جلسہ سالانہ

جماعت احمدیہ جارجیا کا پہلا جلسہ سالانہ

٭… حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

٭… پانچ علمی تقاریر ٭…جلسہ پر ۵۱؍ افراد کی شمولیت ٭…۸؍ممالک کی نمائندگی

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ جارجیا کا پہلا جلسہ سالانہ مورخہ ۹ و ۱۰؍جون ۲۰۲۳ء کو برکتوں کو سمیٹتے ہوئے منعقد ہوا۔ الحمدللہ۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اس موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام ہمیں موصول ہوا۔ اسی طرح جلسہ میں حضور انور کے نمائندہ محترم رانا خالد احمد صاحب انچارج رشین ڈیسک مرکزیہ شامل ہوئے۔

اس پہلے تاریخ ساز جلسہ سالانہ کے انتظامات کا آغاز افسر جلسہ سالانہ (مکرم جواد احمد بٹ صاحب ، صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ جارجیا) اور افسر جلسہ گاہ (خاکسار، مربی سلسلہ) کے تقرر سے ہوا جس کی منظوری پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ سے لی گئی ۔

مورخہ ۲۴؍اپریل کو ہماری پہلی میٹنگ برائے جلسہ سالانہ جارجیا زیر صدارت افسر صاحب جلسہ سالانہ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں درج ذیل شعبہ جات کے ناظمین مقرر کیے گئے:

ناظم ضیافت:مکرم وسیم احمد صاحب

نائب ناظم ضیافت: مکرم محمد اکرم صاحب

ناظم ٹرانسپورٹ: مکرم اطہر رانا صاحب

نائب ناظم ٹرانسپورٹ: مکرم حافظ عبد الباسط صاحب

ناظم رہائش: مکرم سفیر احمد ناصر صاحب

ناظم سوشل میڈیا: مکرم طلحہ طاہر صاحب

جلسہ سے قبل دو ماہ کے دورانیہ میں چھ میٹنگز منعقد ہوئیں جن میں تمام امور کا جائزہ لیا جاتا رہا۔ وقارعمل بھی جلسہ سے ایک ہفتہ قبل شروع ہوگیا تھا۔

جلسہ کے انعقاد کے لیے سب سے بڑا مرحلہ ایک مناسب ہال تلاش کر نا تھا جس کا انتظام مکرم صدر صاحب جارجیاکے ذریعہ سے ہوا۔ مناسب قیمت میں ایک ہوٹل میں دو ہال ملے جن میں ایک ہال خواتین کا تھا اور دوسرا ہال مردوں کا۔ ان دونوں ہالوں میں آڈیو اور ویڈیو سسٹم بھی مہیا کیا گیا تھا۔الحمد للہ

تقاریر کے موضوعات اور مقررین کا انتخاب بھی جلسہ سالانہ کے انعقاد میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ چنانچہ جلسہ کے پروگرام کو دو اجلاسات میں تقسیم کرنے کے بعد پہلے اجلاس میں تین مقررین اور دوسرے اجلاس میں دو مقررین کا انتخاب کیا گیا۔

پہلے اجلاس کی پہلی تقریر مکرم حافظ عبد الباسط صاحب، (بعنوان ہستی باری تعالیٰ سائنسی اور عقلی دلائل کی روشنی میں)، دوسری تقریر مکرم حافظ فرید احمد خالد صاحب، نیشنل سیکرٹری تبلیغ جماعت جرمنی (بعنوان خلافت خامسہ کے مبارک دور میں روس کے ممالک میں جماعت احمدیہ کی ترقی) اور تیسری تقریر خاکسار مربی سلسلہ جارجیا کی (بعنوان خطبات و ارشاداتِ امام تزکیہ نفس کا ذریعہ) تھی۔ جبکہ دوسرے اجلاس کے لیے مکرم صدر صاحب جماعت جارجیا نے (بعنوان اے میرے فلسفیو! زورِ دعا دیکھو تو) اور مکرم انچارج صاحب رشین ڈیسک مرکزیہ نے اختتامی تقریر کی۔ ان احباب اور تقاریر کے موضوعات کی منظوری پیارے آقا کی خدمت اقدس سے حاصل کرنے کے بعد مذکورہ احباب کو مدعو کیا گیا جسے انہوں نے بصد احترام قبول کیا۔

جلسہ سالانہ کا آغاز لوکل خطبہ جمعہ سے ہوا۔ نماز عصر کے بعد کھانا پیش ہوا، بعد ازاں جلسہ گاہ کی طرف سب روانہ ہوئے۔ حضور انور کا لائیو خطبہ جمعہ سننے کے بعد جلسہ کا آغاز دعا کے ساتھ ہوا۔بعد ازاں پہلا اجلاس مکرم انچارج صاحب رشین ڈیسک کی صدارت میں شروع ہوا۔

پہلا اجلاس: جماعتی روایت کے مطابق اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع اردو اور انگریزی ترجمہ سے ہوا اور پھر نظم بھی پیش کی گئی۔ بعد ازاں حضور انور کا خصوصی پیغام برموقع جلسہ سالانہ جارجیا مرکزی نمائندہ نے انگریزی زبان میں پڑھا۔

حضور انور کا خصوصی پیغام (اردو مفہوم)

مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ اپنا پہلا جلسہ سالانہ ۹و۱۰؍جون ۲۰۲۳ء کو منعقد کرنے جا رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بڑی کامیابی سے نوازے اور تمام شاملین کو اس مخصوص اور منفرد جلسہ میں شرکت کرنے سے بہت بڑی برکتیں حاصل ہوں۔

ہم گواہ ہیں کہ سال بہ سال، جماعت احمدیہ مسلمہ بہت دور تک پھیل گئی ہے اور یہ جلسہ جات پوری دنیا میں باقاعدگی کے ساتھ منعقد ہورہے ہیں۔ لہٰذا آپ بہت خوش قسمت ہیں کہ اب جارجیا بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جو جلسہ سالانہ کا انعقاد کرتے ہیں۔ یہ سب محض اللہ تعالیٰ کے فضل کی بدولت ہے جو ہمارا خالق ہے اور ہمیں اپنی دلی اور عاجزانہ شکرگزاری ادا کرنی چاہیے۔

آپ کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ جلسہ کا آغاز حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے خود اللہ تعالیٰ سے راہنمائی پاکر فرمایا تھا اور اس کا اصل مقصد احباب جماعت کی تعلیم و تربیت و اصلاح تھا۔ لہٰذا، جلسہ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے، دینی علم اور فہم میں ترقی کرنے، ہماری زندگیوں میں نیک تبدیلیاں لانے اور انہیں اپنے وجودوں میں چسپاں کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔ اس فانی دنیا کی خواہشات اور لہوولعب سے بچنا، باہمی محبت، پیار اور بھائی چارہ کے تعلقات کو بہتر کرنا، ان سب کاموں کو اپنی تمام تر صلاحیتوں اور قابلیتوں کے ساتھ پورا کرنے کی کوشش کرنا اور آخر کار ایک وعدہ کرنا کہ اسلام کے امن کے پیغام اور آنحضورﷺ کی خوبصورت تعلیم کو پوری دنیا میں پھیلایا جائے۔ یہ سب جلسہ سالانہ کے انعقاد کے مقاصد ہیں۔

اس حوالہ سے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا: ’’اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے…‘‘(اشتہار ۲۷ دسمبر ۱۸۹۲، مجموعہ اشتہارات، جلد اوّل، صفحہ ۳۶۰، ایڈیشن ۲۰۱۹ء)

اس لیے ہمیں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے ساتھ کیے گئے عہدِ وفا کو پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ یقیناً، ہمیں شرائط بیعت کو انتہائی عزم اور مکمل وفاداری کے ساتھ پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ رسول کریمﷺ کی پیشگوئیوں اور اللہ تعالیٰ کے وعدوں کے مطابق ہم واقعی ان لوگوں میں شمار ہو سکیں جو حضرت اقدس مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام کے مشن کے لیے سچے مددگار ہیں۔ اگر ہم ایسا نہ کرسکیں تو ہم میں اور دوسرے لوگوں میں کوئی فرق نہیں رہ جائے گا۔

بطور احمدی مسلمان آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ اپنے تمام اعمال و افعال میں ایک نمونہ بنیں اور ہر ایک سے نرمی، شفقت اور ہمدردی کے ساتھ پیش آئیں۔ آپ کو مستقل طور پر اپنا محاسبہ کرنا چاہیے اور اپنے اندر بہتری لانی چاہیے۔ اور یوں نیکی، ایمانداری، دیانتداری، زُہد اور سب سے اہم طور پر تقویٰ یعنی راستبازی کی اعلیٰ مثالیں قائم کرنی چاہئیں۔ کیونکہ یہ جماعت خود محض اسلام کی خدمت اور انسانیت کو اپنے خالق کو پہچاننے کی غر ض سے اللہ تعالیٰ کی طرف سے قائم کی گئی ہے۔

اسی طرح میں آپ کو یہ بھی نصیحت کرتا ہوں کہ ہمیشہ خلافت احمدیہ کے مبارک نظام کے ساتھ مضبوط تعلق بنائیں کیونکہ اسلام کے احیاء کا کام اور امن عالم کا قیام صرف نظام خلافت کے ساتھ وابستہ رہنے سے ہی مکمل ہو سکتا ہے۔ لہٰذا، آپ کو ہمیشہ اس الٰہی نظام کی حفاظت کرنی چاہیے اور یقینی بنائیں کہ آپ اور آپ کی آنے والی نسلیں ہمیشہ خلافت کی بابرکت ہدایت اور اس کے سایہ تلے رہتے چلے جائیں۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے شاملین جلسہ کے حق میں خود یہ دعا فرمائی ہے کہ

’’میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ ہر یک صاحب جو اس للّہی جلسہ کے لئے سفر اختیار کریں، خدا تعالیٰ اُن کے ساتھ ہو اور اُن کو اجر عظیم بخشے اور ان پر رحم کرے […]اے خدا اے ذوالمجد و العطا اور رحیم اور مشکل کشا یہ تمام دعائیں قبول کر اور ہمیں ہمارے مخالفوں پر روشن نشانوں کے ساتھ غلبہ عطا فرما کہ ہر یک قوت اور طاقت تجھ ہی کو ہے۔ آمین‘‘(اشتہار ۷ دسمبر ۱۸۹۱ء)

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی یہ دلی دعا ئیں آپ سب کے ساتھ ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ سالانہ کو عظیم کامیابی سے نوازے اور آپ بہترین احمدی مسلمان بننے کی کوشش میں آگے بڑھتے چلے جائیں تاکہ اسلام اور انسانیت کی خدمت تازہ روحانی جوش اور طاقت کے ساتھ بجا لاسکیں۔

اللہ تعالیٰ آپ پراپنی برکتیں برسائے۔

پہلے اجلاس میں پروگرام کے مطابق تین تقاریر ہوئیں اور تقاریر کے درمیان میں ایک مرتبہ جلسہ سالانہ کے بارہ ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی، جبکہ دوسری مرتبہ جماعت احمدیہ جارجیا کی ترقی ۲۰۱۸ء تا ۲۰۲۳ء کے بارے ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ یہ اجلاس دو گھنٹہ قال اللہ و قال الرسول سے احباب جماعت کے ایمانوں کو معطر کرنے کے بعد اپنے اختتام کو پہنچا۔

دوسرا اجلاس: دوسرے اجلاس کی صدارت مرکزی نمائندہ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم مع اردو و انگریزی ترجمہ اور نظم کے بعد صدر صاحب جماعت جارجیا نے تقریر کی۔ جس کے بعد صدر صاحب مجلس نے اختتامی تقریر کی۔ ان دونوں تقاریر کے درمیان ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس کا نام ہے:way of the seekers۔بعد ازاں جلسہ کے اختتام پر دعا کروائی۔

پہلے جلسہ سالانہ جارجیا کی کل حاضری ۵۱؍ تھی اور ۸؍ ممالک سے ۲۴؍ مہمانوں نے اپنی موجودگی سے جلسہ کو رونق افروز کیا۔ درج ذیل ممالک سے مہمان تشریف لائے تھے:ترکی، لٹویا، لیتھوانیا، سویڈن، فلسطین، یوکے، جرمنی اور بیلاروس۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر اور تشکر ہے کہ جلسہ کی ریکارڈنگ، تصاویر سوشل میڈیا میں شائع کرنے میں جماعت احمدیہ جرمنی کی شعبہ تبلیغ کی سوشل میڈیا ٹیم نے بہت فعال کام کیا۔ کھانا تیار کرنے والی ٹیم نے وسیم احمد صاحب کی زیر نگرانی بڑی محنت سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دی۔ اللہ تعالیٰ ان کو اس کی بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین

اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو جزائے خیر عطا فرمائے اور جلسہ کی تمام برکات سے نوازے اور تمام خدمت بجالانے والے کو اجر عظیم سے نوازے۔

قارئین کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسہ سالانہ کو جماعت جارجیا کی تعلیم و تربیت اور تبلیغ اسلام کے لیے ایک سنگ میل بنا دے۔ آمین

(رپورٹ: ہارون احمد عطاء۔ مربی سلسلہ جارجیا و افسر جلسہ گاہ)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button