کرکٹ ورلڈ کپ ۲۳ء

کرکٹ ورلڈکپ ۲۰۲۳ء: بھارت کی پاکستان کے خلاف بڑی فتح

کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء
میچ نمبر12: ہفتہ 14؍ اکتوبر2023ء
پاکستان بمقابلہ بھارت
(India vs Pakistan)
احمدآباد،گجرات

اس ورلڈ کپ میں انڈین ٹیم کا شاندارکھیل اور پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچز میں ان کا تسلط اورغیرمعمولی ریکارڈ برقرار ہے۔احمد آباد میں ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں ایک مرتبہ پھربھارت نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سات وکٹوں سے شکست دے دی۔میچ کے بہترین کھلاڑی جسپریت بمرا(Jasprit Bumrah)قرار پائے جنہوں نے 7اوورز میں صرف 19رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

بھارتی گیندبازوں نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کو 191کے مختصر سکور پر آؤٹ کیا ۔آسان ہدف کے جواب میں ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے شبمن گِل(Shubman Gill) اور ویرات کوہلی (Virat Kohli) تیز ی سے رنز بنانے کی کوشش میں جلدی وکٹیں گنوا بیٹھے۔تاہم اِن فارم روہت شرما (Rohit Sharma) نے اپنی بےمثال بلے بازی کے جوہر دکھائے اور 6چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 63گیندوں پر 86رنز کی شاندار باری کھیلی۔Shreyas Iyerنے ناقابل شکست 53رنز بنائے اور بھارت نے مطلوبہ ہدف30.3اوورز میں پورا کرلیا۔اس کامیابی کے ساتھ بھارت پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبرآگیا۔

احمدآباد کے گرم اورمرطوب موسم میں کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بلےبازی کی دعوت دی۔پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگزکا پراعتماد آغاز تو کیا لیکن ناصرف بڑا سکور بنا نے میں ناکام رہے بلکہ جارحانہ کھیل سےحریف ٹیم پر حاوی بھی نہ ہوسکے۔41کے سکور پرعبداللہ شفیق20رنز بنا کر محمدسراج (Mohammad Siraj) کا شکار بنے۔اس کے بعد امام الحق 36رنز بنا کر ہاردک پانڈیا(Hardik Pandya) کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو12.3 اوورز میں پاکستان کا مجموعی سکور73تھا۔اس کے بعد بابر اعظم (Babar Azam)اور محمد رضوان (Muhammad Rizwan) کے درمیان 82رنز کی اچھی ساجھے داری ہوئی تو توقع کی جارہی تھی کہ پاکستان کی طرف سے ایک اچھا ٹارگٹ دیا جائے گا اور ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ بابراعظم انڈیا کے خلاف ساتویں اننگز میں اپنی پہلی نصف سینچری مکمل کرنے کے فوراً بعد محمد سراج کی ایک سیدھی بال پر بولڈ ہوگئے۔

بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کی دیر تھی کہ پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اورایک بعد ایک کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین کی راہ لیتا رہا۔سعودشکیل ،افتخاراحمد،شاداب خان اورمحمد نواز میں سے کوئی بلےباز بھی ڈبل فگرز تک نہ پہنچا سکا۔اور یوں ساری ٹیم 42.5اوورز کھیل کر191کے سکور پرڈھیر ہوگئی۔انڈیا کی طرف سے سبھی گیندبازوں نے زبردست کارکردگی دکھائی۔فاسٹ باؤلرز کے ساتھ اسپن باؤلرز نے درمیانی اوورز میں بلے بازوں کو پریشان کئے رکھا اور کھل کر رنز نہ بنانے دئیے۔Bumrah،Siraj،Pandya،Jadeja اور Kuldeep نے دود و کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مختصر اسکور

پاکستان 191/10(42.5 اوورز)؛بابراعظم 50،رضوان 49
جسپریت بمرا2/19،پانڈیا2/34،کلدیپ یادیو 2/35

بھارت192/3(30.3 اوورز)روہت شرما86،شریاس آئیر53*
شاہین آفریدی2/36،حسن علی1/34

اہم اعداد و شمار وریکارڈز

• ایک روزہ ورلڈ کپ میں بھار ت کی پاکستان کے خلاف یہ آٹھویں لگاتار فتح ہے ۔
• روہت شرما(Rohit Sharma) نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 300 چھکوں کا سنگ میل عبور کرلیا۔ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ (351) چھکے لگانے کا ریکارڈ پاکستان کے شاہدآفریدی(Shahid Afridi) کے پاس ہے جبکہ 331چھکوں کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل(Chris Gayle) دوسرے نمبر پر ہیں۔روہت شرما کا تیسرانمبر ہے۔
• ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت نے سب سے زیادہ 26وِیں مرتبہ حریف ٹیم کو200سے کم سکور پر آؤٹ کیا ۔آسٹریلیا 23اور نیوزیلینڈ21 مرتبہ مدمقابل ٹیموں کو 200 سے کم مجموعے پرآؤٹ کرچکی ہیں۔

تیرھواں میچ: انگلینڈ بمقابلہ افغانستان

15اکتوبر2023ء کو دہلی میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں مدِّ مقابل ہوں گی۔پہلے میچ میں نیوزیلینڈ کے ہاتھوں ناکامی کے بعد دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف انگلینڈ نے بہترین کھیل پیش کیا۔افغانستان کے خلاف بھی انگلینڈ ہرلحاظ سے فیورٹ ہے۔ افغان ٹیم کی بیٹنگ ابھی تک بڑا سکور کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اور گیند بازی بھی متاثرکن نہیں رہی۔امید ہے کہ دہلی کی سپاٹ pitch پراگر انگلینڈ کو پہلے بلےبازی کا موقع ملا تو ایک بڑا سکور دیکھنے کو ملے گا۔ون ڈے کرکٹ میں یہ ٹیمیں صرف دو مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں اور یہ دونوں مقابلے ورلڈ کپ میں ہوئے ہیں۔2015ء کے ورلڈ کپ میں سڈنی (Sydney) کے میدان پر انگلینڈ نے 9وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور2019ء کے ورلڈ کپ میچ میں مانچسٹر (Manchester) کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ پر بھی انگلینڈ150 رنز سے فاتح رہا۔اس میچ میں انگلش کیپٹنEoin Morganنے ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں ریکارڈ17چھکے لگا کر71 گیندوں پر148رنز بنائے تھے۔

(رپورٹ: ۔ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button