حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

حماس اسرائیل جنگ کے پیش نظر دعا کی تحریک اور مسلم ممالک کو نصیحت

(اسلام آباد، ٹلفورڈ، ۲۰؍اکتوبر ۲۰۲۳ء) امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲۰؍اکتوبر ۲۰۲۳ء میں دنیا کے موجودہ حالات، حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی خطرناک صورت حال اور مظلومین کے لیے خصوصی دعاؤں کی تحریک فرمائی۔ حضورِ انور نے فرمایا کہ اس وقت میں دوبارہ دنیا کے حالات کے حوالہ سے دعا کے لیے بھی کہنا چاہتا ہوں۔

اب تو مغربی دنیا بلکہ امریکہ کے بھی بعض لکھنے والوں نے یہ اخباروں میں لکھا ہے کہ بدلے کی بھی کوئی انتہا ہونی چاہیے اور امریکہ اور مغربی ممالک کو حماس اور اسرائیل کی جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور صلح اور جنگ بندی کی کوشش کرنی چاہیے۔ لکھنے والے یہ بھی لکھتے ہیں کہ لگتا ہےکہ یہ لوگ جنگ بند کروانے کی بجائے بھڑکانے پر تلے ہوئے ہیں۔

اسی طرح امریکہ کی کل خبر تھی کہ وزارت خارجہ کے ایک بڑے افسر نے اس بات پر استعفیٰ دے دیا کہ اب انتہا ہوچکی ہے۔ فلسطینی معصوموں پر بہت زیادہ ظلم ہورہا ہے۔ اور بڑی طاقتوں کواس کا خیال کرنا چاہیے۔ توان لوگوں میں بھی شرفاء موجود ہیں۔اسی طرح بعض دفعہ میڈیا پہ آتا ہے بعض یہودی Rabbiبھی ان کے حق میں بول رہے ہیں اور ظلم کے خلاف بول رہے ہیں۔

روس کے وزیر خارجہ نے بھی بیان دیا ہے کہ اگر اسی طرح یہ ممالک اپنا رویہ رکھے رہے تو یہ جنگ پورے خطے میں پھیل جائے گی۔

حضور فرماتے ہیں کہ بلکہ میں سمجھتا ہوں کہ دنیا میں پھیل جائے گی۔پس ان لوگوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

اسی طرح مسلمان ممالک کو جیسا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا ایک ہوکر اور ایک آواز ہوکر بولنا چاہیے۔ اگر دنیا کے ترپن، چوّن ممالک جو مسلمان کہے جاتے ہیں، ایک آواز میں بولیں تو یہ بڑی طاقت ہوگی۔ اور اس کا اثر بھی ہوگا پھر۔ ورنہ اکا دکا آوازیں کوئی اثر نہیں رکھتیں۔ اور یہی ایک طریقہ ہے دنیا میں امن قائم کرنے کا اور اس جنگ کے خاتمے کا۔ پس

مسلمان ممالک کو دنیا کو تباہی سے بچانے کے لیے اپنا کرداد ادا کرنے کی بھر پور کوشش کرنی چاہیے۔

اللہ تعالیٰ ان کو اس کی توفیق بھی دے۔ لیکن بہرحال

ہمیں دعاؤں پر زور دینا چاہیے۔

اللہ تعالیٰ اس جنگ کا بھی خاتمہ کرے اور معصوم مظلوم فلسطینیوں کی حفاظت فرمائے، مزید ان پر ظلم نہ ہوں اور ظلم کو دنیا سے ختم کرے جہاں بھی ظلم ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں دعاؤں کی بھی توفیق دے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button