امریکہ (رپورٹس)

جامعہ احمدیہ کینیڈا کے زیرِ اہتمام اسلامی کتب پر مبنی ایک خصوصی نمائش

اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے طفیل جامعہ احمدیہ کینیڈا کو مورخہ ۲۸؍ اپریل تا ۷؍ مئی ۲۰۲۳ء اسلامی کتب پر مبنی ایک خصوصی نمائش کا اہتمام کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

جامعہ احمدیہ کینیڈا کے زیرِاہتمام منعقد کی جانے والی یہ نمائش اپنے سلسلہ کی پانچویں کڑی تھی۔ اس سلسلہ کی پہلی نمائش بعنوان سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام مورخہ ۲۰ تا ۲۳؍ مارچ ۲۰۱۵ء، دوسری نمائش بعنوان سیرت آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم مورخہ ۲۳ تا ۲۷؍ مارچ ۲۰۱۶ء،تیسری نمائش بعنوان خلافتِ احمدیہ مورخہ ۲۳ تا ۲۶؍ مارچ ۲۰۱۷ء اور چوتھی نمائش خلافتِ راشدہ کے موضوع پر مورخہ ۲۳ تا۲۶؍ مارچ ۲۰۱۹ء منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ بعدہ ان نمائشوں پر مبنی دیدہ زیب کتابچے بھی تیا ر کیے گئے۔

افتتاح نمائش

مورخہ ۲۸؍ اپریل ۲۰۲۳ء کو اسلامی کتب پر لگائی جانے والی اس خصوصی نمائش کا افتتاح مکرم لال خان ملک صاحب امیر جماعت کینیڈا نے صبح دس بجے فیتہ کاٹنے کے بعد دُعا سے کیا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اساتذہ جامعہ احمدیہ کینیڈا کی معیت میں تفصیل سے نمائش ملاحظہ کی۔

تیاری نمائش

نمائش کی بہتر رنگ میں تیاری کے لیے مکرم داؤد حنیف صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ نے اساتذہ پر مشتمل ایک ۸؍ رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ اس کمیٹی کی زیرِ نگرانی جامعہ احمدیہ کینیڈا کی روز مرہ کی تدریس اور معمولات کے ساتھ ساتھ اس نمائش کی منصوبہ بندی اور تیاری کا کام ہفتوں جاری رہا۔کمیٹی کی زیرِ نگرانی طلبہ جامعہ احمدیہ نے بڑی محنت اور ذاتی دلچسپی سے نمائش کے ہر مرحلہ پر کام کیا۔

نمائش کے مندرجات

اسلامی کتب کو نمائش کے طور پر دکھانے کے لیے مختلف موضوعات میں تقسیم کیا گیا تھا۔جیسا کہ قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم، تفاسیر کی کتب، احادیث اور شروحات، سیرت النبی ﷺ، تاریخ اسلام، سیرت خلفائے راشدہ، صحابہ رسول ﷺ، سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام، تاریخ احمدیت، سیرت خلفائے احمدیت، صحابہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام، تحریرات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام، تحریرات خلفائے احمدیت، کتب فقہ، مقدس کتب مذاہب مختلفہ اور اہم لغات۔ یہ کتب جامعہ کے کلاس رومز میں نہایت خوبصورتی کے ساتھ نمائش کے لیے رکھی گئی تھیں۔ ان کے علاوہ ہر موضوع پر مبنی کتب کے دو دو تعارفی بینرز بھی تیار کیے گئے تھے جن میں متعلقہ موضوع کی اہم کتب کا عکس اور مختصر تعارف تحریر کیا گیا تھا۔

مختصر دورانیہ کے لیکچرز

اس کے علاوہ نمائش کے زائرین کے لیے جامعہ آڈیٹوریم میں چند اہم چنیدہ موضوعات پر طلبہ نے مختصر دورانیہ کے لیکچرز بھی دیے۔ ان موضوعات میں حفاظتِ قرآن کریم، تدوین حدیث، اہمیت مطالعہ کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور تاریخ جامعہ احمدیہ شامل تھے۔

طلبہ نے نمائش کے لیے جامعہ احمدیہ کو مختلف قسم کے برقی قمقموں اور آلاتِ سجاوٹ سے آراستہ کیا تھا۔ نمائش کو دیکھنے کے لیے عورتوں،مردوں اور فیملیز کے لیے الگ الگ اوقات مختص کیے گئے تھے۔ زائرین کو چھوٹے چھوٹے گروپس میں تقسیم کیا جاتا اور ڈیوٹی پر موجود طلبہ نمائش میں رکھی گئی کتب کا تعارف کراتے۔ نمائش میں بچوں کی دلچسپی قائم رکھنے کے لیے مختلف قسم کے معروضی سوالات تیار کیے گئے تھے جن کے جوابات بچے دوران نمائش ڈھونڈتے اور جواب درست ہونے پر انہیں چاکلیٹ بطور انعام دی جاتی۔ علاوہ ازیں ورچوئل ریئیلٹی (Virtual Reality Experience) کے ذریعہ اسلام کے مقدس مقامات دکھانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا جو بڑوں اور چھوٹوں میں یکساں مقبول رہا۔ اسی طرح جامعہ کی طرف سےگذشتہ سالوں میں منعقدہ نمائشوں پر مبنی دیدہ زیب کتابچے بھی خریدنے کے لیے موجود تھے۔ اس دس روزہ نمائش میں احبابِ جماعت اور دیگر مہمانوں نے کافی دلچسپی لی اور سولہ صد سے زائد احباب وخواتین اس سے مستفید ہوئے۔

نمائش دیکھنے کے لیے تشریف لانے والوں میں سے چند مہمانوں کے تاثرات ذیل میں پیش ہیں:مکرم امیر صاحب جماعت کینیڈا نے اپنے تاثرات میں تحریر کیا : جامعہ احمدیہ کی نئی نمائش اسلامی لٹریچر دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ یہ بہت ہی معلومات افزا نمائش ہے۔

سہیل مبارک شرما صاحب مربی سلسلہ و نائب امیر تحریر کرتے ہیں: اس نمائش کی وجہ سے ان احمدی احباب کو بہت مدد ملے گی جنہیں اسلام اور جماعت کے لٹریچر کے بارے میں کم معلومات ہیں۔

طاہر احمد صاحب صدر خدام الاحمدیہ نے لکھا: الحمدللہ ایک منفرد تجربہ تھا اور بہت سی معلومات حاصل کیں۔ ایک بہترین مساعی تھی۔

ہدایت اللہ ہادی صاحب ایڈیٹر احمدیہ گزٹ لکھتے ہیں: ماشاء اللہ علم وحکمت اور معرفت کا ایک بیش بہا خزانہ ہے جو بڑی محنت،لگن اور شوق سے تیار کیا گیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ہر دیکھنے والا اس علم و فضل سے سیراب ہو کر لطف اندوز ہوا ہو گا۔

(رپورٹ: سہیل احمد ثاقب۔استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا و نگران نمائش)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button