تعارف کتاب

(حضرت چودھری سر) محمد ظفر اللہ خانؓ۔ جومغرب میں اسلام کی زندگی گزارتے تھے(مصنفہ عطاء المجیب راشد ۔ نائب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ ومشنری انچارج و امام مسجد فضل لندن)

(عمار احمد۔ ریجنل مشنری ساؤتھ ویسٹ ریجن یوکے)

اس کتاب کے مصنف محترم عطاء المجیب راشد صاحب کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ آپ اللہ تعالیٰ کے فضلوں سے دینی علوم سے بہرہ وراور نہ صرف ایک بہترین مقرر بلکہ کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔آپ کی چند کتابیں جماعت احمدیہ کی ویب سائٹ الاسلام کی زینت بھی ہیں جن میں نظام خلافت۔برکات اور ہماری ذمہ داریاں، انفاق فی سبیل اللہ، جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف اور امتیازی عقائدشامل ہیں۔

حضرت چودھری سرمحمد ظفر اللہ خان ؓصاحب کو نہ صرف حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا صحابی ہونے بلکہ چار خلفائے سلسلہ کے ساتھ خدمات دینیہ بجا لانےکا اعزاز بھی حاصل تھا۔خلافت کےشیدائی، حقیقی محبت کرنے والےاورنہایت ہی اطاعت گزارتھے۔آپؓ کی پابندیٴ وقت کا یہ عالم تھا کہ لوگ آپؓ کے گھر سے نکلنے پر اپنی گھڑیاں درست کیا کرتے تھے۔ آپؓ دینی و دنیاوی دونوں لحاظ سےمشہورو معروف شخصیت تھے۔ پاکستان بنانےاور فلسطینی مسلمانوں کے لیے آواز اُٹھانےکی کوششوں میں آپؓ کا بڑا نام تھا جبکہ عالمی عدالت انصاف کے جج اور صدرکی حیثیت سے بھی انہوں نے شاندار خدمات انجام دیں جس کا ذکردنیا کے کئی اخبارات اور کتابوں میں موجود ہے۔وہ خود بھی تحدیث نعمت جیسی بہترین کتاب کے مصنف تھے۔

محترم عطاء المجیب راشد صاحب نےمندرجہ بالا کتاب میں حضرت چودھری سرمحمد ظفر اللہ خان صاحبؓ کی زندگی کے بعض ایسے پہلوؤں کو اُجاگر کیا ہے جو ہمارے لیے ایک نمونہ ہونے کے ساتھ ساتھ ان سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ حضرت چودھری سرمحمد ظفر اللہ خان صاحبؓ دنیاوی لحاظ سے ایک اعلیٰ مقام پر فائز ہونے کے باوجود عاجزی اور انکساری کا پیکر تھے۔اللہ تعالیٰ نے اس عظیم شخصیت کواپنے بے انتہا فضلوں سے نوازا ہوا تھا۔

یہ کتاب اس لحاظ سے منفرد ہے کہ اس میں محترم عطاء المجیب راشد صاحب نے صرف وہ واقعات بیان کیے ہیں جن کاانہوں نے خود مشاہدہ کیا ہے۔ اس لیےبہت سے ایسے واقعات پڑھنے کو ملیں گے جو شایدکسی نے پہلے نہ پڑھے ہوں۔ لہذا اس کتاب کا مطالعہ نہ صرف بڑوں کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ نوجوانوں اور بچوں کے لیے بھی راہنمائی کا ذریعہ بنے گا۔ پھر مصنف نے اس کتاب میں بعض انتہائی نادر تصاویر بھی شائع کی ہیں جو تاریخی اہمیت کی حامل ہیں۔اُمید ہے کہ اس کتاب سے افراد جماعت بہت استفادہ کریں گے۔ ان شاء اللہ العزیز۔ یہ کتاب انگریزی میں لکھی گئی ہے اور اس کا نام Muhammad Zafrullah Khan, Who Lived Islam in theWest ہے۔اس کتاب کے کُل ۷۵؍ صفحات ہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button