حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…ایران میں پارلیمنٹ نے ایک متنازع بل منظور کیا ہے جس کے تحت حجاب اور لازمی لباس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کو سخت سزائیں دی جاسکیں گی۔ اسلامی ضابطۂ لباس کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کو زیادہ سے زیادہ دس سال تک قید کی سزا دی جا سکے گی اور ان پر جرمانہ بھی عائد کیا جاسکے گا۔ اراکین اسمبلی نے آزمائشی بنیادوں پر قانون سازی کی تین سال کی مدت کی منظوری دی، جس کے حق میں ۱۵۲؍اور مخالفت میں ۳۴؍ووٹ ڈالے گئے جبکہ سات اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ خیال رہے کہ ایران میں گذشتہ برس بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں کے بعد سے خواتین ملک میں نافذالعمل سخت ضابطہ لباس کی خلاف ورزی کرتی نظر آرہی ہیں۔

٭…برطانیہ کے دوسرے بڑے شہر برمنگھم میں حجاب پہننے والی مسلم خواتین کی ستائش کےلیےسٹیل کا ایک مجسمہ نصب کیا جائے گا۔ اس مجسمے کو لیوک پیری نے ڈیزائن کیا ہے جسے اکتوبر میں ویسٹ مڈلینڈ کے علاقے سمتھ وک میں رکھا جائے گا۔سٹیل کا یہ مجسمہ پانچ میٹر لمبا اور ایک ٹن کے قریب وزنی ہے، کہا جا رہا ہے کہ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا مجسمہ ہے۔اس فن پارے کو ’حجاب کی طاقت‘ کا نام دیا گیا ہے جس میں ایک مسلم خاتون کو حجاب میں دکھایا گیا ہے۔مجسمے کے نیچے یہ الفاظ کندہ ہیں کہ ’یہ عورت کا حق ہے کہ وہ اپنے پہننے کےلیے کچھ بھی منتخب کرے، اسے محبت اور اکرام دیا جائے۔‘مجسمہ ساز لیوک پیری نے کہا کہ ’حجاب کی طاقت‘ ایسا فن پارہ ہے جو اسلامی عقیدے سے تعلق رکھنے والی ان خواتین کی نشاندہی کرتا ہے جو حجاب لیتی ہیں۔

٭…سکھ راہنما کے قتل کے بعد سے کینیڈا اور بھارت کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔بھارت نے کینیڈا میں موجود بھارتی شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کردی ہے جس میں کینیڈا میں بڑھتی بھارت مخالف سرگرمیوں پر وہاں موجود بھارتیوں کو احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے۔بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کینیڈا میں بھارت مخالف ایجنڈے کی مخالفت پر سفارتکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے، بھارتی شہری کینیڈا کے مخصوص علاقوں کے سفر سے گریز کریں۔اس سے قبل سفارتی تناؤ کے بعد کینیڈین حکومت نے بھی اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی تھی۔

٭…ٹیکنالوجی کمپنی سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی ’نیورالنک‘ پہلی بار آزمائشی طور پر انسانی دماغ میں چِپ نصب کرنے کےلیے تیار ہے۔ اسے وائرلیس برین کمپیوٹر انٹرفیس (بی سی آئی) کے انسانی ٹرائل کےلیے لوگ درکار ہیں۔یہ چِپ اس بات کا جائزہ لے گی کہ کیا فالج زدہ افراد اپنی سوچ کے ذریعے بیرونی ڈیوائسز کو کنٹرول کرسکتے ہیں یا نہیں۔ایلون مسک نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی پہلی نیورالنک ڈیوائس ایک مریض میں نصب کی جائے گی، جس کے ذریعے بعد ازاں پورے جسم کی حرکت بحال کی جاسکے گی۔

٭…بھارتی خلائی ایجنسی کے سابق سربراہ کرن کمار نے کہا ہے کہ چاند پر بھیجے گئے مشن کے دوبارہ فعال ہونے کے امکانات ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ کم ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چاند پر منجمد کرنے والے انتہائی کم درجہ حرارت کی وجہ سے مشن شاید دوبارہ فعال نہ ہوسکے۔ چاند کے قطب جنوبی پر رات میں درجہ حرارت منفی ۲۰۰ سے ۲۵۰؍ڈگری تک گر جاتا ہے۔قمری دن کے اختتام تک مشن فعال کرنے کی کوشش جاری رہے گی۔ چاند پر ایک دن اور رات کا دورانیہ زمین کے چودہ دنوں سے زائد کا ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی خلائی ایجنسی نے جمعے کو چندریان تھری سے سگنل نہ ملنےکا بتایا تھا۔ بھارت کا چاند مشن چندریان تھری ۲۳؍ اگست کو چاند کے جنوبی حصے پر اُترا تھا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button