امریکہ (رپورٹس)

برازیل کے شہر پیٹروپولس کی کیتھولک یونیورسٹی UCP میں لیکچر

(وسیم احمد ظفر۔مبلغ انچارج برازیل)

گذشتہ ماہ برازیل کے شہر پیٹروپولس کی کیتھولک یونیورسٹی کے کچھ طلبہ نے مسجد بیت الاول کا دورہ کیا اور اس کے بعد یونیورسٹی میں لیکچر دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ مورخہ ۱۴؍ نومبر کو لیکچر کے لیے خاکسار(مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل) مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ برازیل اور اعجاز احمد ظفر صاحب کے ہمراہ شہر کی اس معروف اور مشہورکیتھولک یونیورسٹی (University Catholic Petropolis) میں گیا۔ اس ہال میں تقریباً ۹۰؍ طلبہ موجود تھے۔ تلاوت قرآن کریم اور اس کے پرتگیزی ترجمہ کے بعد خاکسار نے ایک گھنٹہ سے زائد لیکچر دیا جس میں اسلام اور احمدیت کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے ارکان ایمان،ارکان اسلام، کھانے پینے کی حلت و حرمت اور آج کل کی جنگ کے تناظر میں بتایا کہ یہ جنگیں مذہبی نہیںبلکہ سیاسی ہیں۔ اسلام کے معنی ہی امن اور سلامتی کے ہیں۔

انتظامیہ کی خواہش کے مطابق پاکستان اور وہاں کی ثقافت کے بارے میں بھی بتایا۔ اسی طرح پاکستان میں جماعت احمدیہ کے متعلق ملکی قوانین اور مخالفت کا بھی ذکر کیا اور اس تناظر میں برازیل کی تعریف کی جہاں ہر کسی کو پوری طرح سے مذہبی آزادی حاصل ہے۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام اور حضورا نور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ ا لعزیز کی فوٹوز والے بینرزسٹیج کی طرف نمایاں جگہ پر آویزاں تھے۔

اس موقع پر مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے اسلام میں عورتوں کے حقوق، تعدّد ازدواج اور پردہ کی حقیقت جیسے موضوعات کے بارے میں اسلامی تعلیم بتائی۔اسی طرح اعجاز احمد ظفر صاحب نے جو برازیل میں پلےبڑھےاور یہیں تعلیم حاصل کی،اپنے تجربات کی روشنی میں اسلام کی خوبصورت تعلیم پیش کی۔

انتظامیہ نے ہم سب کا بہت شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اسلام کے متعلق بہت سی باتوں کا نہیں پتا تھا۔ انہوں نے اس قسم کے مزید پروگرام کرنےکی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ آخر پر سوالات کے جواب دیے گئے۔

اس موقع پر چند زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم کی نمائش بھی لگائی گئی جس میں اساتذہ اورطلبہ نے بڑی دلچسپی ظاہر کی۔ اکثر نے پہلی بار قرآن کریم دیکھا تھا۔ خاکسار نے انتظامیہ کو World Crisis and the Pathway to Peace کے پرتگیزی ترجمہ کی کاپی بھی دی جس پر انہوں نے بڑی خوشی کا اظہار کیا اور شکریہ ادا کیا۔ خاکسار نے سب کو مسجد کے دورہ کی دعوت بھی دی۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button