امریکہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کی ’باغِ احمد‘ کی خریداری اور دعائیہ پروگرام

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کو حال ہی میں جنوبی نیو جرسی میں ۸۰؍ ایکڑ زمین خریدنے کی توفیق ملی۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت اس زمین کا نام ’’باغِ احمد‘‘ رکھا ہے۔ اس زمین کے حصول کا مقصد مستقبل میں یہاں ریجنل اور نیشنل اجتماعات منعقد کرنا ہے۔ اس زمین کا ایک حصہ درختوں پرمشتمل ہے اور ایک حصہ ہمواراور قابل کاشت ہے۔ باغ احمد شہری آبادی کے قریب واقع ہے اور متعدد ایئر پورٹس اس سے قریبی فاصلے پر موجود ہیں۔

۱۵؍ اکتوبر بروز اتوار دوپہر بارہ بجے محترم صاحبزادہ مرزا مغفور احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ امریکہ نے باغِ احمد کا دورہ کیا اور مجلس خدام الاحمدیہ کے منعقدہ پروگرام میں شرکت کی۔ مکرم امیر صاحب نے قطعہ زمین کے مستقبل میں استعمال کے لیے مفید تجاویز بھی دیں۔ اس دورے کے بعد ایک مختصر پروگرام ہوا جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم عبداللہ ڈبّا صاحب نے کی۔ معاون صدر اشفاق احمد خان صاحب نے تعارفی کلمات کے بعد معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں کہا کہ یہ محض خدا تعالیٰ کا فضل ہے کہ مجلس خدام الاحمدیہ کو یہ قطعہ زمین خریدنے کی توفیق ملی۔ بلاشبہ یہ مجلس اور جماعت کے لیے ایک قابل فخر بات ہے۔ آخر پر صدر مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ مکرم ڈاکٹر مدیل عبداللہ صاحب نے مکرم امیر صاحب اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا جن میں سے بعض لمبا فاصلہ طے کر کے پروگرام میں شرکت کے لیے آئے تھے۔اس تقریب کا اختتام دعا سے ہوا جو مکرم امیر صاحب نے کروائی۔

دعا کے بعد دوپہر کے کھانے کے لیے باربی کیو کا انتظام کیا گیا تھا۔ کھانے کے بعد تمام حاضرین نے نماز ظهر و عصر باجماعت ادا کیں جس کے ساتھ پروگرام کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ چونکہ پروگرام سے ایک دن قبل کافی بارش ہوئی تھی اس لیے پارکنگ کا انتظام باغِ احمد سے کچھ فاصلے پر کیا گیا تھا جہاں سے پھرمہمانوں کو گاڑیوں کے ذریعے باغ احمد لایا گیا۔ بچوں اور بڑوں کی تفریح کے لیے مختلف کھیلوں کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں ۲۸۰؍ سے زائد مہمانوں نے شرکت کی جس میں متعدد ممبران نیشنل مجلس عاملہ، صدران جماعت اور مربیان کرام شامل تھے۔

صدر صاحب مجلس کی راہنمائی میں باغِ احمد کے حصول میں تقریباً ایک سال سے زائد عرصہ لگا۔ اس جگہ کو ڈھونڈنے اور اس کے خریدنے میں معاون صدر برائے جائیداد نیاز بٹ صاحب اور معاون صدر برائے قانونی امور طارق چودھری صاحب کو خاص خدمت کی توفیق ملی۔ زمین کے لیے رقم اکٹھا کرنے کی ذمہ داری اور نگرانی معاون صدر اشفاق خان صاحب کو دی گئی تھی۔ اللہ تعالیٰ ان تمام افراد کو بہترین جزا دے جنہوں نے اس قطعہ زمین کے خریدنے اور اس کوکامیاب بنانے میں کسی بھی طرح کوشش یا قربانی کی۔ اللہ تعالیٰ مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کو باغِ احمد کے بہترین استعمال کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: سید رضا احمد۔ معتمد مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button