افریقہ (رپورٹس)

کینیا کی جماعت شیانڈہ میں تعلیمی و تربیتی کلاسز کا انعقاد

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

ملک بشارت احمد صاحب انچارج مبلغ ویسٹرن اے ریجن شیانڈہ کینیا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ شیانڈہ کو سکولوں میں چھٹیوں کی مناسبت سے مورخہ ۲۶؍نومبر۲۰۲۳ تا ۲؍ جنوری ۲۰۲۴ء طلبہ کے لیے تعلیمی و تربیتی کلاسز منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ۔ ان کلاسز میں کُل ۷۸؍ طلبہ شامل ہوئے۔ عمر کے لحاظ سے کلاسز کو چھ گروپس میں تقسیم کیا گیا، ایک گروپ لجنہ کا ، دو ناصرات کے اور اسی طرح ایک خدام کا اور دو اطفال کے۔ ہر گروپ کے لیے علیحدہ علیحدہ نصاب تیار کر کے تمام طلبہ کو دیا گیا۔ خدام اور لجنہ میں سے بعض ممبرز کو بطور اساتذہ مقرر کیا گیا۔ مجموعی طورپرنصاب قرآن کریم ناظرہ، حفظ القرآن، قاعدہ یسرنا القرآن ، نماز، حفظ ادعیہ، تاریخ اسلام و احمدیت، سیرت آنحضور ﷺ اور خلفائے راشدین نیز سیرت حضرت مسیح موعودؑ اور آپ کے خلفاء، بنیادی فقہی مسائل اور دینی معلومات کے عناوین پر مشتمل تھا۔ بعض طلبہ کو ان کے ذاتی شوق کی بنا پر حضرت مسیح موعودؑ اور خلفاء کی نظمیں بھی ترنم کے ساتھ یاد کروائی گئیں۔ کلاس کے لیے ٹائم ٹیبل تیار کیا گیا۔ کلاسز جمعۃ المبارک کے علاوہ باقی چھ دنوں میں صبح نو بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہوتیں۔ ہر روز کسی ایک تربیتی موضوع پر لیکچر دیا جاتا۔ بچوں کے لیے ہلکی پھلکی ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا جاتا رہا۔ اس کلاس کے ذریعہ دو طلبہ نے قرآن کریم کا اپنا پہلا دور مکمل کیا۔دس طلبہ نے قاعدہ یسرنا القرآن ختم کر کے قرآن مجید پڑھنا شروع کیا۔ ۱۹؍ طلبہ نے نماز مکمل یاد کر لی۔ الحمد للہ

کلاس کے اختتام پر مورخہ ۳۱؍ دسمبر کو تحریری اور زبانی امتحان لیا گیا جس میں ۷۲؍ طلبہ شامل ہوئے۔

مورخہ ۲؍ جنوری ۲۰۲۴ء کو اس کلاس کی اختتامی تقریب میں دیگر احباب جماعت کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ تلاوت و نظم کے بعد دو تربیتی تقاریر ہوئیں جن میں خاص طور پر خلافت اور نظام جماعت سے وابستگی کی طرف توجہ دلائی گئی۔ تمام گروپس میں اول دوم اور سوم آنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ اجتماعی دعا کے ساتھ یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ نمازظہر اور عصر کے بعد تمام طلبہ اور دیگر شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

(مرسلہ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button