاصل کرتے رہے۔ الحمد للہ جماعتی سٹینڈ پر مختلف ڈینش لٹریچر اور ڈینش قرآن کریم رکھا گیا جس میں لوگوں نے بڑی دلچسپی دکھائی۔ اسی طرح اسلام کے بارے میں مختلف سوالات کرتے رہے۔ اس موقع کی مناسبت سے’محبت سب سے نفرت کسی سے نہیں‘ کے بیجز بھی خاص طور پر تیار کیے گئے جس کو لوگوں نے بہت پسند کیا اور بیج لگا کر تصاویر بناتے رہے۔

الحمد للہ یہ تبلیغی سٹال بہت کامیاب رہا اور چار انصاراور دو خدام نے اس تبلیغی سٹینڈ میں شرکت کی اور لوگوں کو اسلام احمدیت کا پیغام پہنچاتے رہے۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر عطا فرمائے ۔ آمین

(رپورٹ:محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button