یورپ (رپورٹس)

برطانیہ کے نارتھ ایسٹ ریجن میں جلسہ ہائے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

برطانیہ کی بریڈ فورڈ نارتھ و ساؤتھ اور لیڈز کی جماعتوں میں امسال بھی حسب روایت جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم منعقد کرنے کا اہتمام کیا گیا۔ تینوں جلسہ جات میں لندن سے طویل سفرکرکے آنے والے چیف ایڈیٹر ریویو آف ریلیجنز عامر سفیر صاحب نے شرکت کی۔ بریڈفورڈ نارتھ جماعت کے جلسہ میں مولانا عطاءالمجیب راشد صاحب نائب امیرو مشنری انچارج یوکے نے آن لائن شرکت کی۔

بریڈ فورڈ ساؤتھ جماعت نے ۹؍دسمبر بروزہفتہ شام سات بجے مسجد بیت الحمد میں جلسہ منعقد کیا جس میں ۱۳۰؍ احباب جماعت نے شرکت کی۔لیڈز جماعت نے ایک مقامی چرچ ہال میں ۱۰؍ دسمبر بروز اتوار دوپہر دو بجےجلسہ کا انعقاد کیا جس میں ۹۶؍ حاضری رہی اور بریڈ فورڈ نارتھ جماعت میں ۱۰؍ دسمبر بروز اتوار شام چھ بجےمنعقد ہونے والے جلسہ میں ۱۴۰؍احباب جماعت شامل ہوئے۔

تینوں مقامات پر صدران جماعت کی زیر صدارت جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور منظوم کلام حضرت خلیفةالمسیح الرابعؒ سے ہوا۔

ایڈیٹر صاحب ریویو آف ریلیجنز نےان جلسہ جات میں موضوع کی مناسبت سے اپنے خیالات و بعض واقعات بیان کرتے ہوئے چندویڈیو کلپس بھی دکھائے اور حاضرین کو بھی اپنی گفتگو میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے عصر حاضر کی نوجوان نسل کو پیش آمدہ مسائل کے حل کے لیے اسلامی تعلیم اور اُسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں بعض احادیث اور قرآنی آیات کے حوالہ جات بھی دیے۔

مکرم مبارک احمد بسرا صاحب مربی سلسلہ بریڈ فورڈنے آنحضرتﷺ کی سیرت اور حیات طیبہ کے مختلف پہلو بیان کرتے ہوئے توحید باری تعالیٰ اور نماز سے محبت، امانت و دیانت، ایفائے عہد، ہمدردی خلق اور انفاق فی سبیل اللہ کے بارے میں چند واقعات کا بھی تذکرہ کیا۔بعد ازاں مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء کے سوالات کے جواب دیے گئے۔

بریڈ فورڈ نارتھ جماعت کےجلسہ کی اختتامی تقریر میں مولانا عطاء المجیب راشد صاحب نے آنحضرت ﷺکی سیرت کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے آپؐ کی ہمدردی خلق اور اپنے اُسوہ حسنہ سے صحابہ کرام ؓکی تربیت کے دلکش و ایمان افروز واقعات کا تذکرہ کیا۔

بریڈ فورڈ ساؤتھ کے صدر جماعت وقاص احمد انور صاحب، لیڈز کے صدر جماعت شعیب نیّر صاحب اور بریڈفورڈ نارتھ کے صدر جماعت حمود احمد انور صاحب نے اپنے اپنے جلسہ میں شرکائے جلسہ، مقررین اور منتظمین کا شکریہ ادا کیاجس کے بعد دعا سے ہر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ تینوں مقامات پر حاضرین جلسہ کی خدمت میں کھانا بھی پیش کیا گیا۔

(رپورٹ : لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button