کرکٹ ورلڈ کپ ۲۳ء

کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 62رنز سے شکست دے دی

کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء
میچ نمبر18: جمعہ20 اکتوبر2023ء
پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا
بمقام: بنگلورو(Bengaluru)

ڈیوڈ وارنر،مچل مارش اور ایڈم زمپا نے جمعہ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف اہم جیت دلائی۔آسٹریلیا نے ابتدائی دو میچوں میں شکست کا سامنا کرنے کے بعدشاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے دوسری لگاتار کامیابی حاصل کی۔جبکہ پاکستان کو پہلے دو میچز جیتنےکے بعددوبڑی ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا اور یوں ورلڈکپ میں ان کا سفرمشکل سے مشکل تر ہوتادکھائی دے رہا ہے۔
بنگلوروکے چنا سوامی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی

بلےباز کے لئے نہایت سازگارکنڈیشنز اور چھوٹی باؤنڈری والے گراؤنڈ میں آسٹریلوی اوپنرز نے زبردست آغاز فراہم کیا۔مچل مارش نے پہلے ہی اوور میں شاہین آفریدی کو چھکا لگا کر اپنے ارادے واضح کردئیے تھے۔دوسری طرف شاداب خان کی جگہ پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے والے اسامہ میرنے شاہین آفریدی کی گیند پر ڈیوڈ وارنرکادس کے سکورپر ایک انتہائی آسان کیچ چھوڑ دیا جوکہ بہت مہنگا ثابت ہوا۔

پہلے آٹھ اوورزمیں آسٹریلیا نے محتاط انداز میں محض 43رنز بنائےلیکن نویں اوور میں حارث رؤف کے پہلے ہی اوور میں 24رنز بنے جس میں چارچوکے اورایک بلند بانگ چھکا شامل تھا۔اس کے بعدDavid WarnerاورMitchell Marsh نے رکنے کا نام نہ لیا۔اور 33.5اوورز میں پہلی وکٹ کی شراکت میں259رنز بناڈالے۔دونوں اوپنرز نے چھکوں اورچوکوں کی خوب بارش کی۔

مچل مارش نے اپنے جنم دن پر121رنز کی شاندار باری کھیلی جس میں نو چھکے اوردس چوکے شامل تھے۔دوسری طرف ڈیوڈ وارنرکا بلا رنز اگلتا رہا اور بالآخراننگز کے 43ویں اوور میں 124گیندوں پر163رنز بنا کر شاہین آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔وارنر کی باری میں نوچھکے اورچودہ چوکے شامل تھے۔

259رنز پرپہلی وکٹ گرنے کے بعد آسٹریلوی بلے باز اتنے رنز نہ بنا سکے جتنے کی توقع کی جارہی تھی۔آخری دس اوورز میں پاکستانی فاسٹ باؤلرز نے زبردست کم بیک (come back) کیا اور صرف 55رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔تاہم آسٹریلیا نے مقررہ پچاس اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر367کا بڑا سکور ضرور بنا لیا۔پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے پانچ اور حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز عبداللہ شفیق (Abdullah Shafiq)اور امام الحق(Imam-ul-Haq) نے بہترین آغاز فراہم کرتے ہوئے 134رنز کی شراکت قائم کی۔لیکن پھر تیز رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش میں پاکستان کی وکٹیں گرنا شروع ہوئیں اور کوئی بھی بڑی ساجھے داری نہ بن سکی۔امام الحق نے 70 جبکہ عبداللہ شفیق نے 64رنز بنائے۔بابر اعظم ایک مرتبہ پھرامیدوں کے برعکس جلدی آؤٹ ہوگئے۔محمدرضوان،سعود شکیل اور افتخار احمد نے اچھی بیٹنگ کی لیکن آسٹریلوی گیند باز اہم وقت پر ان کی وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور پوری پاکستانی ٹیم 45.3اوورز میں 305رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے لیگ اسپنر ایڈم زمپا(Adam Zampa) نے 53رنز دے کر چار اہم وکٹیں حاصل کیں۔Pat Cumminsاور Marcus Stoinisدودوکھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
David Warnerکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پوائنٹس ٹیبل پر،اس میچ کے بعد آسٹریلیا چوتھے جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر چلا گیا۔پاکستان کا اگلا میچ 23اکتوبر کو افغانستان کے خلاف چینئی میں ہوگا۔ جبکہ آسٹریلیا کا پانچواں مقابلہ 25اکتوبرکو دہلی میں نیدرلینڈز کے ساتھ ہوگا۔

مختصراسکور: آسٹریلیا 50اوورز میں367/9
ڈیوڈوارنر163،مچل مارش 121
شاہین آفریدی5/54،حارث رؤف 3/83
پاکستان45.3اوورز میں 305/10
امام الحق 70،عبداللہ شفیق64،رضوان46
ایڈم زمپا4/53،سٹوئنس2/40،کمنز2/62

اہم اعداد و شمار و ریکارڈز


• ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش کے درمیان 259رنز کی شراکت ODI ورلڈ کپ میں دوسرا سب سے زیادہ اوپننگ سٹینڈ ہے۔ پہلی وکٹ کے لئے سب سے بڑی 282رنز کی شراکت سری لنکا کے تلکارتنے دلشان اور اپل تھرنگا نے 2011 ءمیں زمبابوے کے خلاف بنائی تھی۔
• آسٹریلیا کے9 وکٹ پر 367 رنز،ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑاسکور ہے۔اسی طرح ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کا پاکستان کے خلاف یہ دوسرا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔قبل ازیں 2017ء میں ایڈیلیڈ کے میدان پر آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف369رنز بنائے تھے۔
• ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں لگاتارچوتھی سنچری بنائی۔اس طرح وارنرکسی حریف کے خلاف ون ڈے میچ میں مسلسل چار سنچریاں بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔انڈیا کے ویرات کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ اعزازحاصل کیا تھا۔
• ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں دوسری بار آسٹریلیا کی جانب سے اپنی اننگزمیں سب سے زیادہ 19چھکے لگائے گئے۔اس سے قبل 2013ء میں بھارت کے خلاف اسی گراؤنڈ پر آسٹریلوی بلےباز 19چھکے لگانے میں کامیاب رہے تھے۔
• ورلڈ کپ مقابلوں میں پہلی بار ہوا ہے کہ چاروں اوپنرزنے 50سے زائد رنز بنائے۔جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں مجموعی طورپر14ویں مرتبہ ایسا ہوا ہے۔

21اکتوبر کے میچز

 کرکٹ ورلڈ کپ 2023ءہفتہ 21اکتوبر کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔پہلا میچ مقامی وقت کے مطابق صبح 10:30 بجے لکھنؤ میں سری لنکا اور نیدرلینڈز کے مابین ہوگا،جبکہ دن کا دوسرامقابلہ دوپہر2:00بجے انگلینڈاورجنوبی افریقہ کے درمیان ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
 ODIورلڈ کپ میں سری لنکا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں پہلی بارمدمقابل ہوں گی۔تاہم اس سال زمبابوے میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں یہ ٹیمیں فائنل سمیت دو میچزمیں آمنے سامنے آئیں اوردونوں بارسری لنکن ٹیم نے بازی اپنے نام کی۔مجموعی طورپر ان ٹیموں کے مابین پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز ہو چکے ہیں اور یہ سب مقابلے سری لنکا نے جیتے ہیں۔اب دیکھنا ہوگا کہ اس میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم گزشتہ میچ میں جنوبی افریقہ کواَپ سیٹ کرنے کےبعد سری لنکن ٹیم کو مشکلات سے دوچارکرپاتی ہے یا نہیں۔
 سری لنکا اپنے ابتدائی تینوں میچ ہارنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پرآخری نمبرپر ہے۔
 دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ کےساتھ ممبئی کے وانکڈے سٹیڈیم میں ہوگا۔یہ دونوں ٹیمیں ایک روزہ ورلڈکپ میں سات بار آمنے سامنے آچکی ہیں۔چارمیچز انگلینڈجبکہ تین جنوبی افریقہ نے جیتے ہیں۔امید کی جارہی ہے کہ اس میچ میں زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

(رپورٹ: ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button