جلسہ سالانہ

جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ بیلجیم ۲۰۲۳ء

(چوہدری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بیلجیم)

٭… تین روزہ جلسہ میں باجماعت نماز تہجد کا اہتمام، تبلیغی نشستوں کا انعقاد، سوالات کے پُر مغز جوابات

٭…مختلف علمی و تربیتی مضامین پر تقاریر

٭… سولہ سو سے زائد احبابِ جماعت کی جلسہ سالانہ میں شرکت

محض خدا تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ بیلجیم کو اپنا ۲۹ واں جلسہ سالانہ مورخہ ۱۵تا ۱۷؍ستمبر۲۰۲۳ء لیون شہر میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذلک

جلسہ سالانہ کے انعقادسے قبل مختلف امورکی راہنمائی اور دعا کی خاطر حضور انور کی خدمت میں خطوط لکھے گئے۔جن کے جواب میں حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ڈھیروں دعاؤں سے نوازا اور جلسہ کے انتظامی امورکے متعلق راہنمائی فرمائی۔چنانچہ امیر جماعت بیلجیم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب کی جانب سے جلسہ سالانہ کے انتظامات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مکرم افضال احمدتوقیر صاحب افسر جلسہ سالانہ، مکرم توصیف احمد صاحب افسر خدمت خلق اور خاکسار افسر جلسہ گاہ مقرر ہوئے۔ تینوں افسران نے اپنے ذیلی عہدیداران اور کارکنان کے ساتھ مل کر جلسہ سالانہ کے انتظامات مکمل کیے۔

ہال کی دستیابی کے بعد جلسہ سے ایک روز قبل ۱۴؍ستمبر بروز جمعرات جلسہ سالانہ کی تیاری کے سلسلہ میں وقارعمل کیا گیا جس میں مارکیز اور خیمہ جات کی تنصیب، پنڈال کی سجاوٹ وآرائش، سیکیورٹی، لنگر خانہ و دیگر اہم ترین انتظامات کیے گئے۔ واضح رہے کہ حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خصوصی ہدایات کے تحت کووڈ ۱۹ کے حوالے سے تمام تر حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ احباب کو ماسک کے استعمال اور فاصلہ رکھنے کی تاکید کی گئی۔

اس وقارِ عمل میں جلسہ کی روحانی برکات و فضائل کے حصول کے لیے وقت کی قربانی کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی تمام ذیلی تنظیموں کے ممبران شامل ہوئے۔ ناظم صاحب تیاری جلسہ سالانہ نے بعض ٹیکنیکل امور کے متعلق ہدایات دیں اور کارکنان میں کام تقسیم کیا اور ہدایت کی کہ تمام کارکنان متعین کیے گئے عہدیداران کے ساتھ مل کر کام کریں۔

جلسہ سالانہ کا پہلا روز

جماعت احمدیہ بیلجیم کے ۲۹ویں جلسہ سالانہ کے پہلے روز یعنی ۱۵؍ستمبربروز جمعۃ المبارک کی صبح سے روایتی دینی جوش و جذبے کے ساتھ معزز مہمانان کرام کی آمد کاسلسلہ شروع ہوگیا۔ شعبہ استقبال کے کارکنان نے جلسے پر آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔جلسہ سالانہ کی افتتاحی تقریب سے قبل مہمانوں نے دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد نماز جمعہ میں شرکت کی۔

نمازجمعہ: نماز جمعہ مکرم احسان سکندر صاحب مشنری انچارج بیلجیم نے پڑھائی آپ نے خطبہ جمعہ میں احباب جماعت کو توجہ دلائی کہ حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کے مطابق یہ جلسے معمولی ہرگز نہیں ہیں۔ ہم یہاں دنیاوی کام چھوڑ کر ایک دینی مقصد کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ یہ جلسہ اسی جلسے کا تسلسل ہے جس کا آغاز حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے تائیدالہی سے فرمایا تھا۔ آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بیان فرمودہ مقاصد جلسہ سالانہ پڑھ کر سنائے اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کا فرمودہ خطبہ جمعہ پڑھ کر سنایا جس میں آپ نے کارکنان کو جلسہ سالانہ کے حوالہ سے نصائح فرمائی تھیں۔

تقریب پرچم کشائی: جلسہ کے پہلے روز جماعتی روایات کے مطابق پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم مشنری انچارج صاحب بیلجیم اور مکرم امیر صاحب جماعت بیلجیم نے بالترتیب لوائے احمدیت اور بیلجیم کا قومی پرچم لہرا کر دعا کے ساتھ اس بابر کت جلسہ کا افتتاح کیا۔ بعدازاں مجلس خدام الاحمدیہ کے مستعد خدام نے پرچم کی حفاظت کے لیے اپنی ڈیوٹی سنبھال لی۔

پرچم کشائی کے بعد جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ تلاوتِ قرآن کریم و نظم کے بعد جلسے کی افتتاحی تقریر مکرم امیر صاحب نے رحمۃ للعالمین ﷺ کے موضوع پر کی جس میں آپ نے آنحضرت ﷺ کے درخشندہ و روشن اسوۂ حسنہ کے متعلق تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اجلاس کی دوسری تقریر مکرم عدیل الرحمٰن صاحب نے خدمت دین کی اہمیت پر کی جس میں انہوں نے احباب جماعت کو خدمت دین کے عظیم الشان ثمرات و فوائد کی طرف توجہ دلائی۔ پھر ایک نظم کے بعد تیسری تقریر مکرم منوراحمد راجپوت بھٹی صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کے عشقِ رسول ﷺ کےمتعلق کی جس میں انہوں نے مہدی آخرالزماں، عاشقِ صادق محمد مصطفیٰ ﷺ کے اپنے آقا کے ساتھ بے مثال محبت و عقیدت کے حوالے سے چند واقعات بیان کیے۔

جلسہ سالانہ کا دوسرا روز

جلسہ سالانہ بیلجیم کے دوسرے روزکا آغاز صبح ساڑھے پانچ بجے نمازِ تہجد سے ہوا جو مکرم طٰہٰ الدین متعلم جامعہ احمدیہ یوکے نے پڑھائی۔ بعدازاں مکرم شہر یار اکبر صاحب مربی سلسلہ نے نماز فجرپڑھائی اور درس قرآن دیا۔

دوسرا اجلاس: دوسرے اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم منیر احمد بھٹی صاحب آڈیٹر جماعت احمدیہ بیلجیم ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم چودھری محمد مظہر صاحب مربی سلسلہ نے قرآن کریم سرچشمہ امن عالم کے موضوع پر کی جس میں آپ نے قرآن کریم میں بیان فرمودہ دنیا میں قیامِ امن سے متعلق تعلیمات پیش کیں۔ اس اجلاس کی دوسری تقریر حسیب احمد صاحب مربی سلسلہ نے اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُکے موضوع پر کی جس میں آپ نے قرآن وحدیث کی روشنی میں سیرت رسولﷺ کے مختلف پہلوؤں کو سامعین کے سامنے پیش کیا۔ پھر ایک نظم کے بعد اجلاس کی آخری تقریر مکرم افضال احمد توقیر صاحب نیشنل سیکرٹری وصایا نے آنحضرتﷺکا جود و سخا کے موضو ع پر کی۔

تیسرا اجلاس: طعام و نماز ظہر وعصر کے بعد تیسرا اجلاس مکرم ٹومی کالون صاحب چیئرمین پین افریقن احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن (PAAMA) کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد جلسہ میں شامل ہونے والے معزز مہمانوں کا تعارف پیش کیا گیا۔ ان مہمانوں میں ایوان آرجونا پیلاڈو (پریذیڈنٹ یورپین انسٹیٹیوشن، کونسل آف یورپ)، سینا ویرائی (پالیسی آفیسر بہائی انٹرنیشنل کمیونٹی برسلز)، ویلے فاؤٹر (ہیومن رائٹس فرانٹیر) شامل تھے۔ اسی طرح جماعت کے بہت دیرینہ دوست فواد ایدار (پریذیڈنٹ برسلز فلیمش پارلیمنٹ) بھی شامل تھے۔ تمام مہمانوں نے سٹیج پر آکر احباب سے مختصراً خطاب کیا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریرمکرم واندن بروک صاحب نے خلافت احمدیہ کی قیادت میں جماعت احمدیہ کی ترقیات کے موضوع پر ڈچ زبان میں کی۔ دوسری تقریر بعنوان ’’خلفائے احمدیت کے ایمان افروز واقعات‘‘ خاکسار (افسر جلسہ گاہ) نے پیش کی۔

تبلیغی میٹنگ: تبلیغی میٹنگ کا آغاز زیر صدارت مرکزی مہمان مکرم طاہر ندیم صاحب (مربی سلسلہ عربی ڈیسک یوکے) ہوا۔ تلاوت کے بعد مکرم توصیف احمد صاحب مربی سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم نے غیر از جماعت افراد کو جماعت کا تعارف کروایا۔ جماعتی مساعی کے بارے ایک پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ سوال و جواب کا موقع دیا گیا ۔ غیر از جماعت احباب کی کل حاضری ۱۴۰ رہی۔

تبلیغی میٹنگ عرب مہمان: مکرم ندیم طاہر صاحب مربی سلسلہ نے عرب غیر ازجماعت احباب کے سوالات کے جواب دیے۔

تبلیغی میٹنگ بنگلہ مہمان: مکرم فیروز عالم صاحب مربی سلسلہ نے بنگلہ مہمانوں کے سوالات کےجواب دیے۔

تبلیغی میٹنگ افریقن مہمان : مکرم ٹومی کالون صاحب چیئرمین پین افریقن احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن (PAAMA)نے افریقن مہمانوں کےسوالات کے جواب دیے۔

جلسہ سالانہ کا تیسرا روز

جلسہ سالانہ کے تیسرے روز کا آغاز صبح ساڑھے پانچ بجے نماز تہجد سے ہوا۔ مکرم طٰہٰ الدین متعلم جامعہ احمدیہ یوکے نے نماز فجرپڑھائی اور درس قرآن دیا۔

اس روز چوتھے اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم فیروز عالم مربی سلسلہ و انچارج مرکزی بنگلہ ڈیسک یوکے ہوا۔ تلاوت قرآن پاک و نظم کے بعد پہلی تقریر مکرم سکدر بشیر نے سیرت حضرت خلیفۃ المسیح الاول رضی اللہ۔ توکل وقناعت کے موضوع پر فرنچ زبان میں، مکرم رفیق احمد ہاشمی صاحب (سیکرٹری رشتہ ناطہ) نے صداقت حضرت مسیح موعودؑ جماعتی ترقیات کی روشنی میں کے موضوع پر اور مکرم نائب امیر و مشنری انچارج صاحب کی اطاعت نظام جماعت کے موضوع پر کی۔ اجلاس کے آخر پر سال کے دوران وفات پانے والے مرحومین کا ذکر کیا گیا۔

اختتامی اجلاس

مکرم طاہر ندیم صاحب مربی سلسلہ عربی ڈیسک یوکے کی زیر صدارت اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ نظم کے بعد سیکرٹری تعلیم مکرم نبیل احمد صاحب نے ۲۰۱۸ء تا ۲۰۲۳ء تک تعلیمی میدان میں اعلیٰ کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے ناموں کا اعلان کیا۔ اس کے بعد مکرم انور حسین صاحب نائب امیر نے بیلجیم میں مساجد کے قیام کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن پیش کی۔ جس میں احباب کے مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا ذکر کیا اور آئندہ ٹارگٹس کے تعین کا ذکر کیا۔ اختتامی اجلاس کی واحد تقریر مکرم صدر صاحب مجلس نے معرفت الٰہی کے موضوع پر پیش کی۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کا عربی قصیدہ پیش کیاگیا۔

آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی کلمات پیش کیے۔ آپ نے تمام مرکزی مہمانان اور تمام شاملینِ جلسہ کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ جلسہ کا اختتام مکرم طاہر ندیم صاحب مربی سلسلہ نے دعا سے کیا۔

امسال جلسہ سالانہ بیلجیم پر کل حاضری ۱۶۴۲؍ تھی۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس عظیم الشان روحانی ماحول سے ڈھیروں برکتیں اور رحمتیں سمیٹنے کی توفیق عطا کرے۔آمین ثم آمین

(رپورٹ: چودھری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button