افریقہ (رپورٹس)

کینیا کے ویسٹرن اے ریجن اور کسومو ریجن کی مساعی

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

ملک بشارت احمد صاحب انچارج ویسٹرن اے ریجن کینیا لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ ویسٹرن اے ریجن کو ماہ جنوری میں مختلف تربیتی اور تبلیغی پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق ملی جن کی مختصر رپورٹ درج ذیل ہے:

مُنڈولو جماعت

مورخہ۳؍جنوری ۲۰۲۴ء بروز بدھ مُنڈولو جماعت میں کھلے میدان میں ایک بڑے درخت کے نیچے تبلیغی نشست کا انعقاد ہوا جس میں مسلمان اور عیسائی مہمان تشریف لائے۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد عدی حمیسی معلم صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا۔ پھر خاکسار نے ’’قرآن شریف ایک کامل ہدایت ہے‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ اس کے بعد مجلس سوال و جواب شروع ہوئی جو تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔ آخر میں گاؤں کے چیف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے بہت سی نئی باتیں سنی ہیں اور اسلام سے متعلق ہماری معلومات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس پروگرام کی برکت سے ایک مہمان کو بیعت کرنے کی بھی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔ آخر میں مہمانوں کی چائے سے تواضع کی گئی۔

میسیخو – نئی جماعت کا قیام

میسیخو کے علاقہ میں کافی عرصے سے تبلیغی پروگرامز منعقد کیے جا رہے تھےجو مثمر بثمرات حسنہ ہوئے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس علاقہ کے ۲۱؍افراد کو بیعت کر کے جماعت احمدیہ میں شامل ہونے کی توفیق ملی اور یوں ایک نئی جماعت قائم ہوئی۔ کرائے کے ایک مکان میں نماز سینٹر بنایا گیا جس کے ایک حصہ میں مستورات کے لیے نماز اور میٹنگز کا انتظام کیا گیا۔ نئے سال کی مناسبت سے مورخہ ۳۱؍دسمبر ۲۰۲۳ءکو اس نماز سینٹر کا افتتاح ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد عبد اللہ حاجی معلم صاحب نے احباب کو مسجد کی اہمیت اور اس کے آداب کے متعلق آگاہ کیا اور نماز باجماعت اور جماعتی پروگراموں میں شمولیت کی طرف توجہ دلائی۔ پھرخاکسار نے اسلام میں خلافت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے احباب جماعت کو خلیفہ وقت کی اطاعت اور خلیفۃ المسیح سے مضبوط رابطہ قائم رکھنے کی طرف توجہ دلائی۔آخر میں مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ الحمد للہ ایک دوست کو بیعت کرنے کی بھی توفیق ملی۔ اس پروگرام میں اردگرد کی جماعتوں سے بھی احباب شامل ہوئے۔ ۱۶؍غیر از جماعت مہمانوں سمیت کُل حاضری ۶۸؍رہی۔ نماز ظہر و عصر کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

شیانڈا

مورخہ ۱۴؍جنوری ۲۰۲۴ء بروز اتوار جماعت شیانڈا کو تبلیغ ڈے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ۔ پروگرام کے مطابق صبح دس بجے انصار، خدام اور ممبرات لجنہ کی ٹیمیں بنا کر انہیں مختلف اطراف میں بھیجا گیا۔ ان احباب نے گھرگھر جا کر جماعت کا پیغام پہنچایا اور پمفلٹس بھی تقسیم کیے۔ ۷۳؍گھروں میں تقریباً ۴۸۰؍پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ بارہ بجے ایک احمدی دوست کے فارم پر تبلیغی جلسہ منعقد ہوا جس میں ’’دورِ حاضر میں امام مہدی کی ضرورت‘‘ کے مو ضوع پر محمد مصطفیٰ صاحب نے تقریر کی۔ پھر صدر جماعت شیانڈا نے شرائط بیعت پڑھ کر سنائیں۔ خاکسار نے ’’اسلام میں ہر مسئلہ کا حل موجود ہے‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس موقع پر ایک عیسائی دوست کو بیعت کرکے جماعت میں شمولیت کی توفیق ملی۔ اس پروگرام میں ۳۴؍غیر از جماعت مہمانوں سمیت ۱۰۸؍افراد شریک ہوئے۔ نماز ظہر و عصر کے بعد مہمانوں کی چائے سے تواضع کی گئی۔

ایشبیہے

مورخہ ۲۰؍جنوری ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ ایک نئی جماعت ایشبیہے میں تبلیغ کا پروگرام منعقد کیا گیا جس میں سب سے پہلے گھر گھر جا کر پمفلٹس تقسیم کیے گئے اور تبلیغی جلسہ میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔ ۲۱؍گھروں میں تقریباً ۱۵۰؍پمفلٹس دیے گئے۔ بارہ بجے مسجد میں پروگرام شروع ہوا جس میں خاکسار نے جماعت احمدیہ کا تعارف کرواتے ہوئے احباب کو وقت کے مسیح و مہدی کو ماننے کی طرف توجہ دلائی۔ اس پروگرام کی حاضری آٹھ غیر از جماعت مہمانوں سمیت ۲۴؍ رہی۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

شبینگا

ویسٹرن ریجن میں شبینگا ایک پُرانی جماعت ہے لیکن تبلیغ کے حوالہ سے کافی عرصہ سے یہاں جمود طاری تھا۔ مقامی مجلس عاملہ کے ساتھ میٹنگ کر کے ایک منظم پروگرام بنایا گیا۔ ریجن کے معلمین کی ماہانہ میٹنگ بھی اس ماہ اسی جماعت میں رکھی گئی۔ مورخہ ۱۹؍جنوری کو بعد نماز جمعہ احباب کو تبلیغی پروگرام کی تفصیل بتائی گئی کہ ان شاء اللہ مورخہ ۲۴؍جنوری ۲۰۲۴ء بروز بدھ معلمین کے ساتھ ٹیمیں بنا کر گاؤں کے ہر گھر میں پمفلٹس کے ذریعہ اسلام کا پیغام پہنچانا ہے۔ الحمدللہ، پروگرام کے مطابق ۲۴؍ جنوری کو دوپہر دو بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک شبینگا گاؤں کے ہر گھر تک زبانی طور پر احمدیت کا پیغام پہنچا نے کے علاوہ تقریباً ایک ہزار پمفلٹس بھی تقسیم کیےگئے اور چھوٹی چھوٹی مجالس سوال و جواب بھی منعقد ہوئیں۔ یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً ۶۰۰؍احباب تک احمدیت کا پیغام پہنچا۔

مبلغ کسومو ریجن کی سرکاری افسران سے ملاقات اور جماعتی لٹریچر کی فراہمی

فہیم احمد لکھن صاحب مبلغ کسومو ریجن لکھتے ہیں کہ اس ماہ انہوں نے کاؤنٹی گورنمنٹ کے متعدد افسران سے ملاقات کی اور ان سے فلسطین اسرائیل جنگ اور اس سے پیدا ہونے والے انسانی المیہ پر تبادلہ خیالات کیا اور قیام امن کے سلسلہ میں جماعت کی طرف سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا نیز انہیں نئے سال کے جماعتی کیلنڈر اور کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ کا تحفہ بھی پیش کیا۔ ان افسران میں کسومو کاؤنٹی کے کمشنر، دو اسسٹنٹ کاؤنٹی کمشنرز، ڈپٹی کاؤنٹی کمشنر، پولیس کمشنر اور منسٹر فار پبلک سروسز کسومو کاؤنٹی شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی مساعی کو بابرکت فرمائے۔آمین

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button