ربوہ کا موسم(۲۲تا ۲۸؍مارچ ۲۰۲۴ء)
۲۲؍مارچ جمعۃ المبارک کے دن فجر کے وقت تو مطلع صاف تھا تاہم صبح سات بجے کے قریب کچھ دیر کے لیے بارش ہوئی جس سے مٹی بیٹھ گئی اور ٹھنڈ ی ہوا چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ہفتہ کے دن بھی آسمان صاف تھادوپہر کے وقت ہلکے بادلوں کی تہ آسمان پر چھا جانے سے دھوپ کی تیزی میں کچھ کمی آگئی ، ہلکی ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی ۔ ۲۳؍مارچ کو موسم خوشگوار تھا۔ اتوار کو سحری کے وقت بھی بارش ہورہی تھی جو فجر کی نماز کے بعد تک جاری رہی، باقی دن آسمان صاف تھا اور سورج خوب چمکتا رہا۔ سوموار کوبھی مطلع صاف تھا ، گرمی میں اضافہ ہوگیا، تاہم کبھی کبھار ہلکی ہوا چلتی رہی۔ منگل کو آسمان پر بادل چھائے ہوئے تھے، جنہوں نے سورج کو اپنے پیچھے چھپا لیا ۔ شام ہوتے ہوتے یہ بادل مزید گہرے ہوگئےہلکی ٹھنڈی ہوا بھی چل رہی تھی، موسم خوشگوار ہوگیا۔ بدھ کو صبح سے ہی گہرے بادلوں نے آسمان پر ڈیرے جمائے ہوئے تھے۔ صبح کے وقت کچھ دیر کے لیے موسلا دھار بارش ہوئی،شام تک بادل چھائے رہے۔ تیز اور ٹھنڈی ہوا سردی کو جاتے جاتے دوبارہ واپس لے آئی۔ روزے ٹھنڈے ہوجانے پر اہل ربوہ نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ جمعرات کا دن بھی خوب ٹھنڈا گزرا۔گہرے مٹیالے رنگ کے بادلوں کی دبیز تہ سارا دن آسمان پر چھائی رہی۔ دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی بارش بھی ہوتی رہی۔ اس پر مستزاد یہ کہ ٹھنڈی ہوا نے سردی بنا دی۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ۲۸؍ اور کم سے کم ۱۹؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ (ابو سدید)