کرکٹ ورلڈ کپ ۲۳ء

کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء: پہلا سیمی فائنل بھارت کے نام، نیوزیلینڈ کو 70 رنز سے  شکست!

کرکٹ ورلڈ کپ

پہلا سیمی فائنل

بدھ،15نومبر2023ء

بھارت بمقابلہ نیوزیلینڈ

بمقام: ممبئی(Mumbai)

ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نےنیوزیلینڈ کو 70رنز سے شکست دے دی۔اس بڑی جیت میں ویرات کوہلی(Virat Kohli) اور شریاس آئیر(Shreyas Iyer) کی سنیچریوں اورفاسٹ باؤلر محمد شامی (Mohammed Shami)کی سات وکٹوں نے اہم ترین کرداراداکیا۔

ممبئی کے تاریخی وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلہ میں بھارت کے کپتان روہت شرما (Rohit Sharma)نے ٹاس جیت کر ،بیٹنگ کے لیے سازگار پچ پر،بغیر کسی ہچکچاہٹ کے،پہلے بلے بازی کرنےکا فیصلہ کیا۔

روہت شرما نےاس ٹورنامنٹ میں اپنی حکمت عملی کو جاری رکھتے ہوئے ایک مرتبہ پھر جارحانہ انداز میں شروعات کیں اور صرف 5.2 اوورز میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرڈالی۔شرما29 گیندوں پر چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے47 رنزبناکرٹم ساؤدھی(Tim Southee) کی گیند پرکین ولیمسن (Kane Williamson)کے شاندارکیچ کی بدولت آؤٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی بلے بازی کرنے پہنچے تو پہلی ہی گیند پر نہایت قریبی معاملہ میں lbwہونے سے بچ گئے۔پھر انہوں نے شبمن گل (Shubman Gill) کے ساتھ مل کر 93رنز کی بہترین پارٹنرشپ قائم کی۔

شبمن گل 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنا کر ورلڈکپ میں اپنی اولین سینچری کی جانب گامزن تھے کہ پٹھوں میں کھچاؤ(cramps) کے باعث انہیں retired hurtہوکر پویلین واپس جاناپڑا۔اُس وقت تک بھارت نے ایک وکٹ کے نقصان پر 162 رنز بنارکھے تھے اور نیوز ی لینڈ کے لئے میچ میں واپسی کا ایک موقع تھا لیکن اِن فارم شریاس آئیر(Shreyas Iyer) نے آتے ہی بااعتماد بلےبازی کی اور کیوی باؤلرز پر دیکھتے دیکھتے حاوی ہوگئے۔

دوسری طرف سب نظریں کنگ کوہلی پر ٹکی تھیں کہ وہ اپنے ون ڈے کیرئیر کی 50ویں سینچری بنا پاتے ہیں یا نہیں! کوہلی نے 59 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اورپھر نسبتاً تیزی سے رنز جوڑنے  شروع کئے ۔انہوں نے شریاس آئیرکے ہمراہ 163 رنز کی لاجواب شراکت قائم کی۔

گزشتہ میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف نصف سینچری بناکرآؤٹ ہونے والے ویرات کوہلی نے اس بارنئی تاریخ رقم کرنے کا نادر موقع نہ گنوایا اوروہ کردکھایا جو ون ڈے کرکٹ کی 52سالہ تاریخ میں کوئی بلے باز نہ کرسکا تھا۔5نومبر1988ءکو دہلی میں پیدا ہونے والے دنیائے کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ،ویرات کوہلی(VIRAT KOHLI) نے ایک روزہ کیرئیر میں اپنی  50ویں سینچری مکمل کرکے ہم وطن سچن رمیش ٹنڈولکرکا ریکارڈ توڑدیا۔

ویرات کوہلی نے 113 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بھارت کا مجموعی سکور327رنز تھا۔تاہم شریاس آئیر نے چھکوں اور چوکوں کی برسات جاری رکھی اورمحض 67 گیندوں پر ٹورنامنٹ میں اپنی لگاتاردوسری سینچری مکمل کی۔وہ 70 گیندوں پر 8 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اختتامی اوورز میں لوکیش راہول(KL Rahul) نےبھی جارحانہ بیٹنگ کی اور 20 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی بدولت 39 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔شبمن گل بھی دوبارہ بلے بازی کرنے آئے اور80کے سکورپر ناٹ آؤٹ واپس لوٹے۔

مقررہ 50اوورز میں بھارت نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے جوکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی Knock-Outمقابلہ میں سب سے بڑا اسکور ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدھی نے 100 رنز دے کر تین وکٹیں لیں جبکہ ٹرینٹ بولٹ86رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرسکے۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے پہلے پانچ اوورز میں 30 رنز کا آغاز فراہم کیا۔چھٹے اوور میں روہت شرما نے باؤلنگ میں تبدیلی کی اورٹورنامنٹ میں اپنے سب سے کامیاب باؤلر محمد شامی کو گیند تھمائی جنہوں نے اپنی پہلی ہی بال پر ڈیون کونوے کی اہم وکٹ حاصل کی ۔وکٹ کیپر راہول نے زبردست کیچ پکڑا۔پھر محمد شامی نے اپنے دوسرے اوور میں اِن فارم راچن رویندرا کی اننگز کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں کپتان کین ولیمسن اورڈیرل مچل نے بہترین کھیل پیش کر کے اسکور میں اضافہ کرنا شروع کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے بڑے ہدف اور دباؤ کے باوجود ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 179 رنز کی شراکت قائم کی۔ایک مرحلے پر بھارتی باؤلنگ  ان دونوں کے سامنے بے بس نظر آنے لگی ۔محمد شامی کے ہاتھوں سے کین ولیمسن کا آسان کیچ بھی ڈراپ ہوا اور32اوورز میں نیوزیلینڈ کا مجموعی سکور 219تک پہنچ گیا۔

روہت شرما ایک مرتبہ پھر محمد شامی کو باؤلنگ پر واپس لائے اور انہوں نے اپنی ٹیم کو مایوس نہ کیا۔پہلے کیوی کپتان ولیمسن کی 69 رنز کی اننگز کا خاتمہ کیا اور پھر اسی اوور میں ٹام لیتھم (Tom Latham)کو بغیر کوئی رن بنائے واپس بھیج دیا۔تاہم اسی اوور کی پہلی گیند پر ڈیرل مچل نے اس ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری شاندار سینچری بھی مکمل کی۔

نیوزی لینڈ کی یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرنے کے بعدان کااسکورنگ ریٹ گرنا شروع ہو ا۔تاہم محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کرنے کے بعد گلین فلپس(Glenn Phillips)نے رنز بنانے کی رفتار کو تیز کیا۔اننگز کے 41ویں اوور میں محمد سراج کو 20رنز لگے تو کیوی ٹیم کوجیت کے لئے 54گیندوں پر مزید 112رنز درکار تھے۔لیکن پھر 43ویں اوور میں جسپریت بمراہ نے فلپس کو کیچ آؤٹ کیا تو نیوزیلینڈ ابھی بھی فتح سے 102رنز کی دوری پر تھا۔نئے بلے باز مارک چیپمین(Mark Chapman) بھی بڑھتے رن ریٹ کے دباؤ کے پیش نظر چھکا مارنے کی کوشش میں کلدیپ یادیو کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔بھارت کی فتح کی راہ میں واحد رکاوٹ ڈیرل مچل بھی بالآخر ہمت ہار گئے اور 7 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 134 رنز بنانے کے بعد محمد شامی کا پانچواں شکار بنے۔

محمد شامی نے شاندار باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بقیہ بلے بازوں کو بھی چلتا کیا اور پوری کیوی ٹیم 327 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔بھارت نے میچ میں 70 رنز سے کامیابی حاصل کرکے 12 سال بعد ایک بار پھر اپنی سرزمین پر ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔بھارت کی جانب سے محمد شامی کو تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خلاصہ:

بھارت 50اوورز میں 397/4رنز

شریاس آئیر105،ویرات کوہلی 117،شبمن گل 80*

نیوزیلینڈ48.5اوورز میں 327رنز پرآل آؤٹ

ڈیرل مچل 134،کین ولیمسن69

محمد شامی 7/57،کلدیپ یادیو1/56

اہم ریکارڈز و اعدادوشمار

  • ویرات کوہلی ایک روزہ کرکٹ میں 50سینچریاں بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا 452اننگز میں 49سینچریاں بنانے کا ریکارڈ توڑا۔
  • بھارتی سرزمین پر کوہلی کی یہ ۲۴ویں سینچری تھی جو کسی ایک ملک میں کسی کھلاڑی کی سب سے زیادہ سینچریاں ہیں۔
  • محمد شامی نے 57 رنز کے عوض 7وکٹیں حاصل کیں  جوکہ ون ڈے کرکٹ  میں بھارت کے کسی باؤلر کا بہترین بالنگ اسپیل ہے۔ اس سے قبل بھارت کی طرف سے  یہ ریکارڈ اسٹیورٹ بنی(Stuard Binny) کے پاس تھا جنہوں نے 2014ء میں بنگلہ دیش کے خلاف صرف 4رنز دے کر 6کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
  • محمد شامی اس ورلڈ کپ میں چھ میچز میں 23وکٹیں حاصل کر کے باؤلرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔نیز  شامی نے مجموعی طور پرورلڈ کپ کی 17اننگز میں تیز ترین 50 وکٹیں مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
  • محمد شامی نے ورلڈکپ مقابلوں میں سب سے زیادہ چار مرتبہ ایک میچ میں 5یا اس سے زائد وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔آسٹریلیا کے مچل سٹارک تین بار یہ سنگ میل عبورکرچکے ہیں۔
  • بھارت نےاس میچ میں کل 19چھکے لگائے جوکہ ورلڈکپ کے کسی بھی Knock-outمیچ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اسی طرح ورلڈ کپ میچز میں بھارت کی طرف سے پہلی بار19چھکے لگا ئے گئے۔
  • شریاس آئیر اپنی اننگز میں 8چھکے لگاکر ورلڈ کپ کے ایک میچ میں بھارت کی طرف سے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بنے۔

 (رپورٹ: ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button