یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ جارجیا کی پہلی نیشنل تربیتی و تعلیمی کلاس کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ جارجیا کو مورخہ ۳۰؍دسمبر ۲۰۲۳ء تا یکم جنوری ۲۰۲۴ء اپنی پہلی نیشنل تربیتی و تعلیمی کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس تربیتی کلاس میں مرد حضرات مشن ہاوٴس میں اکٹھے ہوئے جبکہ خواتین نے آن لائن شرکت کی۔

مورخہ ۳۰؍دسمبر کو صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے تربیتی کلاس کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد مکرم جواد احمد بٹ صاحب (صدر جماعت و مشنری انچارج جماعت احمدیہ جارجیا ) نے شاملین پروگرام کو تربیت اور تعلیم کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ بعد ازاں تدریس کا سلسلہ شروع ہوا جس میں تفسیر القرآن، ارکان اسلام، نماز پڑھنے کی اہمیت، احمدی اور غیر احمدی میں فرق، خاتم النبیّٖینﷺکی حقیقت، اپنی روز مرہ زندگی میں تبلیغ، دس شرائط بیعت جیسے موضوعات پڑھائے گئے۔

نمازوں اور کھانے کے بعد مرد حضرات کے لیے ٹیبل ٹینس کے مقابلہ کا بھی انتظام کیا گیا۔

تربیتی کلاس کا ایک اہم حصہ جلسہ سالانہ قادیان کے اختتامی اجلاس سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب براہ راست سننا تھا۔

پیارے حضور کی اجازت سے شاملین پروگرام کی علمی اور روحانی معلومات کے اضافہ کے لیے مکرم عابد وحید خان صاحب (انچارج شعبہ پریس اینڈ میڈیا مرکزیہ) کے ساتھ ایک آن لائن نشست تھی۔ اس نشست میں آپ نے تمام شاملین کو حضور انور کا تازہ پیغام پہنچایا کہ ہم اس بات کو ہمیشہ یاد رکھیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے اللہ تعالیٰ کا یہ وعدہ ہے کہ ’’میں اپنی جماعت کورشیا کے علاقہ میں ریت کی مانند دیکھتا ہوں۔‘‘ اس کے ساتھ مکرم عابد وحید خان صاحب نے حضور انور کے ساتھ چند ایمان افروز واقعات سنائے ۔

اسی طرح ایک اَور دن حضور انور کی اجازت سے مکرم ڈاکٹر فہیم یونس صاحب (نائب امیر جماعت احمدیہ امریکہ) کے ساتھ آن لائن علمی نشست ہوئی۔ جماعت جارجیا کی اکثریت میڈیکل کے طلبہ پر مشتمل ہے۔ اس حوالہ سے ڈاکٹر صاحب نے ’’اسلام اور میڈیکل سائنس‘‘ کے عنوان پر ایک لیکچردیا۔ لیکچر کے بعد سوالات کا سلسلہ شروع ہوا جس میں تمام طلبہ نے دلچسپی سے شرکت کی اور ڈاکٹر صاحب نے سوالات کے جواب دیے۔

تربیتی و تعلیمی کلاس کے آخری دن شاملین پروگرا م سے کوئز کی صورت میں ایک جائزہ لیا گیا جس میں معلومات عامہ کے علاوہ لیکچرز کے حوالہ سے سوالات کیے گئے۔

مورخہ ۳۱؍ دسمبر کی شام کو اختتامی تقریب میں قرآن کریم کی تلاوت کے بعد نیشنل تربیتی و تعلیمی کلاس کے سب سے فعال ممبر وسیم احمد صاحب کو کلاس میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ایک تحفہ پیش کیاگیا۔ اسی طرح تمام شاملین کو اسناد شرکت بھی صدر صاحب کی طرف سے دی گئیں۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جارجیا کی پہلی نیشنل تربیتی و تعلیمی کلاس مورخہ یکم جنوری ۲۰۲۴ء نماز تہجد، فجر اور ناشتہ کے بعد اپنے اختتام کو پہنچی۔

(رپورٹ: ہارون عطا۔ مربی سلسلہ جارجیا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button