دورہ جرمنی اگست؍ ستمبر ۲۰۲۳ءرپورٹ دورہ حضور انوریورپ (رپورٹس)

سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ جرمنی (یکم ستمبر ۲۰۲۳ء بروز جمعۃ المبارک)

(رپورٹ:عبدالماجد طاہر۔ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد)

٭… جلسہ سالانہ جرمنی کا پہلا روز اور پرچم کشائی کی تقریب

٭…بصیرت افروز خطبہ جمعہ کے ساتھ جلسہ سالانہ کا باقاعدہ افتتاح

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح پانچ بج کر چالیس منٹ پر مردانہ جلسہ گاہ میں تشریف لا کر نماز فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائش گاہ پرتشریف لے گئے۔صبح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دفتری امور کی انجام دہی میں مصروفیت رہی۔

آج اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جرمنی کے ۴۷ویں جلسہ سالانہ کا آغاز ہو رہا تھا۔ یہ جلسہ اس لحاظ سے بھی تاریخی اہمیت کا حامل ہے کہ جماعت احمدیہ جرمنی کے قیام پر سو سال مکمل ہونے پر اس کا انعقاد ہورہا ہے۔

پروگرام کے مطابق دوپہر ایک بج کر ۵۵منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز پرچم کشائی کی تقریب کے لیے جلسہ گاہ کے مختلف ہالوں کے درمیان واقع کھلے لان میں تشریف لے آئے۔

حضور انور نے لوائے احمدیت لہرایا جب کہ امیر صاحب جرمنی نے جرمنی کا قومی پرچم لہرایا۔ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے دعا کروائی۔

MTA انٹرنیشنل کی یہاں جلسہ گاہ سے LIVE نشریات صبح سے ہی شروع ہوچکی تھیں۔ پرچم کشائی کی یہ تقریب بھی دنیا بھر میں LIVE نشر ہوئی۔

بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مردانہ جلسہ گاہ میں تشریف لائے اور خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔ جس کے ساتھ جلسہ سالانہ کا افتتاح ہوا۔

خطبہ جمعہ کے لیے مردانہ جلسہ گاہ میں درج ذیل زبانوں کے تراجم کا انتظام کیا گیا تھا:جرمن، انگلش، عربی، فرانسیسی، بوزنین، بنگالی، ترکش، روسی، بلغارین، البانین، سپینش۔

لجنہ کے جلسہ گاہ میں ویب سٹریم کے ذریعہ تمام زبانوں میں تراجم سننے کا انتظا م کیا گیا تھا۔ جب کہ مردانہ جلسہ گاہ میں ریڈیو اور ویب سٹریم کے ذریعہ تمام زبانوں میں تراجم سننے کا انتظام کیا گیا تھا۔

MTA انٹرنیشنل کے ذریعہ یہاں سے نو زبانوں انگریزی، عربی، فرنچ، بنگلہ، جرمن، انڈونیشین، رشین، سواحیلی اور سپینش میں خطبہ جمعہ کے LIVE ترجمہ کا انتظام تھا۔ جب کہ یوربا، ہائوسا، TWE، تامل اور ملیالم میں بھی Live ترجمہ کا انتظام تھا۔

دو بج کر دس منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ کا آغاز فرمایا۔ (خلاصہ خطبہ جمعہ کے لیے ملاحظہ فرمائیں الفضل انٹرنیشنل ۴؍ستمبر ۲۰۲۳ء)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا یہ خطبہ جمعہ تین بج کر ۱۳ منٹ تک جار ی رہا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبہ جمعہ کا مکمل متن حسب طریق علیحدہ شائع ہوگا۔

خطبہ جمعہ کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے نماز جمعہ کے ساتھ نماز عصر جمع کرکے پڑھائی۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز واپس اپنی رہائش گاہ کی طرف آتے ہوئے راستہ میں ہیومینٹی فرسٹ کی نمائش میں تشریف لے گئے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اُس گندے پانی کی بالٹی کے بارہ میں دریافت فرمایا جس کی ہدایت حضور انور نے ایک روز قبل فرمائی تھی۔ اس پر انچارج صاحب ہیومینٹی فرسٹ جرمنی نے عرض کیا کہ یہ بالٹی نمائش کے ایک حصہ میں رکھوا دی گئی ہے۔ انچارج صاحب ہیومینٹی فرسٹ نے حضور انور کی خدمت میں عرض کیا کہ اب ہم نے اپنا FUNK سسٹم بھی تیار کر لیاہے۔ تاکہ ہم Disaster Relief کے دوران آپس میں رابطے قائم کر سکیں۔ اگر کسی وجہ سے ٹیلیفون سسٹم بند ہوجاتا ہے تو تب بھی اپنے سسٹم کے ذریعہ آپس میں رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔

بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے آئے۔

پروگرام کے مطابق نو بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ گاہ میں تشریف لا کر نماز مغرب و عشاء جمع کر کے پڑھائیں نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

’’مسجد مبارک‘‘ FLORSTADTکا افتتاح ۲۸ اگست ۲۰۲۳ء کو ہوا تھا۔ علاقہ کے پرنٹ میڈیا نے اس کی درج ذیل کوریج دی۔

اخبار WETTERAUER ZEITUNG نے اپنی اشاعت میں لکھا:حضرت مرزا مسرور احمد صاحب نے مسجد کے قیام کی غرض بیان فرمائی حقیقت میں مساجد کو اس لیے بنایا جاتا ہے تاکہ مختلف اقوام اور مذہب کے لوگوں کے درمیان امن قائم کیا جائے۔

اس اخبار کی اشاعت ایک لاکھ ۱۲ ہزار ہے

اس کے علاوہ اخبار KREIS ANZEIGER اور اخبار F’’FRANKFURTER NEUE PRESSE‘‘E نے بھی مسجد کے افتتاح کی خبر دی۔ان دونوں اخبارات کی اشاعت ۷۴,۳۰۰ ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر ان تینوں کی اشاعت ایک لاکھ ۸۶ ہزار ۳۰۰ ہے۔

اس کے علاوہ ٹیلیویژن HR- FERNSEHENکے پروگرا م HESSENSCHAU میں مسجد کے افتتاح کے حوالہ سے درج ذیل خبر دی گئی

شہر FLORSTADT میں احمدیہ مسلم جماعت کی مسجد کے افتتاح کے موقع پر بہت اعلیٰ مہمان آئے۔ خلیفہ حضرت مرزا مسرور احمد صاحب نے مسجد کا افتتاح فرمایا۔کچھ ماہ قبل ہی یہ عمارت NIEDER- FLORSTADT میں مکمل ہوئی تھی۔ دنیا بھر کے دس ملین سے زائد مسلمانوں کے روحانی سربراہ آج کل جلسہ سالانہ کی غرض سے جو کہ اس ویک اینڈ کو STUTTGART میں منعقد ہوگا تشریف لائے ہیں۔

بدھ کے روز شہر KARBEN میں خلیفہ نے ایک اور مسجد کا افتتاح فرمانا ہے۔

مسجد صادق KARBEN کے افتتاح کے حوالہ سے اخبار FRANKFURTER NEUE PRESSE نے درج ذیل خبر دی:

خلیفہ صاحب نے اس بات کی تلقین کی کہ ’’ ہر مذہب کو امن اور رواداری کی کوششیں کرنی چاہئیں اور ہمارے انبیاء نے ہمیں یہی تعلیم دی ہے کہ خدا تعالیٰ سے تعلق قائم کیا جائے اور امن اور پیار کی زندگی گزاری جائے۔ ‘‘مزید انہوں نے کہا ’’اسلام کی حقیقی تصویر ہماری مساجد میں دیکھنے کو ملتی ہے اور ہم اس کی تصدیق اپنےاعمال سے دکھانا چاہتے ہیں۔‘‘

اس اخبار کی اشاعت تقریباً پچاس ہزار ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button