آسٹریلیا (رپورٹس)

جزائر فجی کی ذیلی تنظیموں کا چھیالیسواں نیشنل اجتماع

(عبدالنور بھٹی۔ نیوز سیکشن، فجی)

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۶ و ۲۷؍اگست ۲۰۲۳ء کو جماعت ہائے احمدیہ جزائر فجی کی ذیلی تنظیموں کواپنا دو روزہ سالانہ اجتماع مارو میں منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اجتماع کے کامیاب انعقاد کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دُعائیہ خط بھی بھجوایا گیا۔ نیز تمام مجالس کو علمی اور ورزشی مقابلہ جات کا نصاب بھجوایا گیااور قائدین، زعمائے مجالس اور لجنہ اماء اللہ کی صدور کے ذریعہ نصاب کے مطابق تیاری کی طرف خصوصی توجہ دلائی گئی۔ اجتماع سے قبل وقار عمل کے ذریعہ مسجد اور اس کے گردونواح کی خوبصورت پھولوں اور جھنڈیوں کے ساتھ تزئین و آرائش کی گئی۔ اسی طرح مختلف بینرز سے بھی احاطہ مسجد کو آراستہ کیا گیا۔

۲۶؍اگست ۲۰۲۳ء۔ اجتماع کا پہلا روز

مورخہ ۲۶؍اگست ۲۰۲۳ء کی صبح مہمانان کرام کی آمد کے بعد پونے گیارہ بجے پرچم کشائی کی تقریب کے ساتھ اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس موقع پر مولانا محمود احمد صاحب امیر ومبلغ انچارج فجی نے دُعاؤں کے ساتھ نعروں کی گونج میں لوائے احمدیت فضا میں بلند کیا جبکہ مکرم محمد شاہ صاحب صدر مجلس انصاراللہ فجی نے فجی کا جھنڈا لہرایا۔ مکرم امیر صاحب نے دُعا کروائی۔ بعدازاں امیر صاحب کی زیر صدارت افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ صدرمجلس انصاراللہ فجی نے انصار کا عہد جبکہ صدر مجلس خدام الاحمدیہ فجی نے خدام اور اطفال کا عہد دُہرایا۔ اس دوران مستورات کی اجتماع گاہ میں بھی لجنہ و ناصرات کا عہد دہرایا گیا۔ بعدازاں نظم پیش کی گئی اور پھرمکرم صدر صاحب جماعت مارونے استقبالیہ تقریر پیش کی جس میں انہوں نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا اور معزز مہمانان کو خوش آمدید کہا۔

بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اپنے افتتاحی خطاب میں احباب جماعت کو سورۃ البقرۃ کی آیت وَلِکُلٍّ وِّجۡہَۃٌ ہُوَمُوَلِّیۡہَا فَاسۡتَبِقُواالۡخَیۡرٰتِ کی تفسیر بیان کرتے ہوئے نیکیوں میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی طرف توجہ دلائی۔

افتتاحی تقریب کے بعد خدام، انصار اور لجنہ ممبرات علمی مقابلہ جات کے لیے اپنے الگ الگ مقرر کردہ مقامات پر تشریف لے گئےجوکہ دوپہر ایک بجے تک جاری رہے۔ سوا ایک بجے نماز ظہر و عصرباجماعت ادا کی گئیں جس کے بعد کھانے کا وقفہ ہوا اور پھر شام چار بجے تک علمی مقابلہ جات جاری رہے جس کے بعد ذیلی تنظیموں نے اپنی اپنی مجلس شوریٰ منعقد کی۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں رات کا کھانا پیش کیا گیا۔ پہلے دن کی کُل حاضری ۱۵۱ رہی۔

۲۷؍ا گست ۲۰۲۳ء۔ اجتماع کا دوسرا روز

اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن پیش کیا گیا۔ ناشتہ کے بعد خدام، انصار اور اطفال کے ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال، دوڑ، پیدل تیز چلنا اور میوزیکل چیئرز وغیرہ شامل تھے۔ اسی طرح مستورات اجتماع گاہ میں بھی لجنہ و ناصرات نے دلچسپ کھیلوں کا انعقاد کیا۔

اختتامی تقریب

ورزشی مقابلہ جات کے بعد دوپہر ساڑھے بارہ بجے مکرم امیر و مبلغ انچارج صاحب فجی کی زیر صدارت اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کا اُردو اور انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد عہد دہرائے گئے۔ بعد ازاں نظم پیش کی گئی اور پھر علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے ممبران میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

آخر پر مکرم امیر صاحب نے آیت اَلَاۤ اِنَّ اَوۡلِیَآءَ اللّٰہِ لَا خَوۡفٌ عَلَیۡہِمۡ وَلَا ہُمۡ یَحۡزَنُوۡنَ (یونس:۶۳) کی روشنی میں احباب جماعت کو نیکیوں کے میدان میں آگے بڑھنےکی طرف توجہ دلائی۔ آخر پر آپ نے اجتماعی دُعا کروائی۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ دوسرے دن کی کُل حاضری ۱۶۶ رہی۔

امسال خدا تعالیٰ کے فضل سے نیشنل اجتماع میں جزائر فجی کی ۹ جماعتوں سے نمائندگان شامل ہوئے۔ الحمد للہ

(رپورٹ: عبدالنور بھٹی۔ مربی سلسلہ صُووا۔ فجی)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button