افریقہ (رپورٹس)

قدرتی آفات کے بعد ہیومینٹی فرسٹ تنزانیہ کی خدمتِ خلق

(شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

دسمبر۲۰۲۳ء میں تنزانیہ کے شمالی ریجن مانیارا (Manyara) کی تحصیل ہانانگ(Hanang) کے علاقہ کاٹیش (Katesh) میں تیز بارشوں کی وجہ سے سیلاب آیا اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث چند نواحی گاؤں مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ جبکہ قصبہ کاٹیش میں بھی بڑے پیمانہ پر جانی اور مالی نقصان ہوا۔ بڑے بڑے پہاڑی پتھروں اور پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے لوگوں کے گھر اور عمارتیں بہ گئیں۔ اس پر حکومت کی طرف سے اس علاقہ میں ایمرجنسی نافذ کرکے فوج کی زیز ِنگرانی ریسکیو اور امداد کا کام شروع کیا گیا۔صدرِ مملکت نے متاثرہ علاقہ کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس واقعہ کی خبر پوری دنیا میں پھیل گئی جس پر مختلف فلاحی اداروں اور دوست ممالک نے بھی تنزانین حکومت کی امدا د کی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ تنزانیہ کو بھی اس سلسلہ میں خاطر خواہ خدمت کی توفیق ملی۔ مکرم طاہر محمود چودھری صاحب امیر و مشنری انچارج اور چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ تنزانیہ نے وزیر اعظم اور اس علاقہ کے سرکاری عہدیداران کو خطوط تحریر کیے جن میں اس واقعہ پر اظہارِ افسوس کیا گیا اور جماعت احمدیہ کی طرف سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اسی طرح Disaster Managementکے متعلقہ محکمہ سے براہِ راست رابطہ کیا گیا تاکہ متاثرہ علاقہ جات میں ضرورت کے مطابق امداد پہنچائی جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے بے شمار لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔ ایسے موقع پر ان تک تعمیراتی سامان پہنچا کر ان کی امداد کی جاسکتی ہے۔

اس واقعہ کی اطلاع ہیومینٹی فرسٹ امریکہ کو بھی کی گئی اور ان کی طرف سے متاثرہ علاقہ جات میں امداد بھجوانے کے لیے تعاون کیا گیا۔ چنانچہ اس امداد سےہیومینٹی فرسٹ کے Disaster Relief پروگرام کے تحت سیمنٹ کی ۶۰۰؍بوریاں خریدی گئیں۔ ہیومینٹی فرسٹ کی چار رُکنی ٹیم عابد محمود بھٹی صاحب نائب امیر کی قیادت میں متاثرہ علاقوں تک پہنچی، وہاں صورتحال کا جائزہ لیا اور یہ امدادی سامان حکومت کے سپرد کیا۔ ہیومینٹی فرسٹ کے تعارفی بینرز بھی پرنٹ کروائے گئے تھے جن پر’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ کا پیغام درج تھا۔اس ٹیم کے ہمراہ دیگر معاونین بھی تھے جنہوں نے سیمنٹ کی بوریوں کو متعلقہ دفتر میں رکھنے میں مدد کی۔فجزاھم اللہ احسن الجزاء

اس موقع پر حکومت کی طرف سے امداد قبول کرنے کے لیے نائب وزیر تعمیرات و ٹرانسپورٹ جناب Godfrey Kasekenya صاحب موجود تھے۔ انہوں نے ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم کو خوش آمدید کہا اور فلاحی کاموں میں حکومت کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کے نام سے ظاہر ہے کہ ’’ہیومینٹی فرسٹ ‘‘ اپنی خدمات میں انسانیت کو ترجیح دیتی ہے اور اسی لیے یہ اس مشکل گھڑی میں اپنے بھائیوں کی مد د کرنے کے لیے یہاں آئے ہیں۔ اس قدرتی آفت کے نتیجہ میں بہت سے متاثرین بے گھر ہوئے ہیں۔ ہیومینٹی فرسٹ کی امداد سے حکومت ان کے گھروں کی تعمیر اور مرمت کرکے انہیں دوبارہ زندگی شروع کرنے میں مدد دے گی۔

الحمد للہ، ہیومینٹی فرسٹ کی اس خدمت پر میڈیا میں بھی پذیرائی ہوئی۔ TBC، ITV اور Channel 10 جیسے معروف ٹی وی چینلز نے اپنے خبرنامہ میں تفصیلی رپورٹس نشر کیں۔ آن لائن بلاگ ، انسٹا گرام اور دیگر سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے بڑی تعداد میں ان خبروں کو دیکھا اور مبارکباد دی۔ ایم ٹی اے افریقہ، احمدیہ ریڈیو مٹوارہ اور جماعتی اخبارات کے ذریعہ بھی اس کی تفصیل شائع کی گئی۔

(رپورٹ:شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button