نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۸؍فروری ۲۰۲۴ء بروز جمعرات بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ نصرت باسط صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الشکور باسط صاحب مرحوم (کراچی حال تھارٹن ہیتھ۔ یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ نصرت باسط صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الشکور باسط صاحب مرحوم (کراچی حال تھارٹن ہیتھ۔ یوکے)

۵؍فروری ۲۰۲۴ء کو ۸۳ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت حافظ صوفی تصور احمد صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی اور مکرم ڈاکٹر سید شاہ عالم صاحب (آف فیصل آباد) کی بیٹی اور مکرم حافظ محمد امین صاحب کی بہو تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، ملنسار، غرباء کا خیال رکھنے والی اور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی نیک، دیندار بزرگ خاتون تھیں۔ اپنے اور جماعت کے بچوں کو قرآن کریم پڑھانے کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرم ملک رفیق احمد صاحب ابن مکرم خوشی محمد صاحب(فیصل آباد)

۱۱؍نومبر ۲۰۲۱ء کو ۷۰ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، اچھے اخلاق کے مالک ایک مخلص انسان تھے۔

۲۔مکرمہ نصرت جہاں صاحبہ اہلیہ مکرم ملک رفیق احمد صاحب(فیصل آباد)

۱۶؍اگست ۲۰۲۲ء کو ۵۶ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کا جماعت سے تعاون اور اخلاص ووفا کا اچھاتعلق تھا۔ لجنہ کے اجلاسات اپنے گھر پر کرواتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

۳۔مکرمہ نعیمہ پراچہ قمر صاحبہ اہلیہ مکرم بشیر احمد قمر صاحب مربی سلسلہ (ربوہ )

۱۳؍اگست ۲۰۲۲ء کو ۹۳ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نے اپنی شادی سے پہلے بھیرہ میں اور شادی کے بعدکراچی میں خدمت کی توفیق پائی۔صوم وصلوٰۃ کی پابند، خدمت گزار،نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

۴۔مکرم ملک مبشر احمد صاحب ابن مکرم محمد شفیع صاحب(فیصل آباد)

یکم مئی ۲۰۲۲ء کو ۸۳ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نمازوں کے پابند، اطاعت گزار، نڈر، مخلص اور عاجزی کے ساتھ خدمت کرنے والے ایک باوفا انسان تھے۔ آپ کا شمار فیصل آباد کے نامور ٹرانسپورٹرز میں ہوتا تھا۔ اپنی بسوں میں احمدی احباب کو جلسہ سالانہ پر بھی لے جاتے تھے۔ ۱۹۷۴ء میں ان کی ایک بس کو جلا دیا گیا تھا۔ مرحوم کے مقامی پولیس اور انتظامیہ سے بہت اچھے تعلقات تھے۔ مرحوم کے گھر کئی سال نماز سنٹر قائم رہا۔ جماعتی نماز سنٹرخریدنے اور رجسٹری کروانے میں بھی بہت تعاون کی توفیق پائی۔ احباب جماعت کے مقدمات کے سلسلہ میں بھی ہمیشہ مدد کیا کرتے تھے۔

۵۔مکرم محمد یوسف صاحب ابن مکرم اللہ دتہ صاحب (شیخوپورہ)

۱۲؍اگست ۲۰۲۳ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے ۱۹۹۰ء میں شیخوپورہ آکر خود بیعت کی۔ بیعت کے بعد سسرال والے ان کے بیوی بچوں کو ساتھ لے گئےاور ان سے احمدیت چھوڑنے کا مطالبہ کیا لیکن آپ نے جواب دیا کہ میں نے بہت تحقیق کی ہے اور خدا نے مجھے صحیح دین کی پہچان کروادی ہے اب میں مرتے دم تک احمدیت نہیں چھوڑوں گا۔ بعد میں بیوی بچے آئے تو آپ نے ان کی بیعتیں بھی کروائیں اور آخر دم تک بڑی مضبوطی کے ساتھ احمدیت پر قائم رہے۔ مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔

اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button