تعارف کتاب

تعارف کتب صحابہ کرامؓ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام (قسط ۴۵) تحفہ احمدیت (مصنفہ حضرت میر محمد اسماعیل صاحب رضی اللہ عنہ)

(اواب سعد حیات)

یہ مختصر کتاب بچوں اور بچیوں کے لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے آسان اردو الہامات کا مجموعہ ہے

حضرت میر محمد اسماعیل صاحب رضی اللہ عنہ کواحمدی بچوں اور بچیوں کے لیے مفیدکتب لکھنے کا خاص احساس رہتا تھا۔اس سلسلہ میں یہ ایک زیر نظر کتاب ہے جو دسمبر۱۹۵۴ءمیں پہلی دفعہ’’ سویرا آرٹ پریس لاہور ‘‘سے طبع ہوئی تھی اورتب اس کی قیمت ۲ آنے مقرر ہوئی، اس کتاب کو پیش کرنے والے محترم محمد اسماعیل صاحب پانی پتی اپنے مقدمہ میں لکھتے ہیں کہ’’قادیان میں اپنی وفات سے پہلے اُستاذی المحترم حضرت ڈاکٹر میر محمد اسماعیل صاحب رضی اللہ عنہ نے بچوں کے لیے حضرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کا ایک مختصر مجموعہ ’’اربعین اطفال‘‘ کے نام سے مرتب فرمایا تھا۔ اس کے بعد حضرت میر صاحب کو خیال پیدا ہوا کہ اسی طرز پر مسیح موعود علیہ السلام کے آسان اردو الہامات کا بھی ایک مختصر مجموعہ احمد ی بچوں کے لیے جمع کیا جائے تاکہ احمدی بچوں کو جہاں حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیثوں سے واقفیت ہو وہاں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے کچھ الہامات کا اُن کو علم ہو۔ چنانچہ اُنہوں نے یہ کتاب مکمل فرمائی اور اس پر دیباچہ بھی خود لکھااور اس کے بعد اشاعت کے لیے مجھے دے دی۔ افسوس ہے کہ میں حضرت مرحوم کی زندگی میں اور اُس کے بعد اِس وقت تک اس نہایت مفید کتاب کو شائع نہ کر سکا۔ اب اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے موقع دیا تو اسے شائع کر رہا ہوں۔ اُمید ہے کہ احمدی بچے اس نئے دینی تحفہ کو خوشی سے قبول کریں گے اور سارے الہامات کو حفظ کر کے اپنی مذہبی واقفیت کو بڑھائیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہر احمدی بچے کو اسلام کی پوری پوری محبت عطا فرمائے۔ آمین۔‘‘

حضرت میر محمد اسماعیل صاحب رضی اللہ عنہ اپنے خودنوشت دیباچہ میں لکھتے ہیں:’’احمدی جماعتوں کے اکثر بچے عورتیں اور دیہاتی لوگ صرف اُردو داں ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ سے میں نے مناسب سمجھا کہ اُن کے حفظ کرنے کے لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے الہامات کا ایک مجموعہ مرتب کر دوں جو عربی کی چہل حدیث کی طرح ہو۔ اس میں کئی فوائد ہیں:

۱۔ ایک تو جو بچے عربی نہیں جانتے وہ اُردو الہامات کو یاد کر کے خدا تعالیٰ کی تازہ وحی کے واقف ہو جائیں۔

۲۔ دوسرے یہ پتہ لگ جائے کہ وحی الٰہی خواہ عربی میں زیادہ مقدار میں ہو۔تا ہم تمام زبانیں خدا کی ہیں اور اُردو میں بھی خدائی الہام ہو سکتا ہے۔

۳۔مد نظر یہ بات بھی ہے کہ یہ الہامات صرف رؤیا اور کشوف کے اجزاء ہی نہ ہوں بلکہ بذاتِ خود اپنے اندر مکمل صورت رکھتے ہوں۔

۴۔ بعض ان میں سے نشانوں کے حامل ہیں اور بعض آئندہ کی عظیم الشان پیش گوئیوں کے۔

۵۔ اُردو زبان میں ہونے کی وجہ سے وہ باآسانی حفظ ہوسکیں۔

۶۔ ان کو یاد کرنے سے سلسلہ احمدیہ کی عظمت دل پر بیٹھے اور سلسلہ کے متعلق سچا علم چھوٹی سی عمر میں ہی حاصل ہو جائے۔

۷۔ کہیں کہیں ان الہامات کی تشریح بھی کر دی گئی ہے تاکہ شانِ نزول کا پتہ بھی لگ جائے۔

۸۔میں خیال کرتا ہوں کہ جو بچے ان کو اپنی توفیق کے مطابق حفظ کر لیں گے وہ احمدیت میں زیادہ راسخ العقیدہ ہوں گے۔

۹۔ بہر حال کلامِ الٰہی کا خواہ وہ کسی زبان میں ہو،یاد کرلینا موجب برکت ہوتا ہے۔ خصوصاً جب وہ اپنی مادری زبان میں ہی ہو۔

۱۰۔ مخالفین سلسلہ جو اکثر عربی سے نابلد ہوتے ہیں اُن پر حجت پوری کرنے کے لیے بھی ایک عمدہ حربہ ہے۔

غرض بیسیوں فوائد اس مجموعہ میں ہیں۔ اللہ تعالیٰ اسے قبول فرمائے اور مثمر ثمرات حسنہ کرے۔ آمین

الصفہ، قادیان۔ ۱۵؍نومبر ۱۹۴۶ء‘‘(صفحہ ۲ اور۳)

’’مجموعہ الہامات : تذکرہ ‘‘سے ماخوذ ۸۴اردو الہامات پر مشتمل ۱۶ صفحات کی اس مختصر کتاب میں سے بعض بطور نمونہ ذیل میں درج کیے جاتے ہیں:

٭…پاک محمد مصطفیٰ نبیوں کا سردار

٭…خدا تیرے سب کام درست کردے گا۔

٭…جناب الٰہی کے احسانات کا دروازہ کھلا ہے۔

٭…میں اپنی چمکار دکھلاؤں گا۔

٭…میں اپنی قدرت نمائی سے تجھ کو اٹھاؤں گا۔

٭…دنیا میں ایک نذیر آیا۔ پر دنیا نے اس کو قبول نہ کیا۔ لیکن خدا اسے قبول کرے گا اور بڑے زور آور حملوں سے اس کی سچائی ظاہر کردے گا۔

٭…اگر تمام لوگ منہ پھیرلیں تو میں زمین کے نیچے سے یا آسمان کے اوپر سے مدد کر سکتا ہوں۔

٭…خدا کے حضور میں اپنی تمام طاقتوں کے ساتھ حاضر ہوجاؤ اور اپنے ربِ کریم کو اکیلا مت چھوڑو۔ جو شخص اسے اکیلا چھوڑے گا وہ اکیلا چھوڑا جائے گا۔

٭…خدا کا ارادہ ہے کہ تیری توحید، تیری عظمت،تیری کمالیت پھیلادے۔

٭…میں تجھے زمین کے کناروں تک عزت کے ساتھ شہرت دونگااور تیرا ذکر بلند کرونگا۔

٭…میں تجھے عزت دونگا اور بڑھاؤنگا اور تیرے آثار میں برکت رکھ دونگا۔

٭…تو جہان کا نور ہے۔

٭…تیرے پر میرے کامل انعام ہیں۔

٭…اے لوگو! تمہارے پاس خدا کا نور آیا، پس تم منکر مت ہو۔

٭…نجات ایمان سے ہے۔

٭…خدا کی پناہ میں عمر گزارو۔

٭…اولیاء اللہ سے مخالفت رکھنا اس کا نتیجہ اچھا نہیں۔

٭…نیکی یہی ہے کہ خدا کے احکام کو پورا کرنا۔

٭…تُو ہر ایک بلا سے بچایا جائے گا۔

٭…خدا خوش ہوگیا۔

٭…میں تیرے ساتھ ہوں اور تیرے تمام پیاروں کے ساتھ ہوں۔

٭…میری فتح ہوئی۔

٭…دنیا میں صرف اسلام ہی حق پر ہے۔

٭…بہت سے سلام میرے تیرے پر ہوں۔

٭…زبردست نشانوں کے ساتھ ترقی ہوگی۔

٭…سلطان القلم

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button