نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۱۵؍فروری ۲۰۲۴ء بروز جمعرات بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم خواجہ شریف احمد صاحب (مورڈن۔یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر اور نو مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم خواجہ شریف احمد صاحب(مورڈن۔یوکے)

۸؍فروری ۲۰۲۴ء کو ۹۰؍سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق ایک مخلص گھرانے سے تھا۔ جماعتی کاموں میں پیش پیش رہتے تھے۔ آپ کو مختلف حیثیتوں میں جماعت کی خدمت کی توفیق ملی۔BrentfordاورFelthamکی کورٹ میں مجسٹریٹ بھی رہ چکے ہیں۔ آپ صوم و صلوٰۃ کے پابند، بہت نرم مزاج، دین دار اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-۱مکرم مرغوب علی زاہد صاحب ابن مکرم چودھری محبوب حسین صاحب(ملتان)

۲۹؍ستمبر ۲۰۲۲ء کو۷۸؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے مقامی سطح پر جنرل سیکرٹری، سیکرٹری دعوت الی اللہ، ممبر اصلاحی کمیٹی، سیکرٹری اصلاح وارشاد اور زعیم حلقہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم صوم صلوٰۃ کے پابند، جماعت کے ساتھ مثالی تعلق رکھنے والے، بہت مہربان اور شفیق انسان تھے۔ مسجد حسن آباد کے کیس میں ہر پیشی پر وکلاء کے ہمراہ پیش ہوتے اور بڑی جانفشانی سے اس کیس کی پیروی کرتے رہے۔مرحوم موصی تھے۔

-۲مکرم محمد نعمان خان صاحب ابن مکرم قادر بخش صاحب(شاہ تاج شوگر ملز کالونی ضلع منڈی بہاؤالدین)

۴؍جون ۲۰۲۳ء کو۶۵؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نماز باجماعت کے پابند مخلص اور باوفا انسان تھے۔آپ نے تنظیمی سطح پر خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔

-۳مکرم سردار محمد ابو احمد صاحب(بنگلہ دیش )

۳؍نومبر۲۰۲۳ء کو ۵۸؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم شمس الرحمٰن صاحب مرحوم کے پوتے تھے جن کے ذریعہ سندر بن میں احمدیت کی بنیاد پڑی۔مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند ایک فدائی اور مخلص احمدی تھے۔ ۲۰۲۱ء سے احمدیہ میڈیکل سنٹر احمد نگر میں بطور Pathologistخدمت سرانجام دے رہے تھے۔ مرحوم خدا کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ اپنے دونوں بیٹوں کو خدا کی راہ میں وقف کرنے کی توفیق پائی۔ مرحوم کے بڑے بیٹے مکرم ڈاکٹر محمود احمد صاحب بطورانچارج احمد یہ کلینک گانٹا، لائبیریا میں اور چھوٹے بیٹے مکرم مسعود احمد صاحب بنگلہ دیش میں بطور مربی سلسلہ خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

-۴مکرم ڈاکٹر شوکت علی واہلہ صاحب ابن مکرم علی احمد واہلہ صاحب(پنڈی بھٹیاں ضلع حافظ آباد)

۳۱؍دسمبر۲۰۲۳ء کو ۶۵؍سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم پنجگانہ نمازوں اور تہجد کا التزام کرنے والے، احکام دین کے پابند، دعاگو، منکسر المزاج اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ایک مخلص اور باوفاانسان تھے۔ خلافت کے وفادار اور شیدائی تھے۔ اولاد کی تربیت بھی اچھے رنگ میں کرنے کی توفیق پائی۔ لازمی چندہ جات کے علاوہ دیگر مالی تحریکات میں دل کھول کر قربانی کرنے والے تھے۔ صدقہ وخیرات میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ تنزانیہ میں دو مساجد ذاتی خرچ پر تعمیر کروائیں۔ …مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اورتین بیٹیاں شامل ہیں۔

-۵مکرمہ عاصہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم ابراہیم خان صاحب (آف سور و صوبہ اڈیشہ۔ مقیم قادیان)

۵؍جنوری۲۰۲۴ء کو ۷۹؍ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ گذشتہ ۲۵؍سال سے قادیان میں مقیم تھیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند،تہجد گزار، دعا گو، صبرو شکر کرنے والی، ایک نیک اور باوفا خاتون تھیں۔ خلافت سے والہانہ اخلاص کا تعلق تھا۔ قرآن کریم کی تلاوت کثرت سےکیا کرتی تھیں۔ جماعتی کتب اورر سائل کے مطالعہ کا شوق تھا۔کئی بچوں کو قرآن کریم پڑھایا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں پانچ بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔ چار بیٹے اوردو داماد واقف زندگی ہیں۔ایک بیٹے مکرم مظفر احمد ناصر صاحب بطور ناظر اصلاح و ارشاد مرکزیہ قادیان خدمت بجالا رہے ہیں۔

-۶مکرم بشیر الدین ننگلی صاحب مرحوم ( پنشنر صدر انجمن احمدیہ قادیان ) ابن مکرم دین محمد صاحب ننگلی درویش مرحوم قادیان

۵؍جنوری ۲۰۲۴ء کو ۶۷؍سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند، ہمدرد، ملنسار، سادگی پسند، خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار،ایک مخلص اورنیک انسان تھے۔۱۹۷۶ءسے ۲۰۱۰ء تک فضل عمر پریس قادیان میں اور پھر ۲۰۱۰ء سے ۲۰۱۶ء تک دفتر بہشتی مقبرہ میں خدمت بجالاتے رہے۔ طویل عرصہ تک محلہ کے سیکرٹری مال کے علاوہ ذیلی تنظیموں میں بھی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

-۷مکرم ڈاکٹر میر مبارک احمد صاحب (Baltimore۔ امریکہ)

۱۱؍جنوری ۲۰۲۴ء کو ۸۷؍سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق حیدر آباد دکن، انڈیا سے تھا۔ مرحوم کے نانا مکرم سیٹھ محمد غوث صاحب نے ۱۹۰۸ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الاول رضى الله عنہ کے ہاتھ پر بیعت کرنے کی سعادت حاصل کی تھی۔مرحوم ۱۹۶۴ء میں امریکہ منتقل ہوئے اور انہیں کافی سال بطور نائب صدر Brooklyn/Staten Island خدمت کی توفیق ملی۔ آپ پیشہ کے لحاظ سے Gastroenterologist تھے۔ ۱۹۸۹ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کے ارشاد پر آپ کو Sierra Leone اور The Gambia میں وقف عارضی کرنے کی توفیق ملی۔ مرحوم کا خلافت کے ساتھ بہت گہرا تعلق تھا۔ آپ اپنے بچوں کو باقاعدگی سے نماز ادا کرنےاور قرآن کریم کی تلاوت کرنے کی تلقین کیا کرتے تھے اور روزانہ باقاعدگی سے اپنی فیملی کے ساتھ قرآن کریم کے ترجمہ اور تفسیر کا مطالعہ کرتے تھے۔ مرحوم مالی قربانی میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے اور اپنے بچوں کو مالی قربانی میں آگے بڑھنے کی تلقین کرتے رہتے تھے۔ مرحوم الله تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے شامل ہیں۔

-۸مکرمہ نبیلہ صفیہ صاحبہ بنت مکرم ڈاکٹر میر مبارک احمد صاحب(Maryland, Baltimore۔امریکہ)

۹؍دسمبر۲۰۲۳ء کو ۴۸؍سال کی عمر میں بقضائےالٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نے Finance and Accounting میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی تھی۔ لجنہ اماء اللہ اور جماعت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ کو MTA امریکہ کی ابتدائی ٹیم میں خدمت کرنے کے علاوہ دو سال تک بطور جنرل سیکرٹری لجنہ اماء اللہ امریکہ بھی خدمت کی توفیق ملی۔ مرحومہ دینی علم حاصل کرنے کی لگن رکھتی تھیں اور خلافت احمدیہ اور جماعت کے ساتھ بہت وفا اور محبت کا تعلق تھا۔ مرحومہ بہت اچھے اخلاق کی حامل تھیں اور بہت محنت اور جذبہ کے ساتھ کام کرتی تھیں۔ مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں والدہ کے علاوہ ۲ بھائی شامل ہیں۔

-۹مکرمہ امۃ السمیع ہاشمی صاحبہ اہلیہ مکرم سید نصیر احمد صاحب(ربوہ )

۲۷؍اکتوبر۲۰۲۳ء کو۵۸؍سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ لجنہ میں گروپ لیڈر تھیں۔ بچیوں کو کو کنگ کلاس میں کھانے بنانا سکھاتی تھیں۔ خدمت خلق کا جذبہ نمایاں تھا۔ خلافت سے گہری عقیدت اور وفا کا تعلق تھا۔ اپنے گھرمیں اجلاس اور درس کرواتیں اور اس غرض کے لیے خوشی سے اپنا گھر پیش کیا کرتی تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔

اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button