حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…اسرائیلی ٹینک نے رفح کراسنگ کے قریب مصری چیک پوسٹ کو نشانہ بنا ڈالا۔ اسرائیلی فوج نے حملے کا اعتراف کرلیا اور کہا کہ غلطی ہوگئی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ہمیں اس پر افسوس ہے۔یاد رہے کہ کچھ روز پہلے ہی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن کو یقین دہانی کرائی تھی کہ مصر کے راستے غزہ آنے والی امداد پر حملہ نہیں کریں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کھانا، پانی اور دواؤں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔اس سے پہلے عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ رفح کراسنگ سے امدادی ٹرک کے دوسرے قافلے کے غزہ میں داخل ہونے کے بعد دھاکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

٭…اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے پناہ گزین کی جانب سے غزہ کے حوالے سے بیان میں اقوام متحدہ کے ۲۹؍رضاکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ان کا مزید یہ کہنا تھا کہ غزہ میں ہمارے جاں بحق اہلکاروں میں سےنصف اساتذہ تھے۔

٭…سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے غزہ میں کشیدگی کم کرنے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے پر زور دیا ہے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو مسترد کردیا ہے۔دونوں راہنماؤں نے سعودی ولی عہد کو ٹیلی فون کیا۔اس موقع پر سعودی ولی عہد نے کہا کہ غزہ میں محاصرہ ختم کیا جائے تاکہ طبی و ریلیف امداد جلد پہنچائی جاسکے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تشدد نہ پھیلے ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے دیرپا امن اور خطے میں استحکام کی بحالی پر زور دیا۔دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ریاض میں امریکی سینیٹر Lindsey Grahamسے بھی ملاقات کی۔

٭…اسرائیل فلسطین کشیدگی میں حالیہ اضافے کے بعد چین نے گذشتہ ہفتے مشرقِ وسطیٰ میں چھ بحری جنگی جہاز تعینات کر دیے۔چینی اخبار کے مطابق خلیجی علاقے میں متبادل کے طور پر دو چینی بحری جنگی جہاز پہنچے ہیں۔عمان کی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں کے بعد چینی ٹاسک فورس نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہو گئی ہے۔

٭…ویٹی کن میں ہفتہ وار دعائیہ خطاب کے دوران عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین کی صورت حال پر بہت افسردہ اور پریشان ہوں۔اسرائیل فلسطین کشیدگی میں یرغمالیوں، زخمیوں، متاثرین اور ان کے اہلخانہ کےلیے دعاگو ہوں۔ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھی جائے، یرغمالیوں کو رہا کیا جائے۔ دنیا میں کہیں بھی ہو، جنگ ہمیشہ شکست ہوتی ہے اور انسانیت کی تباہی ہوتی ہے۔ پوپ فرانسس نے اپیل کی کہ بھائیو! جنگ کو روکو۔

٭…اسرائیل حماس تنازع مشرقِ وسطیٰ میں پھیلنے کے خدشات بڑھنے لگے ہیں۔ اسرائیل نے جنوبی لبنان کے اندر پانچ کلومیٹر تک شدید گولا باری کی ہے۔اس دوران حزب اللہ اور اسرائیلی فوج میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔دوسری جانب امریکہ نے پورے مشرقِ وسطیٰ میں فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا ہے، مزید میزائل نصب کرنے اور فوجیوں کی تعیناتی کے لیے الرٹ کر دیا ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ اسرائیل کو دفاع کا حق حاصل ہے، اسرائیل کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔

٭…امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ایران اور اس کی حمایت یافتہ تنظیموں سے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ میں اضافے کا خطرہ ہے۔ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ امریکہ خطے میں کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا۔ حماس کی جانب سے مزید یرغمالیوں کی رہائی کی اُمید ہے۔

دوسری جانب انہوں نے لبنانی وزیراعظم نجیب مکاتی سے لبنانی عوام کی حمایت کا اعادہ کیا۔انٹونی بلنکن کی لبنان کے وزیراعظم نجیب مکاتی سے اسرائیل لبنان سرحدی کشیدگی پر گفتگو ہوئی۔انٹونی بلنکن نے کہا کہ واشنگٹن سمجھتا ہے کہ لبنانی مسلح افواج، انٹرنل سیکیورٹی فورس لبنان کے استحکام کی واحد قانونی ضامن ہیں۔ حماس اسرائیل تنازع میں لبنان کو گھسیٹنے سے لبنانی عوام پر اثر پڑے گا۔

٭…بحیرۂ عرب کے جنوب مغرب میں انتہائی شدید سمندری طوفان ’تیج‘ موجود ہے۔ پاکستانی سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق گذشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران طوفان شمال مغرب کی جانب بڑھا ہے، طوفان ’تیج‘ عمان کے شہر سلالہ کے جنوب مغرب سے تین سو کلو میٹر دور ہے۔ طوفان ’تیج‘ یمن کے شہر الغیضہ کے جنوب مشرق سے ۲۲۰؍کلو میٹر دور ہے۔ پاکستان کے ساحلی علاقوں کو سمندری طوفان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button