حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…طالبان نے افغانستان میں خواتین کو سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔ افغان وزارتِ صحت کی ہدایت کے بعد ایک درجن سے زائد افغان صوبوں کے میڈیکل کالجز میں خواتین کے داخلے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد وہ لڑکیاں جو بارھویں پاس ہیں کپیسا، پکتیا، پاروان، پنجشیر، پکتیکا، بامیان، بدخشاں، غزنی، میدان واردک، خوست اور لوغار سمیت ملک کے کئی صوبوں کے میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے رجوع کرسکتی ہیں۔ یاد رہے کہ اگست ۲۰۲۱ء میں طالبان نے افغانستان میں دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد لڑکیوں پر چھٹی جماعت سے آگے تعلیم حاصل کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔

٭…برطانوی عوام کے لیے انرجی کے شعبے میں مالی ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے۔ انرجی ریگولیٹر آف جم نے سالانہ انرجی بل کی اوسط حد ۱,۶۹۰؍پاؤنڈ مقرر کر دی ہے، نئی شرح کا اطلاق رواں سال اپریل سے ہوگا۔ موجودہ شرح کی نسبت نئی شرح میں بارہ فیصد کمی کی گئی ہے، نئی اوسط شرح سےصارفین کو انرجی بلز میں ۲۳۸؍پاؤنڈ سالانہ کی بچت ہوگی۔ نئی شرح سےانگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ کے ۲۹؍ملین گھرانوں کو فائدہ ہوگا جبکہ ناردرن آئرلینڈ کے لیے قواعد مختلف ہیں، وہاں بھی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔

٭…امریکہ بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس گھنٹوں بند رہنے کے بعد بحال ہوگئیں۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس میں رکاوٹ کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔اس حوالے سے ہوم لینڈ سیکیورٹی اور ایف بی آئی بھی تحقیقات میں شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق امریکہ میں جمعرات کو سان فرانسسکو سمیت بڑے شہروں میں سیل فون سروس میں خلل کے باعث ہزاروں صارفین متاثر ہوئے تھے۔ اس دوران ٹیکسٹ میسجز کے علاوہ ہنگامی خدمات بھی معطل رہیں۔

٭…امریکہ کی نجی کمپنی نے چاند پر خلائی جہاز اتار دیا۔۱۹۷۲ء میں چاند پر اپالو کی لینڈنگ کے بعد امریکہ کا یہ پہلا اقدام ہے۔ روبوٹک خلائی جہاز ہیوسٹن کی کمپنی نے بھیجا ہے اور اس کے سگنل موصول ہوگئے ہیں۔ اس مشن کے ساتھ کوئی بھی انسان روانہ نہیں ہوا ہے۔ چاند پر اترنے کے بعد جہاز کی حالت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔

٭…سپین کے شہرویلینسیامیں چودہ منزلہ اپارٹمنٹ میں خوفناک آگ لگنے کے باعث چار افراد ہلاک اور چودہ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں چھ فائر فائٹرز اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔فائر فائٹرز نے اپارٹمنٹ کی بالکونیوں سے لوگوں کو ریسکیو کیا، آگ سے متاثرہ عمارت میں انیس افراد تا حال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

٭…سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ضروری اجازت نامے کے بغیر حج کرنا غیرقانونی ہے۔ خلاف ورزی پر پچاس ہزار سعودی ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔خلاف ورزی کرنے والے تارکین وطن کو چھ ماہ جیل کی سزا ہوگی۔سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق تارکین وطن کے دس سال تک ملک میں داخلے پر بھی پابندی ہوگی۔

٭…اسرائیل نے مغربی کنارے میں مزید تین ہزار گھر بنانے کا اعلان کردیا۔اسرائیل نے مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری کے نئے متنازع منصوبے کا اعلان کیا ہے۔آبادکاری سے متعلق متنازع اسرائیلی منصوبے پر امریکہ نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید چالیس سے زائد فلسطینی شہید اور ایک سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ یاد رہے کہ ۷؍اکتوبر سے جاری اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں فلسطینی شہداء کی تعداد ۲۹؍ہزار ۵۵۰؍تک جا پہنچی ہے۔اقوام متحدہ کےمطابق غزہ میں شہید ہونے والوں میں نوّے فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ غزہ میں انسانی اور صحت کی صورتحال تباہ ہونے سے غزہ ڈیتھ زون بن گیا ہے۔

٭…بھارتی عدالت نے بنگال کے چڑیا گھر کے شیر ’اکبر‘اور شیرنی ’سیتا‘ کے نام تبدیل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔شہریوں نے شکایت کی تھی کہ اکبر اور سیتا نامی اس شیر اور شیرنی کے ناموں سے ان کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ شیرنی کا نام ہندو دیوی سیتا جبکہ شیر کا نام ۱۶ ویں صدی کے مغل حکمران اکبر کے نام پر رکھا گیا تھا۔سماعت کے دوران جسٹس سوگتا بھٹاچاریہ نے وکیل سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنے پالتو جانوروں کا نام مقدس ہستیوں کے نام پر رکھیں گے؟ عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جانوروں کے نام ہندو دیوتاؤں، مسلم انبیائےکرام، قابل احترام عیسائی شخصیات، نوبل انعام یافتہ یا آزادی پسندوں کی شخصیات کے نام پر نہیں رکھے جانے چاہئیں۔ کیا کتوں سمیت پالتو جانوروں کے نام لوگوں کے نام پر رکھنا مناسب ہوگا؟ اس طرح تنازعات سے بچا جاسکتا ہے۔

٭…اسرائیلی فوج نے دیر البلح میں بے گھر فلسطینیوں پر بمباری کردی جس میں ۳۰؍فلسطینی شہید ہوگئے۔ شمالی غزہ میں امدادی ٹرکوں پر حملے کیے گئے۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے اسرائیلی بمباری کے سبب فلسطینی بھوک سے مر رہے ہیں۔ ادھر غزہ کے الزیتون محلے میں حماس کی اسرائیلی فوج سے جھڑپیں ہوئیں، حماس نے اسرائیلی ٹینکوں کو راکٹ سے نشانہ بنایا۔ غزہ میں معصوم فلسطینیوں کی اموات پر دُہرا معیار اپنانے پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے مغربی راہنماؤں کو خون کے پیاسے بھیڑیے قرار دے دیا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button