یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ آئرلینڈ کے واقفین نو کا ساتواں سالانہ نیشنل اجتماع

(عطاء الرحمٰن خالد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئرلینڈ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۴؍دسمبر ۲۰۲۳ء بروز اتوار جماعت احمدیہ آئرلینڈ نے اپنا ساتواں نیشنل وقفِ نو اجتماع مسجد مریم گالوے میں منعقد کیا۔ واقفین نو لڑکوں اور لڑکیوں نے پورے ملک سے اجتماع میں شرکت کرنے کے لیے سفر کیا۔ دن کا آغاز نو بجے ناشتہ اور رجسٹریشن کے ساتھ ہوا جس کے بعد مشنری انچارج مولانا ابراہیم نونن صاحب کی زیر صدارت افتتاحی تقریب ہوئی۔ اپنی افتتاحی تقریر میں آپ نے والدین کو اپنے واقفین نو بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت کے حوالے سے ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔

دن کا پہلا اجلاس یوسف پینڈر صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ کے زیر اہتمام ہوا جو ایک تبلیغ اور میڈیا ورک شاپ تھی۔ سب واقفین نو کو گروپس میں تقسیم کیا گیا اور انہیں ایک script تیار کر کے کیمرے کے سامنے پیش کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔ سب ٹیموں نے کامیابی کے ساتھ اس ٹاسک کو مکمل کیا۔ پھر ویڈیو ریکارڈنگز سب کے سامنے سکرین پر چلائی گئیں نیشنل سیکرٹری تبلیغ اور کلیم احمد صاحب قائد ساؤتھ ویسٹ ریجن نے ان ویڈیوز پر اپنی رائے پیش کی اور مزید بہتری کے لیے راہنمائی کی۔ واقفاتِ نو نے بھی اس میں شرکت کی اور مسرور ہال میں سب ممبرات لجنہ اور ناصرات کے سامنے اپنے سکرپٹ پیش کیے۔

اس ورک شاپ کے بعد جامعہ احمدیہ یوکے کے درجہ ثالثہ کے طالبِ علم عزیزم صباح الدين علیم نے جامعہ احمدیہ یوکے کے متعلق ایک دلچسپ اور معلوماتی آن لائن پریزنٹیشن دی۔

اس کے بعد واقفین نو اور واقفات نو کے لیے الگ الگ دو مقابلوں کا انعقاد ہوا۔ پہلا مقابلہ پریزنٹیشن کا تھا جس کے لیے واقفین نو نے اجتماع سے قبل اپنی الیکٹرانک پریزنٹیشنز بھجوا دی تھیں اور اجتماع کے دن سب کے سامنے اپنے ایج گروپ (age group) کے مطابق پیش کیں۔ پریزنٹیشنز کے بعد دوسرا مقابلہ کوئز کا ہوا۔

ظہر و عصر کی نمازوں اور کھانے کے وقفہ کے بعد محمود مرزا صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم کے زیر اہتمام ایک mentoring اجلاس منعقد کیا گیا جو بہت معلوماتی اور interactive تھا۔ اس اجلاس میں انہوں نے واقفین نو کو mentoring کے حوالے سے آگاہ کیا اور دو ڈاکٹرز، ایک سیکنڈری سکول ٹیچر اور میدان عمل میں خدمت کی توفیق پانے والے ایک مربی سلسلہ پر مشتمل پینل کی مدد سے عملی اور قیمتی ہدایات سے نوازا۔

امسال ’سید طالع احمد شہید۔ خلافت کا ہیرا‘ پر ایک خصوصی نمائش کا انتظام کیا گیاتھا۔ واقفین اور واقفات نو نے پوسٹر تیار کرنے کے مقابلہ میں شرکت کی اور ان کے بارے میں پوسٹر بھی اس نمائش میں لگائے گئے اور سب نے ان کو دیکھا اور ان سے فائدہ اٹھایا۔

امسال سات سال سے کم عمر کے واقفین نو بچوں کے لیے بھی دلچسپ سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں خطوط لکھنا، تلاوت اور حدیث سنانا، اپنے پسندیدہ ایم ٹی اے پروگرام پر تبصرہ کرنا اور آپس میں گیمز کھیلنا شامل تھا۔

اختتامی اجلاس کی صدارت ڈاکٹر انور ملک صاحب نیشنل صدر جماعت آئرلینڈ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم، نظم اور نیشنل سیکرٹری وقف نو اور خاکسار (مربی سلسلہ) کی اجتماع رپورٹ پیش کرنے کے بعد مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے واقفین نو اور واقفات نو میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ ملک بھر کے واقفین نے اجتماع سے قبل اپنے نصاب وقف نو پر مشتمل زبانی امتحانات دیے اور بہترین نمبر حاصل کرنے والے بچوں کو اسناد دی گئیں۔ نیشنل صدر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں واقفین نو بچوں اور ان کے والدین کے سامنے حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے الفاظ میں زرّیں ہدایات پیش کیں۔

الحمد للہ اجتماع بہت کامیاب رہا اور شاملین اور والدین نے انتظامات پر اپنی خوشنودی کا اظہار کیا۔اس اجتماع میں ۲۸؍واقفین نو اور ۲۱؍واقفات نو شامل ہوئے جبکہ کُل حاضری ۱۱۰؍ رہی۔ اللہ تعالیٰ تمام واقفین نو کو اخلاص اور وفا میں بڑھائے اور انہیں خلافت احمدیہ کے لیے بہترین ہیرےبننے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: عطاء الرحمٰن خالد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button