اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

درخواست دعا

٭… نوید احمد قمر صاحب مبلغ سیرالیون اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کی چھوٹی بیٹی عزیزہ نبیہہ قمر (بعمر ساڑھے تین سال) کچھ عرصہ سے سر درد کی شکایت میں مبتلا تھی۔ عزیزہ کے سر کا پہلا آپریشن(VP Shunt) ہوا ہے جس میں سر سے ایک نالی پیٹ میں ڈالی گئی ہے۔ سیرالیون میں ایسی کوئی سہولت میسر نہیں تاہم یہ اللہ تعالیٰ کا فضل ہوا کہ ایک وزٹنگ نیورو سرجن آیا ہوا تھا۔

احباِبِ جماعت سے عزیزہ کی صحت و سلامتی کے لیے نہایت عاجزانہ دعا کی درخواست ہے۔ اللہ تعالیٰ جملہ پیچیدگیوں سے بچائے اور آئندہ کے مراحل بھی آسانی سے پورے فرمائے۔ آمین

٭… جمال الدین یوسف خان صاحب آف ہالینڈ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کو ڈاکٹرز نے کینسر کی بیماری تشخیص کی ہے۔ کچھ عرصہ قبل خاکسار کا اسی بیماری کا کامیاب علاج ہوا تھا تاہم اب دوبارہ بیماری کا حملہ ہوا ہے اور علاج متوقع ہے۔

احباب کرام سے دعاؤں کی درخواست ہےکہ اللہ تعالیٰ اپنا خاص فضل و کرم فرمائے ، شفائے کاملہ و عاجلہ سے نوازے اور ہر قسم کی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھے۔ آمین

٭…٭…٭

سانحہ ارتحال

٭… نصیر احمد چودھری صاحب اعلان کرواتے ہیں کہ مکرم مرزا محمد اقبال صاحب سابق مربی سلسلہ ابن مکرم عبدالعزیز صاحب وصیت نمبر ۲۱۲۹۰ مورخہ ۱۶؍ دسمبر ۲۰۲۳ءبروز ہفتہ بعمر ۷۹؍ سال بقضائے الٰہی وفات پاگئے ہیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

آپ ۱۵؍ نومبر ۱۹۴۴ء کو فتح پور ضلع گجرات میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم اپنے آبائی علاقے میں حاصل کرنے کے بعد ۱۹؍ جولائی ۱۹۵۹ء میں زندگی وقف کر کے جامعہ احمدیہ ربوہ میں داخلہ لیا اورجامعہ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد مولوی فاضل کا امتحان بھی پاس کیا۔ آپ ۱۶؍ جون ۱۹۶۸ء کو جامعہ سے فارغ التحصیل ہوئے۔

جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے کے بعدبیرون ملک افریقہ میں ۵؍ اکتوبر ۱۹۶۹ء تا۱۰؍ فروری ۱۹۷۴ء گیمبیا اور ۲۹؍ جنوری ۱۹۷۸ء تا ۲۲؍ اگست ۱۹۸۱ء نائیجیریا اور ۱۰؍اپریل ۱۹۸۲ء تا ۱۳؍مارچ ۱۹۸۴ء سیرالیون میں خدمت کا موقع ملا۔ اسی طرح پاکستان کی مختلف جماعتوں وہاڑی، راجن پور، حافظ آباد اور کوٹ مومن میں خدمت کی توفیق ملی۔

آپ کو نظارت اصلاح وارشاد،نظارت اشاعت کے تحت دفتر الفضل، وکالت تصنیف، وکالت دیوان، وکالت مال اول اور دفتر امانت سمیت مختلف دفاتر میں خدمت کی توفیق ملی۔

آپ پنجوقتہ نمازوں کے پابند اور تہجد گزار تھے اور تلاوت قرآن مجید باقاعدگی سےکرتے بلکہ ایک گھنٹہ ٹی وی پر بھی سنتے تھے۔ آپ انتہائی منکسرالمزاج اور ہنس مکھ طبیعت کے مالک تھے۔ آپ نے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو بیٹے مرزا محمود احمد اور مرزا دائود احمد چھوڑے ہیں۔

مرحوم کے دادا محمد عبداللہ درویش قادیان تھے اور قادیان بہشتی مقبرہ میں مدفون ہیں۔

٭… شاہد احمد مسعود صاحب، مبلغ سلسلہ ،بندوکوریجن، آئیوری کوسٹ اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کے پھوپھا مکرم ڈاکٹر داؤد احمد صاحب طاہر ابن مکرم عبدالرشید صاحب آف محلہ دارالنصرت ربوہ ،بعمر ۶۶؍سال مختصر علالت کے بعد فیصل آباد میں مورخہ ۱۶؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے ہیں۔انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم نے ورثاء میں بیوہ، چار بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔مرحوم نیک،صوم وصلوٰۃ کے پابند اور دعا گو انسان تھے۔

٭… نعمت الرحمٰن صاحب ابن چودھری احسان الرحمٰن مرحوم (واقفِ زندگی)ٹیکساس، امریکہ سے اعلان کرواتے ہیں کہ خاکسار کی والدہ محترمہ محمودہ چودھری زوجہ چودھری احسان الرحمٰن مرحوم (واقفِ زندگی)، ایک مختصر علالت کے بعد ۱۶؍ دسمبر ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ بمقام طاہر ہارٹ ربوہ،اپنے خالقِ حقیقی کے حضور حاضر ہو گئیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون ۔ نمازِ جنازہ ۱۸؍ دسمبر بروز سوموار نمازِظہر کے بعد باب الابواب شرقی کی مسجد میں ادا کی گئی اور تدفین بہشتی مقبرہ دارالفضل میں ہوئی۔ مرحومہ بفضلِ الٰہی موصیہ تھیں اور جماعتی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش اور ضرورتمندوں کی مدد کے لیے ہر دم تیاررہتیں۔

مرحومہ نے پسماندگان میں تین بیٹیاں اور تین بیٹےسوگوار چھوڑے ہیں۔

احباب جماعت سےدعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button