کلام امام الزمان علیہ الصلاۃ والسلام

کانوں کو غیبت سننے سے محفوظ رکھو

اپنے ہاتھوں اور اپنی زبانوں اور اپنے دل کے خیالات کو ہر ایک ناپاک منصوبہ اور فساد انگیز طریقوں اور خیانتوں سے بچاؤ۔خدا سے ڈرو اور پاک دلی سے اس کی پرستش کرو۔اور ظلم اور تعدّی اور غبن اور رشوت اور حق تلفی اور بے جا طرفداری سے باز رہو۔ اور بدصحبت سے پرہیز کرو اور آنکھوں کو بدنگاہوں سے بچاؤ اور کانوں کو غیبت سننے سے محفوظ رکھو۔

(کشف الغطاء، روحانی خزائن جلد۱۴صفحہ ۱۸۷)

سچ کہو۔ جھوٹ نہ بولو۔ بیہودہ باتوں سے پر ہیز کرو۔ اور اپنے فعل یا اپنے قول سے کسی کو نقصان مت پہنچاؤ۔ اپنی زندگی کو پاک رکھو۔ غیبت نہ کرو اور کسی پر بہتان مت لگاؤ۔ نفسانی شہوات اپنے پر غالب نہ ہونے دو۔ کینہ اور حسد سے پر ہیز کرو۔ بغض سے اپنا دل صاف رکھو۔ اپنے دشمنوں سے بھی وہ معاملہ نہ کرو جو تم اپنے لئے پسند نہیں کرتے۔ ایسی نصیحتیں دوسروں کو مت کرو جن کے تم پابند نہیں۔ معرفت کی ترقی میں لگے رہو۔ جہل سے دل کو پاک کرو۔ جلدی سے کسی پر اعتراض مت کرو۔ نفرت کرنے سے نفرت رفع نہیں ہوتی بلکہ اَور بھی بڑھتی ہے۔ محبت نفرت کو ٹھنڈا کر کے رفع کر دیتی ہے۔

(براہین احمدیہ حصہ پنجم،روحانی خزائن جلد ۲۱صفحہ۴۲۴)

پسند آتی ہے اس کو خاکساری

تذلل ہی رہِ درگاہ باری

بدی پر غیر کی ہر دم نظر ہے

مگر اپنی بدی سے بے خبر ہے

(حقیقۃ الوحی، روحانی خزائن جلد۲۲صفحہ۵۵۱)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button