امریکہ (رپورٹس)

کیلگری، کینیڈا کی مسجد بیت النور میں وائسز فار پیس کانفرنس کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کیلگری، کینیڈا کو مورخہ ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۳ء کو مسجد بیت النور میں ’’وائسز فار پیس‘‘ کے موضوع پر ایک کانفرنس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس کانفرنس کا مقصد دنیا میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔ مختلف مذاہب کے سرکردہ علماء اس کانفرنس میں شامل ہوئے جنہوں نے اپنے اپنے عقائد کے حوالے سے امن، محبت اور باہمی ہم آہنگی کی مشترک اقدار پر روشنی ڈالی۔

اس برموقع تقریب کے بارے میں عوام اور با اثر طبقہ میں یکساں دلچسپی پائی جاتی تھی جس کی بنا پر مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ۶۰۰؍ سے زائد حاضرین نے کانفرنس میں شرکت کی۔ البرٹا کے ایک نہایت بارسوخ سیاستدان جناب رچرڈ میک آئیور جو کہ شہری امور کے وزیر بھی ہیں نے تقریب کی صدارت کے فرائض سر انجام دیے جبکہ بعض دیگر سیاستدان بھی اس کانفرنس میں شامل ہوئے۔

نعیم بشیر صاحب سیکرٹری امور خارجہ کے تعارفی کلمات کے بعد کیلگری کی میئر محترمہ جیوتی گونڈیک نے اپنے مختصر پیغام میں انسانی مساوات اور انصاف کو ہی امن عالم کے قیام کا واحد راستہ بتایا جس پر چل کر آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ مستقبل کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔

کیلگری کے سب سے بڑے یہودی معبد بیتھ زیڈیک کے سینئر ربی رسل جین نے اپنی تقریر میں ارض مقدس میں ہونے والی خونریزی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی عالمی بے چینی اور تکلیف کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس ناقابل بیان درد کو تسلیم کیے بغیر امن کی بات کرنا بالکل بے معنی ہے۔

مولانا حنان سوبھی صاحب مربی سلسلہ نے اس موضوع پر اسلامی تعلیمات بیان کیں۔میر مجید احمد طارق صاحب لوکل امیر کیلگری نے اختتامی کلمات میں تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کا ایک اہم حصہ نمائش تھا جس میں قرآن کریم کے متعدد زبانوں میں تراجم، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات پر مشتمل تصنیف ’’World Crisis and the Pathway to Peace‘‘ کے بینرز اور امن عالم سے متعلق کتب شامل تھیں۔

’’وائسز فار پیس‘‘ کانفرنس تمام اہم پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں بھرپور توجہ کا مرکز رہی جن میں CTV اور Global TV کے علاوہ مختلف علاقائی زبانوں کے چینلز نے اس تقریب کی خبروں کو نمایاں طور پر نشر کیا۔ مزید برآں کانفرنس کی کارروائی یوٹیوب کے ذریعہ لائیو سٹریم بھی کی گئی جس سے یہ پیغام ایک وسیع آبادی تک پہنچا۔

(رپورٹ: کلیم احمد۔ نائب لوکل امیر کیلگری، کینیڈا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button