افریقہ (رپورٹس)

نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بینن ۲۰۲۳ء

(مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

خدا تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بینن کو امسال اپنا انیسواں نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علیٰ ذٰلک۔ اجتماع کا انعقاد مورخہ ۱۸تا۲۰؍اگست بینن کے دارالحکومت پورتونوو سے ملحقہ علاقہ Akpro-Misserete میں موجود ایک بڑے ہال میں کیا گیا۔ اس اجتماع کا مرکزی موضوع ’’ملکی حفاظت کے لیے ایک خادم کے فرائض‘‘ تھا۔

اس اجتماع میں شرکت کے لیے دو قریبی ممالک یعنی گھانا اور نائیجیریا کے صدرانِ مجلس خدام الاحمدیہ وفود کے ساتھ تشریف لائے۔

مورخہ ۱۸؍اگست بروز جمعۃ المبارک مشنری انچارج بینن میاں قمر احمد صاحب نے خطبہ جمعہ دیا اور نمازِجمعہ ونماز عصر پڑھائی۔ جس کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں مکرم یعقوب فیصل صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بینن اور مشنری انچارج صاحب بینن نے بالترتیب لوائے خدام الاحمدیہ اور بینن کے جھنڈے کو فضا میں لہرایا تو فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی اورمشنری انچارج صاحب نے دعا کروائی۔

افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا بعد ازاں صدر مجلس خدام الاحمدیہ بینن نے خدام کا عہد دہرایا نیز اپنی تقریر میں حضرت مصلح موعودؓ کے اقوال کی روشنی میں خدام کو نصائح کیں ۔ دعا کے ساتھ افتتاحی تقریب اختتام کو پہنچی۔

اس کے بعد صدر صاحب خدام الاحمد یہ، مشنری انچارج صاحب اور بیرون ملک سے آئے ہوئے صدرانِ مجلس خدام الاحمدیہ اور ان کے وفود نے پورتونووو میں موجود ہیومینٹی فرسٹ کی سرپرستی میں کام کرنے والے یتیم خانہ ’’احمدیہ دارالاکرام‘‘ کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس اجتماع میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے بینن کے تمام ریجنز سے خدام اور اطفال شریک ہوئے۔ خدام کی علمی و جسمانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ علمی مقابلہ جات میں مقابلہ تلاوت، حفظ قرآن، حفظ قصیدہ، تقاریر اور دینی معلومات کے مقابلہ جات شامل تھے جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں دوڑ، رسہ کشی اور فٹ بال وغیرہ کے مقابلہ جات کروائے گئے۔جن میں خدام واطفال نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اس کو بھرپور انداز سے کامیاب بنایا۔ ان مقابلہ جات کے علاوہ خدام کے علمی ودینی معیار میں اضافہ کے لیے مختلف موضوعات پر دروس و تقاریرکا بھی انعقاد کیا گیا۔

پروگرام کےدوسرے روز یعنی ۱۹؍اگست کو نماز تہجد، نماز فجر، درس اور دیگر تربیتی و ورزشی پروگرامز کے علاوہ احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی پُرامن تعلیم کے فروغ کے لیے خدام نے شہرAkpro-Missereteمیں ایک امن مارچ کیا جس کی قیادت صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ بینن، گھانا، نائیجیریا اور مشنری انچارج بینن نےکی۔

پانچ کلومیٹر پر محیط یہ مارچ جس میں سفید یونیفارم میں ملبوس خدام، اطفال نعرہ تکبیر، محمد رسول اللہﷺ اور غلام احمد کی جے، کے نعرے لگاتے جب شہر کے راستوں سے گزرتے تو لوگ ان کو دیکھنے کے لیے گھروں سے باہر آجاتےتھے۔ الحمد للہ

مورخہ ۲۰؍ اگست بروز اتوار یعنی اجتماع کے تیسرے اورآخری روز نماز تہجد و فجر کے بعدنیشنل شعبہ رشتہ ناطہ کے تحت ایک لیکچر ہوا جس میں حضرت مسیح موعودؑ اور خلفاء کے اقوال کی روشنی میں احمدی بچوں اوربچیوں کو جماعت میں شادیاں کرنے کی طرف توجہ دلائی گئی۔

بعدازیں مختلف مقابلہ جات کے فائنل راؤنڈز کروائے گئے نیز انسانیت کے لیے خدام الاحمدیہ بینن نے خون کے عطیات پیش کیے۔

اختتامی تقریب کے لیے امیر جماعت بینن محترم لقمان بصیرو صاحب مع متعدد ممبران مجلسِ عاملہ تشریف لائے۔ اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم امیر صاحب گیارہ بجے تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ عہد خدام الاحمدیہ اور قصیدہ پیش کیے جانے کے بعد شعبہ وقفِ نوکی طرف سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان ’’ایک واقفِ نو کا عہد اور اس کے تقاضے‘‘ تھا۔ اس موضوع پر لوکل مشنری عزیزم عیسیٰ ابراہیم نے قرآنِ کریم کی آیت پیش کرنے کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ اور سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں وقفِ نو کے قیام کی مختصر تاریخ اور ایک وقفِ نو کی ذمہ داریاں بیان کیں۔

بعد ازاں تقریب تقسیم انعامات کا انعقادہوا جس میں اعزاز حاصل کرنے والے اطفال و خدام میں انعامات تقسیم کیے گئے نیز عہدیداران کی حوصلہ افزائی کے لیے اعزازی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ اس کے علاوہ گھانا اور نائیجیریا سے آنے والے وفود کے اراکین کی خدمت میں تحائف پیش کیے گئے۔

آخر پر محترم امیر صاحب بینن تمام خدام و اطفال کو نصائح کیں نیز اختتامی دعا کروائی۔

امسال کے نیشنل اجتماع خدام الاحمدیہ میں بینن کے مختلف ریجنز سے ۵۴۲؍ خدام واطفال نے شرکت کی۔

(رپورٹ: مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button