آسٹریلیا (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کے زیر اہتمام قرآن نمائش

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۱۸؍ نومبر۲۰۲۳ء کو مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کے زیر اہتمام ہیملٹن شہرکے شمالی علاقے میں قرآن مجید کی ایک نمائش منعقد کی گئی۔ یہ اس سال کی دوسری قرآن نمائش تھی۔

قرآن نمائش کے انعقاد کے لیے صبح سویرے مجلس انصار اللہ کا وفد آکلینڈ سے ہیملٹن شہر پہنچا۔شہر کے شمالی علاقے میں نئی تعمیر شدہ مرکزی لائبریری میں اس قرآن نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ اس نمائش میں قرآن پاک کے متعدد زبانوں میں کیے گئے تراجم رکھے گئے تھے جن میں نیوزی لینڈ کے ماؤری قبائل کی زبان میں ترجمہ قرآن بھی شامل تھا۔ اسی طرح بنیادی قرآنی تعلیمات پر مشتمل بڑے بڑے پوسٹرز اور بینرز سے نمائش کی تزئین و آرائش کی گئی۔

یہ نمائش ملک بھر میں جاری ’’True Islam‘‘یعنی حقیقی اسلام تبلیغی مہم کا حصہ تھی۔ یہ تبلیغی مہم جماعت احمدیہ نیوزی لینڈ چلا رہی ہے۔

نمائش میں قرآن مجید اور شدت پسندی کےموضوع پردو معلوماتی سیمینارزکا بھی اہتمام کیا گیا جن میں ایک درجن کے قریب مہمانوں نے شرکت کی۔

ایک مقامی کونسلر اینا کیسی کاکس (Anna Casey-Cox) نے نمائش کا دورہ کیا اور یہودیت سے اسلام تک ابراہیمی مذاہب کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے ہمیں اپنے زیر انتظام چلنے والے بین المذاہب مکالمہ گروپ میں مدعو کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے منفرد نوعیت کی قرآنی تعلیمات کی نمائش چلانے پر جماعت احمدیہ کی کوششوں کو سراہا۔

کچھ مہمانوں نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مشن میں خصوصی دلچسپی لی اور مربی صاحب سے مفصل گفتگو کی۔ جبکہ دیگر نے قرآنی آیات اور پیشگوئیوںکے پوسٹرز میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ ایک درجن کے قریب مہمانوں کو جماعتی لٹریچر بھی دیا گیا۔

اگرچہ دن بھر بارش ہوتی رہی لیکن پھر بھی اس نمائش کو ۵۰؍ سے زائد مہمانوں نے دیکھا جن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔

(رپورٹ :ثاقب احمد۔ قائد تبلیغ مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button