افریقہ (رپورٹس)

مدرسۃ الحفظ سیرالیون کے پہلےخوش نصیب حافظِ قرآن کا اعزاز

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 22 نومبر 2023ء بروز بدھ مدرسۃ الحفظ سیرالیون کے طالبعلم عزیزم اسماعیل ابراہیم بنگورا Ishmael Ibrahim Bangura نے مدرسۃ الحفظ کے پہلے حافظ قرآن ہونے کا بابرکت اعزاز اپنے نام کیا۔ فالحمدللہ۔ اللہ تعالیٰ یہ اعزاز عزیزم ، اس کے اہلِ خانہ اور جماعت کے لئے مبارک فرمائے۔آمین۔

عزیزم کا تعلق سیرالیون کے شمالی ریجن روکوپُر(Rokupr) سے ہے ۔ جون 2021ء  میں مدرسۃ الحفظ میں داخل ہوئے اور 2 سال 4 ماہ  22 دن میں  خاکسار کی زیرِ نگرانی قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا اور خاکسار نے ہی آخری سبق سنا۔اس موقع پر طلباء مدرسہ، قائمقام پرنسپل جامعۃ المبشرین و دیگر اساتذہ  و طلباءجامعۃ المبشرین نے  عزیزم کو تکمیلِ حفظ پر مبارکباد پیش کی  اور  مٹھائی تقسیم کی گئی۔

عزیزم مکرم ابراہیم اسحاق بنگورا Ibrahim Ishaq Bangura مرحوم اور محترمہ رحمۃُ محمد ترے Rahmatu Muhammad Turay کی واحد نرینہ اولاد ہیں ۔ ان کی والدہ  نے اخلاص کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بیٹے کو جماعت کی خدمت کے لئے پیش کیا ہے۔دورانِ تعلیم 2022ء میں عزیزم کو اپنے والد کی وفات کا صدمہ بھی برداشت کرنا پڑا جس کے باوجود نہایت تندہی سے حفظ پر متوجہ رہے اور صبر کا مظاہرہ کیا۔عزیزم کو دورانِ تعلیم دو  سال رمضان المبارک میں  اپنے ریجن کے دو مقامات ”ٹومبو والہ Tombo Wallah” اور ”ماشیری Maseri” میں نمازِ تراویح پڑھانے کی توفیق ملی۔

مدرسۃ الحفظ سیرالیون  کا آغاز جون 2021ء میں محض اللہ کے فضل اور سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی شفقت اور منظوری سے ہوا۔اس موقع پر افتتاحی تقریب  کی صدارت اُس وقت کے امیر و مشنری انچارج مکرم مولانا سعیدالرحمٰن نے کی۔ تدریس کی  ابتداء کُل 5 طلباء (سب کا تعلق سیرالیون سے تھا)  اور ایک استاد(خاکسار)سے ہوئی اور اِس وقت زیرِ تعلیم طلباء کی کُل تعداد 16 ہے جن میں 15 کا تعلق سیرالیون سے ہے جبکہ ایک طالبعلم پاکستانی ہیں۔آغاز سےطلباء کی رہائش عرصہ دو سال دو ماہ تک خاکسار کے مشن ہاوس کے ایک کمرے میں رہی جو کہ اب طلباء کی تعداد میں اضافے کے سبب چند ماہ قبل مکرم امیر صاحب کی اجازت سے عارضی طور پر  جامعۃ المبشرین کی بورڈنگ میں منتقل  کر دی گئی ہے جبکہ روزانہ کی  تدریس  اور رات کو سٹڈی کا انتظام جامعۃ المبشرین کی مسجد میں جاری ہے۔ فالحمدللہ۔

احباب کی خدمت میں دعا کی درخواست  ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام طلباء مدرسۃ الحفظ سیرالیون کو قرآن کریم پختگی کے ساتھ حفظ کرنے، اسے ذہنوں میں مُستحضر رکھنے، اس پر عمل کرنے اور دوسروں تک اس نور کو پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے اور یہ جماعت کے لئے مفید وجود ثابت ہوں۔ آمین۔

  (رپورٹ : حافظ اسداللہ وحید مربی سلسلہ ۔استاد مدرسۃ الحفظ سیرالیون)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button