افریقہ (رپورٹس)

بوبو جلاسو، برکینا فاسو میں خدام کا یادگار وقار عمل

(چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینافاسو)

بوبو جلاسو، برکینا فاسو کا دوسرا بڑا شہر ہے۔ اسے برکینا فاسو کا اقتصادی دارالحکومت بھی کہا جاتا ہے۔ اس شہر میں جماعت احمد یہ کا پیغام ۱۹۶۰ء کی دہائی میں پہنچ گیا تھا۔۲۰۰۴ء میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بھی اس شہر میں تشریف لاچکے ہیں۔

برکینا فاسو میں ہر سال یوم آزادی کی مرکزی تقریبات ملک کے کسی شہر میں منعقد کی جاتی ہیں۔ کئی سال پہلے اعلان کر دیا جاتا ہےاور اس دوران منتخب شہر کی ترقی کی طرف خاص توجہ دے کر منصوبے مکمل کیے جاتے ہیں۔ اس طریق پر ہر سال ایک شہر میں کافی ترقیاتی کام ہو جاتے ہیں۔ برکینا فاسو کا پچاسواں یوم آزادی ۲۰۱۰ء میں بوبوجلاسو میں منایا گیا۔ اس موقع پر شہر کے مرکزی حصہ میں ایک یادگار بھی تعمیر کی گئی جسے’Rond-point des quatre chevaux‘ یعنی چار گھوڑا چوک کہا جاتا ہے۔ جیسا کہ عام طو رپر عوامی مقامات پر عدم توجہ سے صفائی کا معیار قائم نہیں رہتا اسی طرح اس یادگار کے اندورنی اوربیرونی حصوں میں صفائی کی شدید ضرورت تھی۔ مجلس خدام الاحمدیہ بوبو جلاسو نے اس یادگار اور ملحقہ علاقے میں وقار عمل کرنے کا پروگرام بنایا۔ پروگرام کے مطابق۱۷؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کی صبح خدام مقررہ مقام پر متعلقہ ساز و سامان کے ساتھ پہنچے۔ اس سے قبل شہر کے میئر سے یہاں وقار عمل کرنے کااجازت نامہ حاصل کر لیا گیا تھا۔ یادگار کو دھونے کے لیے پانی دور سے لایا گیا۔ خدام نے ارد گرد بڑھی ہوئی گھاس کاٹی گئی اور ہر طرح کی گندگی کو ہٹا کر جھاڑو دیا۔ ٹائلوں کو دھو کر صاف کیا ۔ دوران وقارعمل چوک میں جماعتی بینرز بھی لگائے جو ہر گزرنےوالے کو جماعت کا پیغام پہنچاتے رہے۔

جب خدام وقار عمل کر رہے تھے تو یہ بات مقامی لوگوں کے لیے حیران کن تھی۔ یادگار کی تعمیر کو تیرہ سال ہونے کو آئے لیکن شہر کے باسیوں نے کبھی ایسا منظر نہ دیکھا تھا کہ اس جگہ کو اس طرح صاف بھی کیا جاسکتا ہے۔ دوران وقار عمل بعض حکومتی عہدیداران کا وہاں سے گزر ہوا تو انہوں نے رک کر نہ صرف خدام کے اس اقدام کو بہت سراہا بلکہ خدام کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ اسی دوران نائب میئر وہاں سے گزرے انہوں نے خدام کی حوصلہ افزائی کی اور خدام کے لیے پینے کاپانی خرید کر بھجوایا۔ وقار عمل کے کچھ دنوں بعد مجلس خدام الاحمدیہ کو میئر آفس میں ایک صفائی مہم کے آغاز کے موقع پر ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ یہ مہم بوبو جلاسو شہر کی گلیوں کی صفائی کے حوالے سے تھی جس کا باقاعدہ آغاز میئر آفس نے کیا۔ وقار عمل میں پچاس کے قریب خدام نے حصہ لیا اور صبح آٹھ بجے سے پانچ بجے تک جاری رہا۔ خدام کے اس وقار عمل کے ذریعہ شہر بھر میں اور حکومتی اداروں میں جماعت کی نیک نامی میں اضافہ ہوا اور بہت عمدہ پیغام اہل شہر کو ملا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button