کرکٹ ورلڈ کپ ۲۳ء

کرکٹ ورلڈکپ 2023ء: مچل مارش کے 177رنز کی بدولت آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی!

کرکٹ ورلڈ کپ

میچ نمبر43: ہفتہ،11نومبر2023ء

آسٹریلیا بمقابلہ بنگلہ دیش

بمقام: پونے(Pune)

مہاراشٹراکرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم پونے میں میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے ۴۳وَیں میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔مچل مارش (Mitchell Marsh)کے شاندار 177 رنز کی بدولت آسٹریلوی ٹیم نے 307کاہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 45 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ٹریوس ہیڈ(Travis Head)نے 10رنز بنائے ۔دوسری وکٹ کی ساجھے داری میں ڈیوڈ وارنر(David Warner)اور مچل مارش کے مابین 120رنز بنے جس کے بعد وارنر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پھر اسٹیون اسمتھ(Steven Smith) نے مچل مارش کا بھرپورساتھ دیا اور بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44.4اوورز میں ٹارگٹ پورا کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلوادی۔

مچل مارش نے 132گیندوں پر ناٹ آؤٹ 177رنز کی یادگار اننگز کھیلی جس میں 9چھکے اور17چوکے شامل تھے۔اسٹیون اسمتھ نے بھی ناقابل شکست 63رنز بنائے ۔یوں سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ سے مقابلہ سے قبل آسٹریلیا نے ایک اور جیت حاصل کرلی۔موجودہ ورلڈکپ میں ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد آسٹریلیا کی یہ مسلسل ساتویں کامیابی ہے۔Mitchell Marshکو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد اور مستفیض الرحمٰن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سےقبل بنگلہ دیش نےآسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے۔اوپنر لٹن داس اور تنزید حسن نے ٹیم کو 76 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا،تاہم دونوں بلےباز 36،36 رنز بناکراپنی وکٹیں کھو بیٹھے۔اس میچ میں بنگلہ دیش کی کپتانی کرنے والے نجم الحسین شانتونے 45رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے نمایاں بلے باز توحید ہردوئے(Towhid Hridoy)رہے جنہوں نے 79گیندوں پر 2چھکوں اورپانچ چوکوں کی مدد سے 74رنز بنائے۔دیگر کھلاڑیوں میں محمود اللہ 32،مشفیق الرحیم 21،اورمہدی حسن 29 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا(Adam Zampa) اور شان ایبٹ(Sean Abbott) نے 2،2 جبکہ مارکس اسٹوئنس(Marcus Stoinis) نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں آسٹریلوی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔گلین میکسویل اور مچل اسٹارک کی جگہ اسٹیون اسمتھ اور شان ایبٹ کو پلئینگ الیون میں شامل کیا گیا ۔جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم میں تین تبدیلیاں گئیں۔تنظیم حسن ثاقب،شریف الاسلام اور شکیب الحسن کی جگہ مستفیض الرحمٰن،مہدی حسن اور نسوم احمد کی ٹیم میں واپسی ہوئی ۔

خلاصہ:

 بنگلہ دیش 50اوورزمیں 306/8رنز

توحیدہردوئے74،نجم الحسین شانتو45

ایڈم زمپا2/32،شان ایبٹ2/61

آسٹریلیا44.4اوورزمیں307/2رنز

مچل مارش177*،اسٹیون اسمتھ63*،ڈیوڈوارنر53

اہم ریکارڈز و اعدادوشمار

  • آسٹریلیا کی طرف سے ورلڈکپ مقابلوں میں سب سے بڑا ہدف( 307رنز)اس میچ میں پوراکیاگیا۔قبل ازیں افغانستان کے خلاف اسی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیانے 292رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔
  • مچل مارش کے 177رنز ورلڈکپ میں آسٹریلیا کی جانب سے تیسری سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔نیز یہ اسکور ورلڈکپ میچز میں بنگلہ دیش کے خلاف کسی بھی بلےباز کی سب سے بڑی اننگز ہے۔قبل ازیں 2011ء میں بھارت کے وریندرسہواگ نے بنگلہ دیش کے خلاف 175رنز بنائے تھے۔
  • اس میچ میں اسپنر Nasum Ahmedنے ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کی طرف سے دوسرامہنگا ترین اسپیل(85رنز) کروایا۔جبکہ بنگلہ دیش کی طرف سے مہنگے ترین اسپیل کا ریکارڈ عبدالرزاق کے پاس ہے جنہوں نے 2007ءمیں سری لنکاکے خلاف 86رنز دئیے تھے۔

 (رپورٹ: ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button