مصروفیات حضور انور

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

مورخہ ۲۸؍اگست تا ۰۳؍ستمبر ۲۰۲۳ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز کي گوناگوں مصروفيات میں سے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭…۲۸؍اگست بروز سوموار: حضور انور نے آج جرمنی کے صوبہ ہیسن (Hessen) کے شہر فلورشٹڈ (Florstadt) میں تعمیر ہونے والی ’مسجد مبارک‘ کا افتتاح فرمایا اور اس حوالے سے علاقے کے معزّزین کے ساتھ منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب کو رونق بخشی اور خطاب فرمایا۔

٭…۲۹؍اگست بروز منگل: حضور انور نے آج صبح گیارہ بجے سے نماز ظہر و عصر تک اور اسی طرح شام چھ بجے سے ساڑھے آٹھ بجے تک فیملی ملاقاتیں فرمائیں۔

٭…حضور انور نے نماز ظہر و عصر سے قبل عزیزم سرمد احمد ابن مکرم ضیاء اللہ صاحب آف روڈل ہائم، فرانکفرٹ، جرمنی کی نماز جنازہ حاضر اور تین مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

٭…۳۰؍اگست بروز بدھ: حضور انور نے آج جرمنی کے صوبہ ہیسن (Hessen) کے شہر کاربن (Karben) میں تعمیر ہونے والی ’مسجد صادق‘ کا افتتاح فرمایا نیز اس حوالے سے علاقے کے معزّزین کے ساتھ منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب کو رونق بخشی اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔

٭…۳۱؍اگست بروز جمعرات: آج شام سوا پانچ بجے حضور انور بیت السبوح، فرانکفرٹ سے مع قافلہ جلسہ گاہ (شٹٹ گارٹ) کے لیے روانہ ہوئے اور تقریباً اڑھائی گھنٹے کے سفر کے بعد سات بج کر پچاس منٹ پر حضورانور کی گاڑی جلسہ گاہ میں داخل ہوئی تو فضا نعرۂ تکبیر سے گونج اٹھی اور ہزار ہا افرادِجماعت نے حضور انور کا استقبال کیا۔

٭…حضور انور نے یہاں Messe Stuttgart کی انتظامیہ کو شرفِ ملاقات بخشا۔ بعد ازاں جلسہ سالانہ کے انتظامات کا معائنہ فرمایا۔ معائنہ کے بعد حضور انور نے کارکنان و حاضرین کو ہدایات سے نوازا۔

٭…یکم ستمبر بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزیز نے آج جلسہ گاہ بمقام Messe Stuttgart، جرمنی خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو مسلم ٹيلي وژن احمديہ کے توسّط سے پوري دنيا ميں نشرکيا گيا۔ اس خطبہ جمعہ کے ساتھ جماعت احمدیہ جرمنی کے ۴۷ویں جلسہ سالانہ کا افتتاح بھی تھا۔ خطبہ جمعہ سے قبل پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی حضور انور نے لوائے احمدیت لہرایا جبکہ امیر صاحب جرمنی نے جرمنی کا قومی پرچم لہرایا۔ (خلاصہ خطبہ جمعہ کے لیے ملاحظہ فرمائیں الفضل انٹرنیشنل ۴؍ستمبر ۲۰۲۳ء)

٭…۲؍ستمبر بروز ہفتہ: حضور انور نے آج دوپہر بارہ بجے مستورات کے جلسہ گاہ میں تشریف لاکر خواتین سے خطاب فرمایا۔

٭… حسبِ روایت آج حضور انور نے زیر تبلیغ افراد سے خطاب فرمایا جس کے لیے حضور انور پانچ بج کر پانچ منٹ پر ہال میں تشریف لائے۔ حضور انور نے اپنے خطاب میں اسلام پر کیے جانے والے بعض اعتراضات کے بصیرت افروز جوابات دیے۔

٭…آج شام کو ۳۰ کے قریب تاجک مسلمان احباب و خواتین کی حضور انور کے ساتھ ملاقات تھی۔ ان احباب و خواتین کو حضور انور سے مختلف سوالات کرنے کا موقع ملا۔

٭…اسی طرح آج شام کو ۴۰۰ کے قریب عرب احباب و خواتین کی حضور انور کے ساتھ ملاقات تھی جن میں ۶۰ غیر از جماعت افراد شامل تھے۔ ملاقات کے دوران شاملین کو حضور انور سے مختلف سوالات کرنے کا موقع ملا۔

٭…۳؍ستمبر بروز اتوار: آج شام چار بجے حضور ایدہ اللہ کے جلسہ گاہ تشریف لانے پر بیعت کی تقریب ہوئی۔ بعد ازاں شاملین جلسہ نے حضور انور کی اقتدا میں نماز ظہر و عصر ادا کیں۔ اس کے بعد جلسہ کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا اور حضور انور نے بصیرت افروز اختتامی خطاب فرمایا۔

٭…اختتامی دعا کے بعد حضور قیام گاہ میں تشریف لے گئے اور تھوڑی دیر بعد نو مبائعین سے ملاقات کے لیے ملاقات کے کمرہ میں تشریف لے آئے۔ پہلے ۴۰ نو مبائعات نے حضور سے اجتماعی ملاقات کی۔ بعد ازاں ساتھ کے کمرہ میں نومبائعین کی ملاقات تھی جن کی تعداد۲۳تھی۔ یہ ملاقات سات بج کر بیس منٹ تک جاری رہی۔ جس کے بعد حضور اندرون خانہ تشریف لے گئے اور تھوڑی دیر بعد آٹھ بجے حضور کا قافلہ اجتماعی دعا کے بعد بیت السبوح فرانکفرٹ کے لیے روانہ ہوا۔

٭…حضور انور کا قافلہ ۹ بج کر ۵۰ منٹ پر بیت السبوح فرانکفرٹ پہنچا جس کے بعد سوا دس بجے حضور انور نے مسجد بیت السبوح میں تشریف لاکر نماز مغرب و عشاء پڑھائیں۔

اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button