از مرکز

مسجد بیت الفتوح میں لندن ریجن کے جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد

(لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برطانیہ)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے ساتھ لندن ریجن نے سال ۲۰۲۴ء کے پہلےانتہائی کامیاب جلسہ سیرت النبیؐ کا انعقاد مورخہ ۲۸؍جنوری ۲۰۲۴ء بروز اتوار بمقام مسجد بیت الفتوح شام ساڑھے پانچ بجے منعقد کرنے کی توفیق پائی۔ اس جلسہ میں زیادہ سے زیادہ افراد کی شمولیت کی غرض سے بذریعہ صدران جماعت تمام احباب جماعت کو اطلاع دینے کے علاوہ سوشل میڈیا کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے ایک پوسٹر بھی مشتہر کیا گیا۔مسجد بیت الفتوح میں نہ آسکنے والے احباب جماعت کی سہولت کی خاطر اس پروگرام کو براہ راست یوٹیوب پر بھی نشر کیا گیا۔

مبارک احمد صدیقی صاحب ریجنل امیر بیت الفتوح کے مطابق اس جلسہ میں شامل ہونے والے احباب جماعت کی تعداد اڑھائی ہزار سے زائد تھی اوریوٹیوب کے ذریعہ دیکھنے والے افراد کی تعداد ایک وقت میں پانچ ہزار سے زائد ہوچکی تھی جن کے فیملی ممبران اس جلسہ کو دیکھ اور سُن رہے تھے ۔اس طرح ایک محتاط اندازے کے مطابق سترہ ہزار سے زائد افراد اس جلسہ کی رُوداد اور برکات سے مستفید ہوئے۔

مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے کی زیر صدارت اس جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں ایک طفل عزیزم عمران ثانی، پھر لقمان احمد صاحب اور طارق حیات صاحب نے اپنی اپنی تقاریر میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ کے بعض پہلوؤں کا مختلف جہتوں سے احاطہ کرتے ہوئے دلنشین اور ایمان افروز واقعات کا تذکرہ کیا۔ ان تقاریر کے بعد مبارک احمد صدیقی صاحب نے ایک خوبصورت نعتِ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی۔ اس کے بعد منیر عودہ صاحب نے مقام و شانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کاایک عربی قصیدہ سُنایا جس کا انگریزی ترجمہ اس سے قبل ہی عزیزم ناصر عودہ صاحب نے پیش کردیا تھا۔ پھر اخلاق انجم صاحب مربی سلسلہ نے اردومیں ’آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی روحانی طاقت اور بصیرت‘ کے عنوان پر ایک تقریر کی۔ عمر شریف صاحب نے معروف منظوم کلام ’اُس پہ لاکھوں درود اُس پہ لاکھوں سلام‘ نہایت خوبصورت انداز میں پیش کیا۔

آخر میں مکرم امیر صاحب نےاختتامی تقریر میں جلسہ سیرۃ النبیؐ میں شامل نوجوانوں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد کی شرکت پر اپنی خوشی کا اظہارکیا اور پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے بچپن کے بعض واقعات بیان کرتے ہوئے مغربی معاشرے میں بچوں کی پرورش سے متعلق چند نصائح کیں۔ دعا کے ساتھ یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ جلسہ کے بعد احباب و خواتین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

(رپورٹ : لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button