نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۱؍فروری ۲۰۲۴ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ نسیم احمد آغا صاحبہ اہلیہ مکرم طلحہ احمد آغا صاحب (نیومالڈن یوکے۔ حال قطر) کی نمازِ جنازہ حاضر اور چھ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ نسیم احمد آغا صاحبہ اہلیہ مکرم طلحہ احمد آغا صاحب (نیومالڈن یوکے۔ حال قطر)

۱۷؍فروری ۲۰۲۴ء کو ۷۱؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت میاں محمد جمیل صاحب صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی اور مکرم ڈاکٹر عبد اللطیف صاحب آف سرگودھا کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ ۲۰۰۱ء میں یو کے آئیں۔ ابتدا میں ہی ان کو بطور معاونہ صدر لجنہ اور بعد میں کئی سال تک صدر لجنہ نیو مالڈن اور دیگر عہدوں پر خدمت بجالانے کی توفیق ملتی رہی۔ مرحومہ انتہائی نیک، دیندار، نماز اورروزہ کی پابند، بہت ملنسار، مہمان نواز اور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی ایک بزرگ خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

۱۔مکرم عبدا لخالق خان صاحب ابن مکرم چودھری عبدالقادر صاحب کاٹھگڑھی (کوبلنز۔جرمنی)

۲۵؍نومبر۲۰۲۳ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے مقامی جماعت کوبلنز کے شعبہ ضیافت میں خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، ایک ہمدرد،مخلص اور نیک انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔

۲۔مکرمہ امۃ الحفیظ صاحبہ اہلیہ مکرم رانا منیر احمد صاحب (مربی سلسلہ)

۱۱؍جنوری ۲۰۲۴ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم محمد جلال کھوسہ صاحب مرحوم کی بیٹی، مکرم ڈاکٹر مبشر احمد کھوسہ صاحب شہید آف میر پوخاص کی ہمشیرہ اور مکرم نصیر احمد شاہد صاحب مشنری انچارج فرانس کی بھانجی تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار، ہمدرد، غریب پرور، خوش اخلاق، مہمان نواز،مخلص اور نیک خاتون تھیں۔ خلافت سے عقیدت اور وفا کا گہراتعلق تھا۔ جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ بشیر آباد اسٹیٹ میں میاں کے ساتھ اکثر تبلیغ کے لیے جاتی تھیں۔ مٹھی میں بطور صدر لجنہ اور ربوہ میں محلہ دار العلوم جنوبی حلقہ احد میں لمبا عر صہ نائب صدر، سیکرٹری تربیت اور سیکرٹری خدمت خلق کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ چندہ جات اور صدقات میں ہمیشہ صف اوّل میں رہیں ۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

۳۔مکرمہ ریشم بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم نصیر احمد صاحب مرحوم (ربوہ)

۱۶؍جنوری۲۰۲۴ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ جماعتی پروگراموں میں تعاون کرتی تھیں۔ لجنہ کے بعض پروگرام اپنے گھر میں بھی کرواتی رہیں۔پنجوقتہ نمازوں کی پابند اور قرآن پاک کی تلاوت باقاعدگی سے کرنے والی نیک،مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ چندہ جات میں معیاری قربانی پیش کرنے والی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ مکرم مجیب احمد صاحب (نیشنل صدر و مبلغ انچارج مڈغاسکر) کی خوش دامن تھیں۔

۴۔مکرم محمد یوسف صاحب ابن مکرم محمد یعقوب عالم صاحب۔(تتلے ضلع گوجرانوالہ حال ربوہ )

۱۶؍جنوری ۲۰۲۴ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے جماعت تتلے عالی میں سیکرٹری مال، نائب صدر اور صدر جماعت کے علاوہ انصار اللہ کی ضلعی عاملہ میں بطور نگران حلقہ خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند،اپنوں اور غیروں کے لیے ہمدردی اور خدمت کا جذبہ رکھنے والے، مخلص، نیک اور باوفا انسان تھے۔ مربیان، معلمین اور عہدیداران کی بہت عزت ا ور احترام کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ مکرم حافظ محمد وقار یونس صاحب (شعبہ تخصص) کے تایا تھے۔

۵۔مکرمہ امینہ بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم بشیر احمد پٹواری صاحب (ربوہ)

۶؍فروری ۲۰۲۴ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت میاں جان محمد صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بھانجی تھیں۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار، خدمت خلق کےجذبہ سے سرشار ایک ہمدرد، مخلص اور نیک خاتون تھیں۔آپ کو خانقاہ ڈوگراں میں بطور صدر لجنہ خدمت کی توفیق ملی۔آپ کی تبلیغ سے ۳ گھر انے احمدی ہوئے۔ خلیفۃ المسیح کی طرف سے کوئی بھی چندہ کی تحریک ہوتی تو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں اوراپنی زندگی میں ہی اپنا حصہ وصیت ادا کردیا تھا۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم حفیظ احمد صاحب (مربی سلسلہ یوکے) کی نانی تھیں۔

۶۔مکرمہ فریدہ احمد کیئی (Kyei) صاحبہ اہلیہ مکرم مہدی داؤد صاحب (آف گھانا)

۲؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو ۳۳ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ احمد کیئی صاحب اور عائشہ کونادو صاحبہ (برطانیہ) کی بیٹی تھیں۔آپ کی بہن نعیمہ احمد صاحبہ برطانیہ میں PAAMA ویمن نارتھ ریجن کی نائب صدر کے طور پر خدمت کر رہی ہیں۔مرحومہ فومینا ٹی آئی احمدیہ ہائی سکول کی سابق سینئر گرلز پریفیکٹ تھیں اور کماسی،اشانتی ریجن کی جماعت نصرت آباد میں لجنہ اماءاللہ میں خدمت کرتی رہی ہیں۔ آپ کے شوہر نے گھانا میں جماعت کے ہیڈکوارٹر پر سیکیورٹی گارڈ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ اچھے اخلاق کی مالک، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ چندہ جات کی ادائیگی میں باقاعدہ تھیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button