اطلاعات و اعلانات

اطلاعات و اعلانات

نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں

درخواست دعا

٭…رانا سلطان احمد خاں صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی اہلیہ محترمہ نصرت جہاں بیگم صاحبہ مورخہ ۲۴؍فروری۲۰۲۴ء سے طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ میں داخل ہیں۔ کمزوری بہت زیادہ ہوگئی ہے۔ چلنے پھرنے سے بھی عاجز ہیں۔ فکرمندی کی کیفیت ہے۔

احباب جماعت احمدیہ عالمگیر سے دردمندانہ دعاؤں کی خصوصی درخواست ہے کہ مولا کریم محض اپنے فضل و کرم سے معجزانہ طور پر صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائےاور ہر قسم کی پیچیدگی سے محفوظ رکھے اور بچوں کے سروں پر والدہ محترمہ کا سایہ قائم رکھے۔ آمین ثم آمین

٭…رانا سلطان احمد خاں صاحب ہی تحریر کرتے ہیں کہ مکرم نوید محمود صاحب آج کل طاہر ہارٹ انسٹیٹیوٹ ربوہ میں داخل ہیں۔ مورخہ ۱۶؍مارچ۲۰۲۴ء کو ایک عدد سٹنٹ ڈالا گیا ہے۔ بلڈ پریشر بڑھتا گھٹتا رہتا ہے۔ حفاظتِ مرکز میں بطور رضاکار بھی ڈیوٹی کرتے رہے ہیں۔ طبیعت میں اب کچھ بہتری کے آثار ہیں۔

نیز مکرم مبارک احمد تنویر صاحب جو بیت المال آمد کے پرانے کارکن ہیں ان کے بھی سٹنٹ ڈالے گئے ہیں۔ فی الحال بیٹری لگائی گئی ہے۔ آپ کی طبیعت بہتری کی طرف مائل ہے۔

ہر دو مخلص خادمین سلسلہ کے لیے احباب جماعت احمدیہ عالمگیر کی خدمت میں دردمندانہ دعاؤں کی درخواست ہے۔ دعا کریں کہ مولا کریم صحت و تندرستی والی فعال زندگی عطا فرمائے اور ہر قسم کی پریشانی اور پیچیدگی سے محفوظ رکھے۔ مقبول خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

اعلانات ولادت

٭… عبدالنور صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ یہ اعلان بھیجتے ہیں کہ مکرمہ تابندہ بشریٰ صاحبہ زوجہ مکرم احتشام الحسن صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل و کرم سے ہمیں مورخہ۱۰؍مارچ ۲۰۲۴ء کو دوسرا بیٹا عطا فرمایا ہے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

بچہ کی پیدائش فضل عمر ہسپتال ربوہ میں ہوئی ہے۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نومولود کا نام ’’سلمان احمد‘‘ عطا فرمایا ہے اور بچہ خدا تعالیٰ کے فضل سے وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔ نومولود مکرم بشارت احمد صاحب اور مکرمہ عائشہ صدیقہ صاحبہ کا پوتا ہے اور مکرم منور احمد صاحب (مرحوم) اور محترمہ نسرین اختر صاحبہ کا نواسہ ہے۔

اس سے پہلے ایک بیٹا عزیزم عطاء المجیب ہے۔ وہ بھی خدا کے فضل سے وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہے۔

احباب جماعت کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ دونوں بچوں کو صحت و عافیت والی لمبی، فعال اور بامراد عمر عطا فرمائے۔ سعادت مند، صالح ، خادمِ دین اور والدین کے لیے آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے۔ آمین

٭… تاثیر بھٹی صاحب تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے خاکسار اور اہلیہ نجم السحر بھٹی صاحبہ آف جماعت فلاڈلفیا، امریکہ کو مورخہ ۲۸؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو ایک بیٹی کی نعمت سے نوازا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت بچی کا نام فرحانہ تاثیر عطا فرمایا ہے اور وقف نو کی بابرکت تحریک میں بھی شامل فرمایا ہے۔ نومولودہ مبشر بھٹی صاحب اور زاہدہ بھٹی صاحبہ کی پوتی اور صبغۃ اللہ صاحب اور رخسانہ روحی صاحبہ کی نواسی ہے۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولودہ کو والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک، خلافت کا سلطان نصیر اور مخلص خادمۂ دین بنائے۔ نیز صحت و تندرستی والی لمبی زندگی عطا فرمائے۔ آمین

سانحہ ارتحال

٭… محمد یٰسین خان تحریر کرتے ہیں کہ خاکسارکے خسر سیدجماعت علی شاہ صاحب سابق انسپکٹرمال آمد مورخہ ۷؍فروری ۲۰۲۴ء کو بوجہ علالت بقضائے الٰہی وفات پاگئے ہیں۔ انا للہ و انا الیہ راجعون

مرحوم نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۵۳؍ سال خدمت سلسلہ کی توفیق پائی۔ مرحوم کے والد محترم سید محمد حسین شاہ صاحب آف احمدنگر پہلے قادیان اور بعد ازاں ربوہ میں بطورکارکن دارالقضا خدمات بجا لاتے رہے۔

مرحوم کے چھوٹے بھائی سید حبیب اللہ شاہ صاحب مرحوم بھی تحریک جدید میں خدمات بجا لاتے رہے۔مرحوم کے ایک داماد سید منور احمد شاہ صاحب (مرحوم) دفتر مشیر قانونی تحریک جدید میں خدمت کی توفیق پاچکے ہیں۔ایک طرح سے مرحوم کا گھرانہ خدام سلسلہ پر مشتمل ہے۔

مرحوم کے سوگواران میں ایک بھائی سید نصیراحمد شاہ صاحب، بیوہ سیدہ محمود بیگم کے علاوہ چار بیٹے (۱) سید مبشر احمد شاہ صاحب اور سید بشارت احمد شاہ صاحب (ملائیشیا)، سید منصوراحمد شاہ صاحب کینیڈا، سید ریاض احمد شاہ صاحب، ۳؍بیٹیاں سیدہ بشریٰ طیبہ صاحبہ اہلیہ محمد یٰسین خان، سیدہ امۃالحئی صاحبہ بیوہ سید منور احمد شاہ صاحب ،عائشہ قندیل صاحبہ اہلیہ احسان اللہ شمس صاحب ہیں۔ انہوں نے ۲۴؍ نواسے نواسیاں اورپوتے پوتیاں اور ۹؍ پڑنواسے، پڑنواسیاں بھی سوگوار چھوڑے ہیں۔

مرحوم نماز و روزہ کے بہت پابند تھے۔ قرآن پاک سے عشق تھا اور بلاناغہ بلند آواز میں تلاوت قرآن کریم کرنا ان کا معمول تھا۔خلافت کے ساتھ بہت گہرا تعلق تھا۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے، سوگواران کو صبر جمیل، ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے اور مرحوم کی نیکیوں پر عمل کرنے اور انہیں زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button