افریقہ (رپورٹس)

برکینا فاسو کے مسرور آئی انسٹیٹیوٹ میں آنکھوں کے مفت آپریشن

(نعیم احمد باجوہ۔ مربی سلسلہ برکینا فاسو)

مسرور آئی انسٹیٹیوٹ کا افتتاح ۱۹؍نومبر۲۰۲۲ء کو ہوا تھا۔ خدمت کے اس میدان میں ایک سال مکمل ہونے پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکرانے کے طور پر ایک صد آپریشن مفت کرنے کا پروگرام بنایا گیا۔

اس مہم کے متعلق عوام کو اطلاع دینے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کیے گئے جن میں سوشل میڈیا، فون اور ذاتی روابط وغیرہ شامل تھے۔ مفت آپریشن مہم ۲۰؍ نومبر ۲۰۲۳ء کی صبح شروع ہوئی اور۲۳؍ نومبر تک جاری رہی۔ آپریشن سے ایک دن پہلے ہی مریض مسرور آئی انسٹیٹیوٹ پہنچنا شروع ہو گئے تھے جہاں ہسپتال کی طرف سے ان کی رہائش کے لیے جگہ مہیا کی گئی۔ تین دنوں میں کُل ۲۵۰؍ مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا۔ ان میں سے آپریشن کے قابل ۱۵۶؍ مریض تھےجن میں سے پہلے دن چوبیس، دوسرے دن تیس، تیسرے دن اکتیس اور آخری دن کے چونتیس ملا کر کُل ۱۱۹؍آپریشن ہوئے۔

دوران آپریشن مسرور آئی انسٹیٹیوٹ کے عملہ سمیت چار آئی سرجن اور ۱۱؍ نرسز نے حصہ لیا جن میں سے پانچ مسرور آئی انسٹیٹیوٹ کی، چار احمدیہ میڈیکل سنٹر سوم گاندے اور دو CSPSکبری کی تھیں جبکہ ان کے ساتھ چار معاون نرسز بھی شامل تھیں۔ علاوہ ازیں جامعۃ المبشرین برکینا فاسوکے دس طلبہ پر مشتمل ایک ٹیم روزانہ ڈیوٹی پر رہی۔ا س ٹیم نے ہر آنے والے مریض کا اندراج کیا اور مریضوں کے استقبال اور انتظام و انصرام میں مددکرنے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔ ا س مہم نے جماعت احمدیہ کے خدمت خلق کےعزم کو عملی طور پر پورا کرنے کی کوششوں کا اعادہ کیا ہے اور جماعت کے تعارف اور نیک نامی میں اضافہ کیا۔ اللہ تعالیٰ ہر ایک کو جزائے خیر عطا فرمائے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button