یورپ (رپورٹس)

فرانس میں سولہویں بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد

(منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل فرانس)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرانس کو مورخہ ۵؍ نومبر ۲۰۲۳ء کو پیرس کی مسجد مبارک میں سولہویں بین المذاہب کانفرنس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ۔

امسال کانفرنس کا موضوع ’’معاشرتی امن کا تنزل اور اس کا حل‘‘ تھا۔ کانفرنس میں ہندو ازم کی نمائندگی مسٹر گورا بھکتا داس، سری لنکن بدھ ازم کی نمائندگی وینیرابل سوگھاتا سری، عیسائیت کی نمائندگی چرچ آف ریفرمیشن کے پاسٹر آلیکس سامو، کالاشکرہ بدھسٹ سنٹر پیرس کی ڈائریکٹر وینیرابل مادام ڈرکیئے ایلزابتھ، فرانسسکن مشنری آف مریم کی نمائندہ سسٹر کارولین کلارس اور اسلام احمدیت کی نمائندگی مشنری انچارج مکرم نصیراحمد شاہد صاحب نے کی۔

کانفرنس کی صدارت مکرم فہیم احمد نیاز صاحب امیر جماعت احمدیہ فرانس نے کی اورسٹیج سیکرٹری کے فرائض نیشنل سیکرٹری امور خارجیہ طلحہ رشید صاحب نے نبھائے۔ تلاوت کے بعد نیشنل سیکرٹری امور خارجیہ نے تمام نمائندگان مذاہب اور شرکاء کو خوش آمدید کہا، جماعت احمدیہ میں بین المذاہب کانفرنسز کے انعقاد سے متعلق تعارفی کلمات کہے اور باری باری مذاہب کے نمائندگان کو اپنی اپنی تعلیمات کے مطابق اپنے خیالات کے اظہار کی دعوت دیتے رہے۔ہر تقریر کے بعد مختصر الفاظ میں مقرر کے بیان کا خلاصہ بھی پیش کرتے رہے۔

آخر میں صدر مجلس نے اختتامی کلمات کہتے ہوئے بین المذاہب کانفرنس کی افادیت اور اس میں شمولیت کے لیے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔دعا کے بعد سب نمائندگان مذاہب کو کتب کا تحفہ پیش کیا گیا اور ان کی گروپ فوٹو ہوئی۔آخر پر تمام شرکا ءکی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

خواتین مہمانوں کے لیے سب انتظام نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ مادام آمیناتا طورے صاحبہ اور ان کی ٹیم کے سپرد تھا۔ انہوں نے خواتین مہمانوں کے استقبال اور ضیافت کا خیال رکھااور انہیں جماعت احمدیہ کا تعارف کروانے کا بھی موقع ملا۔ فجزاھن اللہ احسن الجزاء

غیر از جماعت مہمانوں کی تعداد ۲۷؍ رہی۔

قارئین کی خدمت میں کچھ تأثرات پیش ہیں۔

پاسٹر الیکس سامو: ’’استقبال اور انتظام بہت اچھاتھا۔ مقررین نے مجموعی طور پر امن کا پیغام دیا۔سٹیج سیکرٹری نے بہت اچھے طریقہ سے تمام مقررین کے خیالات کا بہت اچھا خلاصہ پیش کیا۔اگرکانفرنس کے اختتام پر تبادلہ خیالات کا وقت رکھا جائے تو مزید بہتر ہو سکتا ہے‘‘۔

گورا بھکتا داس: ’’گرمجوش استقبال سے میری عزت افزائی ہوئی۔ مہمانوں کا آپ نے بہت خیال رکھا۔ استقبال، سیکیورٹی، نظافت،ضیافت کے انتظامات بہت اچھے تھے۔ کانفرنس کا ماحول بہت پُرسکون اورشانتی والا تھا۔شرکاء نے بڑی توجہ سے مقررین کو سنا۔برائے مہربانی کانفرنس کا لنک مجھے بھیج دیں‘‘۔

سوگھاتا سری: ’’سب سے پہلے تو میں احمدی مسلمانوں کی طرف سے ۱۶ویں بین المذاہب کانفرنس کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔اور ان تمام ۱۶؍ کانفرنسز کے ذریعہ سے مختلف اقوام اور مذاہب کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کی کوشش کو سراہتا ہوں اور اس بات کو تسلیم کرتا ہوں کہ مہمان مقررین نے جو اہم باتیں شرکاء سے کیں وہ بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے بہت ضروری ہیں۔بالآخرایک بہت اچھی کانفرنس کے انعقاد پر میں مبارک باد پیش کرتا ہوں‘‘۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button