نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۲؍جنوری ۲۰۲۴ء بروز سوموار بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ امۃ الجمیل بشیر الدین صاحبہ اہلیہ مکرم محمد بشیر الدین صاحب مرحوم (آف حیدر آباد حال یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ امۃ الجمیل بشیر الدین صاحبہ اہلیہ مکرم محمد بشیر الدین صاحب مرحوم( آف حیدر آباد حال یو کے)

۱۷؍جنوری۲۰۲۴ءکو ۸۱؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم حکیم عبد الصمد صاحب (مولوی فاضل) کی بیٹی تھیں۔مرحومہ نماز اورروزہ کی پابند،مہمان نواز، ملنسار،غریب پروراور خلافت کے ساتھ عقیدت کاتعلق رکھنے والی ایک نیک مخلص بزرگ خاتون تھیں۔ لوکل جماعت میں کئی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ چندوں میں باقاعدہ تھیں۔ اپنے بچوں کو بھی ہمیشہ جماعت کے ساتھ پختہ تعلق رکھنے کی تاکید کیا کرتیں۔ مرحومہ مکرم سید شکیل احمد صاحب( ریجنل امیر )کی پھوپھی تھیں۔ پسماندگان میں ۲ بیٹے شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-۱مکرمہ مسرت جہاں صاحبہ بنت مکرم ماسٹر محمد ابراہیم حنیف صاحب سار چوری (ربوہ )

۱۲؍جنوری ۲۰۲۴ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار اور خلافت کے ساتھ اطاعت کا تعلق رکھنے والی مخلص خاتون تھیں۔ لمبی بیماری کو بہت صبر اور حوصلہ سے برداشت کیا۔ طبیعت میں بے حدسادگی تھی۔ مرحومہ کا ایک خاص وصف اقرباء پروری تھا۔ غرباء کا خاص خیال رکھتی اور مالی مدد کے علاوہ بھی کئی رنگ میں مدد کرتی رہتی تھیں۔ چندوں میں بھی باقاعدہ تھیں۔ مرحومہ نے لمبا عرصہ لجنہ ہال ربوہ میں خدمت کی توفیق پائی۔ آپ اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ مرحومہ مکرم زبیر احمد اظہر صاحب کی خالہ تھیں۔

-۲مکرم محمد سعید صاحب ابن مکرم غلام حیدر صاحب(پیر محل ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ)

۲۱؍نومبر۲۰۲۳ء ء کو ۸۵؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے سیکرٹری مال پیر محل کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم صوم صلوٰۃ کے پابند،تہجد گزار، خلافت سے محبت کرنے والے، ملنسار، غریب پرور، ہمدرد اور منظم شخصیت کے مالک ایک مخلص انسان تھے۔مرحوم چندہ جات کی ادائیگی بروقت کرتے اور خلیفہ وقت کی ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ آپ پر مختلف جماعتی مقدمات بھی ہوئےاور۵ ماہ اسیر راہ مولیٰ ہونے کی بھی سعادت حاصل ہوئی۔مرحوم موصی تھے۔

-۳مکرم رشید احمد مبارک صاحب ابن مکرم ابو المبارک محمد عبد اللہ صاحب(لاہور)

۲۹؍دسمبر۲۰۲۳ء کو ۸۹؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے دادا حضرت خیر دین صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ آپ نے لمبا عرصہ حلقہ سمن آباد لاہور میں شعبہ مال اور شعبہ رشتہ ناطہ میں خدمت کی توفیق پائی۔تمام مالی تحریکات میں خوش دلی سے شامل ہوتے تھے۔ سرکاری ملازمت میں کئی بار آپ کو احمدی ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن بڑی ثابت قدمی سے ان کا مقابلہ کرتے رہے۔خلافت سے عشق تھا اور بڑی باقاعدگی سے خطبہ سنا کرتے تھے۔ آپ کے اندر مہمان نوازی کا وصف بہت نمایاں تھا۔ مرحوم موصی تھے۔

-۴مکرم رفیق احمد صاحب ابن مکرم حمید احمد صاحب (ضلع بدین حیدرآباد سندھ)

۲۱؍دسمبر ۲۰۲۳ءکو ۷۱؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم آخر وقت تک پابند صوم و صلوٰۃ اور جماعتی خدمت میں مصروف رہے۔ آپ نے قائد مجلس،زعیم انصار اللہ، مقامی صدر اور امیر ضلع بدین کے علاوہ قاضی ضلع کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ علاقہ میں آپ کی نیک شہرت اور ایمانداری کا چرچا تھا اورآپ کا شمار معزز شخصیات میں ہوتا تھا۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

-۵مکرم راجہ محمد اسلم صاحب ابن مکرم راجہ محمد ایوب صاحب( گوجر خان ضلع راولپنڈی)

۱۴؍ستمبر ۲۰۲۳ء کو ۸۱؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم راولپنڈی میں ایڈیشنل سیکرٹری رشتہ ناطہ اور ایڈیشنل سیکرٹری دعوت الی اللہ کے طو رپر خدمت کی توفیق پاتے رہے۔ ہر جماعتی کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے اور جماعت کے فعال رکن تھے۔ دعوت الی اللہ کا بہت شوق تھا۔ چندوں میں باقاعدہ تھے اورجب بھی جماعت کی طرف سے کوئی مالی قربانی کی تحریک ہوتی اس میں ضرور حصہ لیتے تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button