یورپ (رپورٹس)

بائیسواں سالانہ نیشنل اجتماع وقفِ نو اور واقفاتِ نو ناروے

٭… دلچسپ علمی و ورزشی مقابلہ جات پر مشتمل دو روزہ نیشنل اجتماع

٭…واقفین کے ازدیاد علم کے لیے مختلف عناوین پر لیکچرز کا سلسلہ

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے شعبہ وقفِ نوناروے کواپنا بائیسواں سالانہ اجتماع مورخہ ۱۶ و ۱۷؍ ستمبر ۲۰۲۳ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

عمر کے لحاظ سے واقفین و واقفات نو کے تعلیمی مقابلہ کے لیے چھ معیاربنائے گئے۔ معیار اوّل میں واقفین نو کے لیے Interactive Programme, Debate Programme رکھے گئے اور ان پروگرام کا واقفین نو نے ہی انتظام کیا۔ اس کے ساتھ حضرت مصلح موعودؓ کی کتاب دیباچہ تفسیر القرآن کا تعارف واقفین نو کے لیے رکھا گیا۔ یہ تعارفی پروگرام شاہد محمود کاہلوں صاحب مشنری انچارج ناروےنے کیا۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر العزیز کی یہ ہدایت ہے کہ پندرہ سال اور اس سے بڑی عمر کے واقفین نو ایک سال کے دوران اس کتاب کا مطالعہ کریں۔ اسی طرح واقفات نو میں معیار اوّل،دوم اور سوم کے بھی پروگرام رکھے گئے۔ ۱۳ سے ۱۵؍ سال کے واقفین نو کو نیشنل سیکر ٹری صاحب تربیت نے پریزنٹیشن دی کہ وہ کس طرح مسجد میں آنے والے مہمانوں کو جماعت اور مسجد کے بارے معلومات دے سکتے ہیں۔اجتماع کے پروگرام میں واقفین و واقفات نو کے لیے سپورٹس کے بھی پروگرام رکھے گئے۔

افتتاحی اجلاس و مقابلہ جات (مورخہ ۱۶؍ ستمبر۲۰۲۳ء): افتتاحی اجلاس کا آغاز مکرم چودھری ظہور احمد صاحب امیر جماعت ناروے کی زیر صدارت تلاوتِ قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ صدر اجلاس نے اپنی تقریر میں اجتماع کی اہمیت اور اس کی افادیت سے واقفین کو آگاہ کیااور تاکید کی کہ تمام واقفین و واقفات نو اس میں حصہ لیں۔ سیکرٹری وقفِ نو نے اجتماع کے سلسلہ میں ہدایات دیں اور دُعا کے ساتھ اجتماع کا آغاز ہوا۔

افتتاحی اجلاس کے بعد واقفین و واقفات کے تعلیمی مقابلہ جات الگ الگ شروع ہوئے جو شام چھ بجے تک جاری رہے۔ اسی دن شام کے اجلاس میں واقفات کے کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے۔

پہلے دن کے اجتماع میں ۷۱واقفین نو اور۵سے ۱۵؍ سال کی ۲۸؍ واقفات نو شامل ہوئیں۔

مورخہ ۱۷؍ستمبر ۲۰۲۳ء:اجتماع کے دوسرے دن واقفات معیار اول، دوم اور سوم کے تعلیمی مقابلہ جات ہوئے جن میں تلاوت قرآن پاک، حفظ القرآن، نظم، تقریر اور فی ا لبدیہ تقریر شامل تھے۔ نماز ظہر سے پہلے واقفین نو کے ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں مقابلہ دوڑ، فٹبال، کلائی پکڑنا اور کرکٹ شامل تھے۔ ۵۵؍ واقفینِ نو نے ورزشی مقابلوں میں حصّہ لیا۔ کُل ۳۲؍ علمی مقابلہ جات اور گیارہ Discussion programme واقفین و واقفات نو میں الگ الگ منعقد ہوئے۔

اجلاس والدین و تقسیم انعامات(مورخہ ۱۷؍ ستمبر ۲۰۲۳ء):اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت ہے کہ ایک سال کے دوران وقف نو کے لیے چار پروگرام رکھے جائیں۔ان چاروں پروگراموں کے عناوین حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خودتجویز فرمائے ہیں۔ اس کا پہلاپروگرام ’’The roles and responsibilities of Waqfeen-e-Nau Parents‘‘ رکھا گیا۔ ہارون چودھری صاحب مربی سلسلہ اور شاہد محمود کاہلوں صاحب مشنری انچارج و نائب امیرناروے نے شاملین کی توجہ والدین کی ذمہ داریوں کی طرف مبذول کی۔ سیکرٹری صاحب وقفِ نو ناروے نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی اور اجتماع کی کامیابی کے لیے کام کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس پروگرام میں ۷۵؍ واقفین نو، ۶۵؍ واقفات نو، ۴۱؍ والد اور ۵۹؍ ماؤں نے شرکت کی۔علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے واقفین نو میں مکرم امیر صاحب ناروے نے اور واقفات نو میں صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ ناروے نے انعامات تقسیم کیے۔ مکرم امیر صاحب ناروے نے اپنی اختتامی تقریر میں واقفین نو کو توجہ دلائی کہ وہ بغیر کسی احساس کمتری کے کھل کر اپنا احمدی ہونا معاشرہ میں ظاہر کریں، تبلیغ میں حصہ لیں اور اپنے آپ کو جماعت کی خدمت کے لیے پیش کریں۔دعا کے ساتھ یہ با برکت اجتماع اختتام پذیر ہوا۔

(رپورٹ: شاہد عمر ناصر ۔ نیشنل سیکرٹر ی وقفِ نو ناروے)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button