کچھ جامعات سے

جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں پکنک کا پروگرام

جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں مورخہ ۲۵؍جنوری ۲۰۲۴ء کو شعبہ کھیل کی طرف سے طلبہ کی سالانہ پکنک کااہتمام کیا گیا۔ پکنک کے لیے جامعہ سے پانچ کلومیٹر دُور ایک پارک کاانتخاب کیا گیا جس میں کھانے پینے اور جھولوں کے علاوہ سوئمنگ پول کا بھی انتظام تھا ۔

پکنک والے دن صبح نو بجے طلبہ اسمبلی کے لیے جمع ہوئے۔ طلبہ کو متفرق ہدایات دیے جانے کے بعد مکرم چودھری نعیم احمد باجوہ صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین نے اجتماعی دعا کرانے کے بعد طلبہ کو جامعہ سے روانہ کیا۔ مقررہ جگہ پر پہنچ کر تمام طلبہ مختلف گیمز کھیلنے میں مشغول ہوگئے۔ نیز ایک بڑی تعداد سوئمنگ پول میں نہا کر لطف اندوز ہوتی رہی۔بعض طلبہ تصاویر بنوانے میں مصروف تھے۔ دوپہر ایک بجے مقام پکنک پر ہی تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ یہ کھانا جامعہ میس کی طرف سے تیار کیا گیا تھا جس میں پھل اور مشروبات بھی شامل تھے۔

کھانے کے بعد اڑھائی بجے دوپہر نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔ پھرطلبہ کی طرف سے مختلف مزاحیہ خاکے پیش کیے گئے جس سے تمام طلبہ اور سٹاف خوب محظوظ ہوئے۔ تینوں کلاسوں کے طلبہ کے درمیان مزاحیہ خاکوں کا مقابلہ بھی رکھا گیا تھا۔چنانچہ ان مزاحیہ پروگراموں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کرطلبہ نے خوب داد سمیٹی۔

جماعت احمدیہ کی خوبصورت روایات میں وقار عمل بھی شامل ہے۔ طلبہ کو مختلف گروپس میں تقسیم کر کے پورے پارک کی صفائی کروائی گئی اور واپسی کے لیے روانہ ہوئے۔

(رپورٹ: مبارک احمد منیر ۔استاد جامعۃ المبشرین )

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button