کرکٹ ورلڈ کپ ۲۳ء

کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء: انگلینڈ کی دوسری جیت، نیدرلینڈز کو 160رنز سےشکست!!

کرکٹ ورلڈ کپ

میچ نمبر40: بدھ،8نومبر2023ء

انگلینڈ بمقابلہ نیدرلینڈز

بمقام: پونے

مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم پونے میں رواں ورلڈ کپ کا چالیسواں مقابلہ انگلینڈ اور نیدرلینڈز کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جسے دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے 160رنز سے جیت کر لگاتار پانچ میچز ہارنے کے تسلسل کو توڑ دیا اور اس ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کی۔انگلش ٹیم کی اس جیت میں اہم کردار بین اسٹوکس(Ben Stokes) نے ادا کیا جو108رنز بناکر پلیئر آف دی میچ بھی قرارپائے۔

اس فتح کے بعد انگلینڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں نمبر پر آگئی اور یوں ان کے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لئے کوالیفائی کرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

انگلینڈ کے کپتان جَوس بٹلر(Jos Butler) نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔انگلش ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں،لیام لیونگسٹن اور مارک ووڈ کی جگہ ہیری بروک اور گس اٹکنسن کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔

انگلینڈنے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے،انگلش اوپنرز ایک بار پھر ٹیم کو بڑا آغاز دینے میں ناکام رہے۔جونی بیرسٹو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور اس کے بعد جو روٹ صرف 28 رنز بناسکے ۔جبکہ داوِد ملان(Dawid Malan)نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے 87رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔تاہم ان کے بعدہیری بروک،جَوس بٹلر اور معین علی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کا مجموعی سکور چھ وکٹوں کے نقصان پر192تھا اور 35.2اوورز کا کھیل مکمل ہوچکا تھا۔ساتویں وکٹ کی شراکت میں کرس ووکس (Chris Woakes)نے بین اسٹوکس (Ben Stokes)کے ساتھ مل کر 129رنز کی اہم پارٹنرشپ قائم کی۔Stokesنے 84 گیندوں پر 108رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6چوکے اور 6چھکے شامل تھے۔یہ ان کی ایک روزہ عالمی ٹورنامنٹ میں پہلی سینچری ہے۔کرس ووکس نے بھی بہترین ساتھ نبھایا اور45گیندوں پرایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 51رنز بنائے۔یوں انگلینڈٹیم مقررہ 50اوورز میں 339رنز کا بڑاسکور کھڑاکرنے میں کامیاب ہوئی۔نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈز نے 3 ،آریان دت اور لوگن وین بیک نے 2،2 جبکہ پال وین میکرن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

340کے مشکل ہدف کے تعاقب میں ڈچ ٹیم خاطرخواہ اور متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔ان کی پہلی دو وکٹیں 13کے سکورپر گریں جس کے بعدویسلے بریسی اوراینگلبریٹ کے مابین 55رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ویسلے بریسی37 رنز بناکر بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے۔پھر اینگلبریٹ اور باس ڈی لیڈے بھی جلد واپس لوٹےتو نیدرلینڈزکے پانچ کھلاڑی 104کے مجموعی سکورپر آؤٹ ہوچکے تھے۔ایسے میں کپتان سکاٹ ایڈورڈز(Scott Edwards)اور تیجا نیدامانورو (Teja Nidamanuru) نے مل کر ٹیم کا سکور 163 تک پہنچایا۔لیکن پھر انگلش اسپنرز عادل رشید اور معین علی کی بہترین باؤلنگ کے سامنے ڈچ کھلاڑی زیادہ دیر مزاحمت پیش نہ کرسکے اور پوری ٹیم 37.2اوورز میں 179رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔Teja Nidamanuru نے 34 گیندوں پر 41 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے۔ ان کی جارحانہ اننگز میں 3 چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 38 رنز بنا کر نمایاں رہےجبکہ نیدر لینڈز کے چھ بلے باز ڈبل فگرز میں داخل ہوئے بغیر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی طرف سے معین علی اور عادل رشید نے 3،3،ڈیوڈ ولی نے 2 اور کرس ووکس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خلاصہ:

 انگلینڈ 50 اوورز میں 339/9رنز

بین اسٹوکس 108،ڈیوڈ ملان 87،کرس ووکس 51؛

باس ڈی لیڈے 3/74،آریان دت2/67

 نیدرلینڈز کو 37.2 اوورز میں 179 پر آل آؤٹ

تیجا نیدامانورو 41*،سکاٹ ایڈورڈز38،بریسی 37

 معین علی 3/42،عادل رشید3/54،ڈیوڈ ولی 2/19

اہم ریکارڈز و اعدادوشمار

  • نیدرلینڈز کے خلاف 160رنز سے جیت انگلینڈ کی ورلڈ کپ میچز میں رنز کے اعتبار سےتیسری بڑی کامیابی ہے۔ 1975ءکےورلڈ کپ میں انگلش ٹیم نے بھارت کو 202رنز اور ایسٹ افریقہ کو196رنز کے مارجن سے ہرایا تھا۔
  • کرس ووکس نے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ 30وکٹیں لینے کا ریکارڈ آئن بوتھم کے ساتھ برابر کردیا۔
  • انگلینڈ نے اس ورلڈ کپ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کی اور اس طرح یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ایک ورلڈ کپ ایڈیشن میں شامل تمام ٹیموں نے کم ازکم دو میچز جیتے ہوں۔
  • اس ورلڈکپ میں اب تک  سب سے زیادہ دسrun-outs نیدرلینڈز کے ہوچکے ہیں۔جبکہ انڈیااورسری لنکا کے چار،چار کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے ہیں۔

(رپورٹ: ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button